[pullquote]کیمسٹری کا نوبیل انعام دو خواتین سائنسدانوں کے نام[/pullquote]
سوئیڈش اکیڈمی آف سائنسز نے اس سال کیمسٹری کا نوبل انعام دو خواتین سائنسدانوں کو دینے کا اعلان کیا ہے۔ فرانس کی ایمانویل شارپونٹیے اور امریکا کی جینیفر ڈاؤنا کو یہ انعام ان کی جینوم پر تحقیق کے سلسلے میں دیا گیا۔اپنے ردعمل میں فرانس کی ایمانویل شارپونٹیے نے کہا کہ یہ فیصلہ خواتین کو سائنس کی طرف راغب کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سائنس میں لوگوں کی دلچسپی عمومی طور پر کم ہو رہی ہے۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس فیصلے سے خواتین کو اعتماد ملے گا کہ وہ بھی سائنسی تحقیق میں خود کو منوا سکتی ہیں۔
[pullquote]نگورنو کاراباخ کا تنازعہ علاقائی جنگ میں بدل سکتا ہے، ایران[/pullquote]
ایران کے صدر حسن روحانی نے خبردار کیا ہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان لڑائی علاقائی جنگ میں بدل سکتی ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ وہ فریقین کے درمیان جنگ بندی کی کوششیں کر رہا ہے تاہم شام اور لیبیا سے جنگجوؤں کا نگورنو کاراباخ جانا ناقابل قبول ہے۔ پڑوسی ملکوں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان دس روز سے جاری جھڑپوں میں عام شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ فریقین کی طرف سے شیلنگ اور میزائل داغنے کے نتیجے میں 300 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
[pullquote]کرغزستان میں وزیراعظم سمیت کئی وزرا مستعفی[/pullquote]
کرغزستان میں وزیراعظم کُبتبیک بوروناف سمیت کئی حکومتی وزرا مستعفی ہو گئے ہیں۔ دارالحکومت بشکیک میں حکومت مخالف مظاہرین نے پارلیمان سمیت شہر کی کئی اہم عمارتوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ اپوزیشن کا صدر سورن بائے جین بیکوف پر الزام ہے کہ انہوں نے اتوار کے انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے اپنی من پسند پارٹیوں کو الیکشن جتوایا۔ عوامی مظاہروں کے بعد منگل کو حکام نے اس الیکشن کو کالعدم قرار دے دیا۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ صدر جین بیکوف اقتدار چھوڑ دیں اور ملک میں نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔
[pullquote]ایمازون، گوگل، ایپل اور فیس بک کسی کو جوابدہ نہیں، رپورٹ[/pullquote]
امریکی کانگریس کے ایوان نمائندگان کی ایک کمیٹی نے دنیا کی چار بڑی آئی ٹی کمپنیوں پر ہائی ٹیک انڈسٹری میں اپنی اجارہ داری قائم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ پندرہ ماہ کی تفتیش کے بعد جاری کی گئی ہاؤس جوڈیشری کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایمازون، گوگل، ایپل اور فیس بک کی طاقت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے لیکن یہ کمپنیاں بظاہر کسی کو جوابدہ نہیں۔ 449 صفحات پر مبنی اس رپورٹ میں حکومت سے سفارش کی گئی ہے کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں مسابقت کو فروغ دینے کے لیے ان بڑی کمپنیوں کی تنظیمِ نو اور ان کے کاروبار کو ریگولیٹ کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔ امریکا میں بیشتر ڈیموکریٹک ارکان بڑی ہائی ٹیک کمپنیوں کو ضابطوں کے تحت لانے کے حامی ہیں تاہم ریبپلکن ارکان عمومی طور پر اس کے خلاف ہیں۔
[pullquote]امریکا میں کورونا ویکسن نومبر کے الیکشن سے پہلے ممکن نہیں ہوگی[/pullquote]
امریکا میں خوراک اور ادویات سے متعلق وفاقی ادارے، ایف ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ کورنا وائرس کی ممکنہ ویکسین کی مارکیٹ میں دستیابی میں کم از کم مزید دو ماہ لگیں گے۔ امریکی ادارے کا یہ واضح موقف ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ بارہا یہ تاثر دے چکے ہیں کہ کورونا کا علاج تین نومبر کے صدارتی الیکشن سے پہلے دستیاب ہو جائے گا۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس ویکسین کے لیے مزید دو ماہ انتظار کرنے کے حق میں نہیں اور حکومت کی خواہش ہے کہ اسے جلد از جلد مارکیٹ میں لایا جائے۔ امریکا میں صحت کے ماہرین نے ایف ڈی اے کے محتاط موقف کو سراہا تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
[pullquote]چین کے بارے میں منفی رائے میں اضافہ، عالمی سروے[/pullquote]
دنیا کے 14 ترقی یافتہ ممالک میں رائے عامہ کے ایک تازہ جائزے کے مطابق پچھلے ایک برس کے دوران دنیا میں چین کا تاثر خاصا خراب ہوا ہے۔ امریکی ادارے پیو ریسرچ سینٹرکے اس سروے کے مطابق 61 فیصد لوگوں کی رائے ہے کہ چین کورونا وبا سے نامناسب طریقے سے نمٹا تاہم 37 فیصد لوگوں نے کہا کہ چین نے اچھا کام کیا۔ یہ سروے 10جون سے تین اگست کے درمیان کیا گیا۔ سروے میں شامل ممالک میں آسٹریلیا، امریکا اور برطانیہ میں چین کا تاثر نمایاں حد تک خراب ہوا ہے۔ سروے میں شامل 14 ہزار سے زائد لوگوں میں سے 78 فیصد نے بین الاقوامی معاملات میں چین کے صدر شی جِن پنگ کے اقدامات پرعدم اعتماد ظاہر کیا۔
[pullquote]جرمنی ہماری جدوجہد میں مدد کرے، بیلاروس کی اپوزیشن رہنما[/pullquote]
بیلاروس کی جلاوطن اپوزیشن رہنما سویٹلانا ٹیخانوسکایا نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے اپیل کی ہے کہ وہ بیلاروس میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ منگل کو برلن میں جرمن چانسلر سے ملاقات کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ بیلاروس کے عوام کی جمہوری جدوجہد کی حمایت پر جرمنی کے عوام اور ان کی سیاسی قیادت کی شکر گزار ہیں۔ سویٹلانا ٹیخانوسکایا بیلاروس میں نو اگست کے انتخابات میں صدرالیکسزانڈر لوکاشینکو کے مدمقابل اپوزیشن کی امیدوار تھیں۔ اس الیکشن میں دھاندلی کے خلاف عوامی مظاہروں کو کچلنے کی کوششوں کے بعد انہیں جان بچا کر ملک سے نکلنا پڑا تھا۔