جمعہ : 10 اکتوبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اس سال کا نوبل امن انعام اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے نام[/pullquote]

اس سال کا نوبل امن انعام اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کو ديا گيا ہے۔ نوبل کميٹی کی جانب سے اس بارے ميں اعلان آج اوسلو ميں کيا گيا۔ يہ ادارہ دنيا بھر ميں بھوک کے خاتمے کے ليے متحرک ہے۔ رواں سال کے نوبل امن انعام کے ليے مجموعی طور پر 318 نامزدگیاں سامنے آئی تھيں، جن ميں 107 تنظميں اور 211 افراد شامل تھے۔ اس ہفتے پہلے ہی فزکس، کيمسٹری اور لٹريچر کے نوبل انعامات کا اعلان کيا جا چکا ہے جبکہ اکنامکس کے انعام کا اعلان آئندہ پير کو کيا جائے گا۔ نوبل انعام کے ساتھ ایک ملین سویڈش کرونے کا نقد انعام بھی دیا جاتا ہے۔

[pullquote]آرمينيا اور آذربائيجان بات چيت پر راضی[/pullquote]

آرمينيا اور آذربائيجان نگورنو کاراباخ ميں مسلح جھڑپوں کو بات چيت کے ذريعے ختم کرنے پر راضی ہو گئے ہيں۔ روسی وزارت خارجہ نے تصديق کی ہے کہ دونوں ممالک کے سينیئر سفارت کار ماسکو ميں مذاکراتی عمل ميں شريک ہوں گے۔ روسی صدر ولاديمير پوٹن نے جمعرات کی شب جنگ بندی کی اپيل کرتے ہوئے ان مذاکرات کا کہا تھا۔ دريں اثناء نگورنو کاراباخ ميں جھڑپيں آج جمعے کو بھی جاری ہيں۔ پچھلے ماہ کے اواخر ميں نگارنو کاراباخ کے متنازعہ خطے ميں آرمينيا اور آذربائيجان کی افواج کے درميان جھڑپيں شروع ہوئی تھيں، جن ميں اب تک چار سو سے زيادہ افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔

[pullquote]مالی: معمر فرانسيسی امدادی کارکن رہا[/pullquote]

پچھتر سالہ فرانسيسی امدادی کارکن صوفی پيٹرونن کو مالی ميں انتہا پسندوں نے رہا کر ديا ہے اور وہ اپنے ملک روانہ ہو گئی ہيں۔ صدر ايمانویل ماکروں ان کا استقبال کريں گے۔ پيٹرونن کو مالی کے ايک اعلی سياستدان اور دو اطالوی شہريوں کے ساتھ جمعرات کی رات رہا کيا گيا تھا۔ صوفی پيٹرونن کو دسمبر سن 2016 ميں مالی کے شہر گاؤ کے قريب سے جہاديوں نے اغواء کر ليا تھا۔

[pullquote]ٹرمپ کورونا کے بعد انتخابی مہم دوبارہ شروع کرنے کی تياری ميں[/pullquote]

کورونا کے علاج کے بعد امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی انتخابات کے ليے اپنی انتخابی مہم دوبارہ شروع کرنے کی تياريوں ميں مصروف ہيں۔ آج جمعے کو وہ ايک ورچوئل ريلی ميں شرکت کر رہے ہيں جب کہ ان کے معالج نے کہہ رکھا ہے کہ ٹرمپ ہفتہ دس اکتوبر سے تمام تقاريب ميں معمول کے مطابق شرکت کر سکتے ہيں۔ واضح رہے کہ بيماريوں کی روک تھام سے متعلق امريکی ادارہ کوِوڈ انيس کی تشخيص کے بعد 20 دن قرنطينہ ميں رہنے کی ہدايت ديتا ہے۔ ٹرمپ ميں نئے کورونا وائرس کی تشخيص دو اکتوبر کو ہوئی تھی، جس کے بعد وہ تين دن ايک ہسپتال ميں زير علاج بھی رہے۔ اپوزيشن ان کے طرز عمل کو تنقيد کا نشانہ بناتی رہی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس: تقريباً ساڑھے پچيس ملين افراد صحت ياب[/pullquote]

دنيا بھر ميں نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد 36.51 ملين سے تجاوز کر گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 لاکھ 61 ہزار سے بھی زيادہ ہے۔ سب سے زيادہ متاثرہ ممالک بالترتيب امريکا، بھارت اور برازيل ہيں۔ امريکا کی جانز ہاپکنز يونيورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک تقريباً 25.5 ملين افراد اس بيماری سے صحت ياب بھی ہو چکے ہيں۔

[pullquote]افغانستان سے امريکی فوج کا قبل از وقت انخلاء منفی ثابت ہو گا، عبداللہ عبداللہ[/pullquote]

افغانستان ميں اعلٰی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ امريکی فوجی دستوں کے قبل از وقت انخلاء کا منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے يہ بيان امريکی صدر کے اس بيان کے رد عمل ميں ديا، جس ميں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ افغانستان ميں بقيہ امريکی دستوں کو کرسمس سے قبل واپس بلايا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب افغان طالبان نے اس پيشرفت کا خير مقدم کيا ہے۔ نيٹو کے سيکرٹری جنرل ژينس اشٹولٹن برگ نے اس ضمن ميں کہا کہ افغانستان سے غير ملکی فوجيوں کے انخلاء کے بارے ميں حتمی فيصلہ فوجی اتحاد کو مل کر کرنا چاہيے۔

[pullquote]ايرانی وزير خارجہ چين کے دورے پر[/pullquote]

ايرانی وزير خارجہ آج چين کا دورہ کر رہے ہيں۔ چينی وزارت خارجہ نے تصديق کی کہ محمد جواد ظريف چينی وزير خارجہ کی دعوت پر بيجنگ پہنچ رہے ہيں۔ يہ پيش رفت امريکا کی جانب سے ايرانی بينکنگ سيکٹر پر تازہ پابنديوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ واشنگٹن حکومت نے گزشتہ روز 18 ايرانی بينکوں پر پابندی عائد کی، جس کی يورپی يونين سميت بيشتر ممالک نے مخالفت کی ہے۔ تازہ پابنديوں کے نتيجے ميں ايسے تمام بينک بھی پابندی کے زمرے ميں آ سکتے ہيں جو مذکورہ ايرانی بينکوں کے ساتھ کاروبار کريں۔ بين الاقوامی برادری نے ان تازہ امريکی پابنديوں کی مخالفت کرنے کا کہا ہے۔

[pullquote]ہالے حملے کا ايک سال، شہر ميں يادگاری تقاريب[/pullquote]

جرمنی کے مشرقی شہر ہالے ميں ايک يہودی عبادت گاہ پر حملے کو آج ايک سال ہو گيا ہے۔ اس موقع پر ہالے ميں آج يادگاری تقاريب جاری ہيں۔ مرکزی تقريب ميں جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر اور جرمنی ميں يہودی برادری کے سربراہ کی شرکت متوقع ہے۔ مقامی وقت کے مطابق بارہ بج کر ايک منٹ پر ايک منٹ کی خاموشی اختيار کی جائے گی۔ يہ عين وہی وقت ہے جب پچھلے سال ايک دائيں بازو کے انتہا پسند نے ایک یہودی عبادت گاہ پہنچنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کی تھی۔ اس کی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔ آج کی تقاريب سامیت دشمنی کے خلاف بھی ہيں۔

[pullquote]لڑکیوں کی تعلیم، میگھن اور ہیری ملالہ کے ساتھ[/pullquote]

برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی بیوی میگھن مارکل نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے ساتھ مل کر کورونا کی وبا کے سبب لڑکیوں کی تعلیم کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے ایک ویڈیو چیٹ میں شریک ہو رہے ہیں۔ برطانوی شاہی جوڑے کے ساتھ یہ ویڈیو چیٹ ملالہ یوسف زئی کے یوٹیوب چینل ’ملالہ فنڈ‘ اور اس کی ویب سائٹ پر اتوار 11 اکتوبر کو لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی جائے گی۔ پاکستانی وادی سوات سے تعلق رکھنے والی ملالہ یوسف زئی کو لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے آواز بلند کرنے پر پاکستان میں طالبان کی طرف سے فائرنگ کر کے ہلاک کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ انہیں 2014ء میں نوبل امن انعام سے نوازا گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے