پیر: 12 اکتوبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران کو ہتھیاروں کی فروخت کے معاملے پر امریکا ’تاریخی شکست‘ قریب ہے، تہران[/pullquote]

ایران نے کہا ہے کہ امریکا، ایران کو ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی کے حوالے سے ’تاریخی شکست‘ کے قریب ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا کہ جلد امریکا کی تاریخی شکست سامنے آ جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ امریکا اس قدر بھی طاقت ور نہیں جتنا وہ دعویٰ کرتا ہے۔ خطیب زادہ نے امریکا کی طرف سے ایرانی بینکوں پر لگائی گئی تازہ پابندیوں کی بھی مذمت کی۔ واشنگٹن حکومت اگست میں ایران کے خلاف پابندیوں کی مدت میں اضافے کے معاملے پر سلامتی کونسل کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہا تھا۔

[pullquote]بنگلہ دیش میں جنسی زیادتی کے مجرموں کے لیے سزائے موت کا اعلان[/pullquote]

بنگلہ دیش نے ریپ یا جنسی زیادتی کے مجرموں کے لیے سزائے موت مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کی طرف سے یہ اعلان جنسی زیادتی کے کئی واقعات کے بعد شروع ہونے والے کئی روزہ مظاہروں کے بعد کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیشی وزیر اعظم کو خود اپنی پارٹی کے اندر سے بھی اس حوالے سے دباؤ کا سامنا تھا۔ ڈھاکا میں ایک میٹنگ کے بعد ان کی حکومت نے سزائے موت لاگو کرنے کا اعلان کیا۔ بنگلہ دیشی وزیر انصاف انیس الحق کے مطابق یہ قانون منگل 13 اکتوبر کو صدر کی جانب سے جاری کر دیا جائے گا۔

[pullquote]جرمنی میں مزید کئی شہر کورونا ’ہاٹ اسپاٹ‘ قرار دے دیے گئے[/pullquote]

جرمنی میں کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد کے باعث مزید کئی شہروں کو کورونا ’ہاٹ اسپاٹ‘ قرار دے دیا گیا ہے۔ کولون، اشٹٹ گارٹ، ایسن، مائنز، ڈوئسبرگ اور میونخ اس فہرست میں شامل ہونے والے نئے شہر ہیں۔ کورونا ’ہاٹ اسپاٹ‘ ان شہروں یا علاقوں کو قرار دیا جاتا ہے، جہاں ہر ایک لاکھ کی آبادی پر مسلسل سات دنوں تک روزانہ 50 نئے کیسز سامنے آئیں۔ برلن، فرینکفرٹ اور بریمن جیسے کئی بڑے شہر پہلے ہی اس فہرست ميں شامل تھے۔ کئی جرمن ریاستوں نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا سے متعلق قواعد کی پابندی کریں۔ جرمن وزیر اقتصاديات پیٹر آلٹمائر نے نئے لاک ڈاؤن کے امکان کو فی الحال رد کیا ہے۔

[pullquote]ترکی کا مشرقی بحیرہ روم میں دوبارہ گیس کی تلاش کے ليے مہم بھیجنے کا فیصلہ[/pullquote]

یونان کے ساتھ تنازعے کے باوجود ترکی نے بحیرہ روم کے مشرقی حصے میں ایک تحقیقی مشن بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گیس کی تلاش کرنے والا ’اورِک رائس‘ نامی بحری جہاز یونانی جزیرے کاستیلورائزو کے جنوبی پانیوں میں گیس کی تلاش کا کام کرے گا جبکہ دو دیگر بحری جہاز بھی اس کے ساتھ ہوں گے۔ یونان کاستیلورائزو کے ارد گرد کے پانیوں پر اپنا حق جماتا ہے جبکہ ترکی اسے تسلیم نہیں کرتا۔ ترکی کا نیا تحقیقی مشن انقرہ اور ایھنز کے درمیان موجود تنازعے میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

[pullquote]تاجکستان کے صدر انتخابات کے فاتح[/pullquote]

تاجکستان کے صدر امام علی رحمان صدارتی انتخابات میں 90 فیصد سے زائد ووٹ لے کر سرفہرست ہیں۔ سابق سوویت ریاست تاجکستان کے الیکشن کمیشن کے مطابق اتوار کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق حق رائے دہی استعمال کرنے والے 90.9 فیصد عوام نے امام علی رحمان کے حق میں ووٹ دیا۔ ٹرن آؤٹ 85 فیصد رہا۔ تازہ کامیابی نے علی رحمان کے اقتدار کے تین دہائیوں سے زائد عرصے تک جاری رہنے کا امکان پیدا کر دیا ہے۔ وہ 1992ء سے تاجکستان میں حکمران ہیں۔

[pullquote]معاشیات کا نوبل انعام دو امریکی ماہرین معاشیات کے نام[/pullquote]

اس سال معاشیات کا نوبل انعام دو امریکی ماہرین معاشیات پال مِلگروم اور رابرٹ وِلسن کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان ماہرین کو یہ انعام کمرشل آکشن یا تجارتی نیلامی کے حوالے سے ان کے کام پر دیا گیا ہے۔ اسٹاک ہوم کی نوبل کمیٹی کے مطابق ان ماہرین معیشت کو ’’آکشن تھیوری میں بہتری اور آکشن یا نیلامی کے نئے طریقوں کی تلاش‘‘ پر اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ نوبل انعام کے ساتھ ایک ملین کرونے کی نقد رقم بھی اس اعزاز کو جیتنے والوں کو دی جاتی ہے۔

[pullquote]بھارت میں کورونا انفیکشنز کی تعداد 7.12 ملین سے بڑھ گئی[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 7.12 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 66,732 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اس دوران کووڈ انیس کے سبب ہونے والی نئی ہلاکتوں کی تعداد 813 رہی۔ اس طرح یہ وائرس بھارت میں اب تک 109,150 افراد کی جان لے چکا ہے۔ بھارت امریکا کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 37.782 ملین ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 10 لاکھ 77 ہزار کے قریب ہے۔

[pullquote]ٹوئٹر نے ٹرمپ کے پیغام پر انتباہ لگا دیا[/pullquote]

مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئیٹر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک پیغام کو ’گمراہ کن اور ممکنہ طور پر خطرناک غلط معلومات‘ کا انتباہ جاری کرتے ہوئے اسے ٹائم لائن سے چھپا دیا۔ تاہم اس انتباہ پر کلک کرنے کے بعد ٹرمپ کا پیغام دیکھا جا سکتا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس ٹوئیٹ میں دعویٰ کیا کہ اب ان میں کورونا وائرس کے خلاف ’مدافعت‘ پیدا ہو گئی ہے۔ تاہم طبی طور پر ابھی تک يہ ثابت نہیں ہو سکا ہے کہ کورونا سے متاثر اور صحت یاب ہونے کے بعد کوئی شخص کتنے عرصے تک اس وبائی مرض کو کسی دوسرے شخص تک پھیلانے کا سبب نہیں بنتا۔

[pullquote]نگورنو کاراباخ میں جنگی بندی کی خلاف ورزی پر یورپی یونین کی تشویش[/pullquote]

یورپی یونین نے نگورنو کاراباخ میں فوجی جھڑپیں دوبارہ شروع ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ یوزیپ بوریل نے کہا کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کو اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے مِنسک گروپ کے تحت بلا تاخیر بات چیت شروع کرنی چاہیے۔ مِنسک گروپ کے تحت آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان نگورنو کاراباخ تنازعے کا ایک دیرپا حل تلاش کرنے کے لیے فرانس، روس اور امریکا کی قیادت میں کوئی ایک دہائی قبل مذاکراتی عمل شروع کیا گیا تھا۔ آرمینیا اور آذربائیجان نگورنو کاراباخ میں فائربندی کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ایک دوسرے کو ٹھہرا رہے ہیں۔

[pullquote]برطانیہ کی بریگزٹ کے معاملے پر جرمنی سے مدد کی اپیل[/pullquote]

برطانیہ نے بریگزٹ معاہدے سے متعلق مذاکرات کے حوالے سے جرمنی سے مدد کی اپیل کی ہے۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے گزشتہ روز جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے فون پر بات کرتے ہوئے ان ’اہم اختلافات‘ پر تبادلہ خیال کیا، جو برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین ہونے والے اس معاہدے میں اب بھی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ اس بات چیت کے بعد برطانوی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر جلد کوئی پیش رفت بہت ضروری ہے۔ بیان کے مطابق برطانوی وزیر اعظم نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے درخواست کی ہے کہ معاہدے کے لیے بات چیت میں جو بھی رکاوٹیں ہیں ان کے حل کے لیے جرمنی کوشش کرے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے