منگل : 13 اکتوبر 2020 کی ایم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ترکی بحیرہ روم میں ’اشتعال انگیزی‘ سے باز رہے، جرمنی[/pullquote]

جرمنی نے ترکی کو متنبہ کیا ہے کہ وہ بحیرہ روم میں ’اشتعال انگیزی اور کشیدہ تعلقات کے چکر‘ سے اجتناب کرے۔ یہ بات انقرہ حکومت کی طرف سے اپنا ایک تحقیقی بحری جہاز بحیرہ روم کے متنازعہ پانیوں میں گیس کی تلاش کے لیے دوبارہ بھیجنے کے فیصلے کے تناظر میں کی گئی ہے۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے قبرص اور یونان کے اپنے دورے کے موقع پر کہا کہ ترکی کے تازہ اقدام سے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔ انقرہ حکومت نے گزشتہ روز ’اورِک رائس‘ نامی تحقیقی بحری جہاز کو یونانی جزیرے کاستیلورائزو کے جنوبی پانیوں میں گیس کی تلاش کے لیے بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]ايشيا قدرتی آفات سے سب سے زيادہ متاثرہ براعظم[/pullquote]

اقوام متحدہ نے اپنی ايک تازہ رپورٹ ميں يہ انکشاف کيا ہے کہ گزشتہ 20 برسوں کے دوران قدرتی آفات کی تعداد اس سے پہلے کی دو دہائیوں کے مقابلے میں دوگنا ہو گئی ہے۔ قدرتی آفات پر نگاہ رکھنے والے ‘ڈيزاسٹر رسک ریڈکشن‘ کے دفتر سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سن 2000 سے لے کر سن 2019 تک 7,348 قدرتی آفات ريکارڈ کی گئيں۔ جبکہ سن 1980 سے لے کر سن 1999 تک 4,212 قدرتی آفات ريکارڈ کی گئی تھیں۔ قدرتی آفات میں اس اضافے کی وجہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]لبنان اور اسرائيل کے درمیان مذاکرات کا بدھ سے آغاز[/pullquote]

لبنان اور اسرائيل بحيرہ روم کے گيس سے مالا مال سمندری علاقے کے حوالے سے موجود ديرينہ تنازعے کے حل کے ليے بدھ چودہ اکتوبر سے مذاکرات شروع کر رہے ہيں۔ حالانکہ یہ دونوں ممالک بظاہر حالت جنگ ميں ہيں۔ يہ مذاکرات جنوبی لبنان ميں تعينات اقوام متحدہ کے امن دستوں کی ميزبانی ميں ہو رہے ہيں۔ مذاکرات اقوام متحدہ کی فورس UNIFIL کے اڈے پر ہو رہے ہيں۔ بائيس سال تک قابض رہنے کے بعد اسرائيلی افواج سن 2000 ميں جنوبی لبنان کے اس علاقے سے پيچھے ہٹ گئی تھيں۔ تب سے اقوام متحدہ کے امن دستے اس علاقے ميں تعينات ہيں۔

[pullquote]جرمنی میں دو نوجوان بھائی ٹرین کی زد میں آ کر مارے گئے[/pullquote]

جرمنی میں ایک ٹرین حادثے کے نتیجے میں دو نوجوان بھائی مارے گئے ہیں۔ 13 اور 17 سالہ یہ دونوں بھائی بظاہر ریلوے ٹریک پھلانگ کر اپنی مطلوبہ ٹرین پکڑنے کی کوشش میں تھے کہ اس ٹریک پر آنے والی دوسری ٹرین کی زد میں آ گئے۔ یہ واقعہ میونخ شہر کے شمال مشرق میں واقع برکبرگ اسٹیشن کے باہر پیش آیا جہاں ٹرینوں کی آمد کے باعث ریلوے پھاٹک بند تھا۔یہ دونوں بھائی اس ٹرین کو پکڑنے کے کوشش میں تھے جو پلیٹ فارم پر پہلے سے ہی موجود تھی۔

[pullquote]ٹرمپ کورونا انفیکشن سے آزاد ہو گئے ہیں، ذاتی معالج[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متعدد مرتبہ کورونا وائرس ٹیسٹ کا منفی نتیجہ آ چکا ہے۔ یہ بات ٹرمپ کے ذاتی معالج شان کونلی نے کہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام تر ڈیٹا سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ وہ اب کسی اور کو یہ انفیکشن لگانے کی وجہ نہیں بن سکتے۔ ڈاکٹر کے اس بیان کے بعد ٹرمپ فلوریڈا میں اپنی انتخابی مہم کے حوالے سے ہونے والے ایک ایونٹ میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ بہت اچھا اور خود کو بہت مضبوط محسوس کر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے وہاں بھی چہرے کا ماسک نہیں پہن رکھا تھا۔

[pullquote]بھارت میں وسط اگست کے بعد سے ایک دن میں نئے کورونا کیسز کی کم ترین تعداد[/pullquote]

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 55,342 نئے کیسز سامنے آئے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق وسط اگست کے بعد سے کسی ایک دن کے دوران سامنے آنے والے نئے کیسز کی یہ سب سے کم تعداد ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے سبب ہونے والی نئی ہلاکتوں کی تعداد 706 رہی جس سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 109,856 تک پہنچ گئی ہے۔ بھارت امریکا کے بعد کورونا سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں کورونا وبا کے آغاز سے اب تک 7.18 ملین افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]افغانستان سے فوجی انخلاء کے لیے امریکا کی اب ایک نئی شرط[/pullquote]

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ایک اعلٰی فوجی افسر نے کہا ہے کہ افغانستان سے مزید امریکی فوجیوں کی واپسی کا انحصار تشدد میں کمی اور طالبان کے ساتھ فروری میں طے شدہ دیگر شرائط پرعملدرآمد پر ہوگا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے خواہش کا اظہار کیا تھا کہ امریکی افواج کرسمس تک افغانستان سے واپس لوٹ آئیں۔ تاہم امریکی جوائنٹ چیف آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل مارک ملی نے گزشتہ روز کہا کہ افغانستان سے بقیہ 4500 امریکی فوجیوں کے انخلاء کا انحصار طالبان کے حملوں میں کمی آنے اور کابل حکومت کے ساتھ امن مذاکرات ميں پيش رفت پر ہو گا۔

[pullquote]بیماری کے پھیلاؤ کے ذریعے ہرڈ امیونٹی غیر اخلاقی عمل ہے، عالمی ادارہ صحت[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف مدافعت پیدا کرنے کے لیے ہرڈ امیونٹی کی کوشش ایک غیر اخلاقی عمل ہے۔ ڈبليو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانم نے جنیوا میں کہا کہ لوگوں میں قوت مدافعت پیدا کرنے کے لیے اس وائرس کو بلا روک ٹوک پھیلنے دینا نا صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ یہ سائنسی اعتبار سے بھی دقت طلب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف بھی ہرڈ امیونٹی، پولیو اور خسرے کی طرح ویکسینیشن کے ذریعے حاصل کی جانا چاہیے نہ کہ انفیکشن کے ذریعے۔

[pullquote]جانسن اینڈ جانسن نے بھی کورونا ویکسین کی آزمائش روک دی[/pullquote]

معروف دوا ساز کمپنی جانسن اینڈ جانسن نے کورونا وائرس کی ویکسین کی آزمائش کا سلسلہ روک دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق جن افراد پر اس ویکسین کی آزمائش کی جا رہی تھی ان میں سے ایک میں ایک نامعلوم بیماری پائے جانے کی وجہ سے اس ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ آزاد ڈیٹا اور سیفٹی مانیٹرنگ بورڈ اور کمپنی کے کلینیکل ایکسپرٹ اس بیماری کا تجزیہ کر رہے ہیں۔ جانسن اینڈ جانسن کے مطابق ویکسین کی آزمائش میں ہزاروں افراد شامل ہیں اور اس سطح پر عارضی طور پر تجرباتی عمل کو روکنا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔ کمپنی نے اس سلسلے میں کوئی مزید تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔

[pullquote]اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پروازیں جنوری تک مؤخر[/pullquote]

اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان براہ راست پروازیں جن کا آغاز اکتوبر میں ہونا تھا اب جنوری تک مؤخر کر دی گئی ہیں۔ ایک اسرائیلی اہلکار کے مطابق اس فیصلے کی وجہ کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورت حال ہے۔ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے اس حوالے سے ایک معاہدے پر دستخط گزشتہ ماہ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں کیے تھے۔ اسرائیل ان دنوں کورونا وبا کی دوسری لہر کا مقابلہ کر رہا ہے جہاں فی ہزار انفکیشنز کی شرح دنیا کی بلند ترین شرحوں میں سے ایک ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے