[pullquote]بھارت کے جنوبی حصے میں بارشوں اور ایک مکان گرنے کے سبب کم از کم 15 افراد ہلاک[/pullquote]
بھارت کے جنوبی حصے میں ریکارڈ بارشوں اور سیلاب کے سبب کم از کم 15 افراد مارے گئے ہیں۔ حیدرآباد کے پولیس کمشنر کے مطابق اس شہر میں بارشوں کے سبب کئی گھر گر گئے۔ ریاست تلنگانہ میں بارشوں سے جڑے دیگر حادثات کے سبب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 15 افراد مارے گئے ہیں۔ سیلاب کے سبب حیدرآباد ایئر پورٹ کو شہر سے ملانے والی سڑک کا کچھ حصہ بھی بہہ گیا۔ رواں برس جون سے اب تک سیلاب اور شدید بارشوں کے سبب بھارت، بنگلہ دیش اور نیپال میں 550 سے زائد افراد مارے گئے ہیں جبکہ کئی ملین بے گھر ہو چکے ہیں۔
[pullquote]کورونا وائرس: جرمنی میں اپریل کے بعد پہلی مرتبہ ايک دن ميں پانچ ہزار کیسز[/pullquote]
جرمنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانچ ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ رواں برس اپریل کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ جرمنی میں کسی ایک دن میں اتنی بڑی تعداد میں نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جرمنی میں متعدی امراض پر تحقیق کے ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹوٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5,132 نئے کیسز سامنے آئے جو ایک دن قبل کے مقابلے میں ایک ہزار زائد ہیں۔ جرمنی میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والوں کی کُل تعداد 334,585 ہے جبکہ اموات کی تعداد 9,677 ہے۔
[pullquote]آذربائیجان پورے نگورنو کاراباخ پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، آرمینیائی وزیر اعظم[/pullquote]
آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پاشنیان نے کہا ہے کہ آذربائیجان کا مقصد نگورنو کاراباخ کے مکمل علاقے پر قبضہ کرنا ہے۔ پاشنیان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آذربائیجان اور ترکی ’اپنی جارحیت‘ روکنے کو تیار نہیں ہیں۔ نگورنو کاراباخ اور اس کے گرد و نواح میں ہونے والی تازہ لڑائی 1994ء میں طے پانے والی سیز فائر کے بعد سے شدید ترین لڑائی ہے۔ اس وقت اس متنازعہ علاقے میں لڑائی کے نتیجے میں 30 ہزار سے زائد افراد مارے گئے تھے۔
[pullquote]کورونا کی صورتحال کا تعین ٹریفک لائٹس کے رنگوں سے[/pullquote]
یورپی یونین کی رُکن ریاستیں کورونا وائرس کے خطرات کے تعین کے لیے ایک مشترکہ طریقہ کار پر متفق ہو گئی ہیں۔ لکسمبرگ میں ہونے والے اجلاس میں یورپی ممالک کے وزراء کی اکثریت نے اس طریقہ کار پر اتفاق کیا جسے ’کورونا ٹریفک لائٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس طریقہ کار کے تحت مختلف علاقوں کو نقشے پر سبز، زرد اور سرخ رنگوں سے ظاہر کیا جائے گا۔ سبز رنگ والے علاقوں میں آمد و رفت پر کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔ تاہم زرد یا سرخ رنگ والے علاقوں کے سفر سے متعلق مشترکہ طریقہ کار طے نہیں ہو پایا۔ اسی طرح قرنطینہ یا لازمی ٹیسٹ کے بارے میں بھی مشترکہ طریقہ کار طے نہیں ہو پایا۔
[pullquote]تین امریکی اور روسی خلاباز ریکارڈ وقت میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچ گئے[/pullquote]
امریکا اور روسی خلابازوں کی تین رکنی ٹیم ریکارڈ کم ترین وقت کی خلائی پرواز کے بعد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچ گئی ہے۔ یہ ٹیم قزاقستان میں قائم روسی اسٹیشن بیکانور سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ اس سلسلے میں پہلی مرتبہ ’فاسٹ ٹریک مینوور‘ نامی طریقہ کار استعمال کیا گیا ہے جس کے تحت پرواز کے محض تین گھنٹوں بعد یہ خلاباز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچ گئے۔ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن جانے والوں میں امریکی خاتون خلاباز کیٹ روبنس اور روسی خلاباز سیرگئی ریزہیکوف اور سیرگئی سیورشکوف شامل ہیں۔
[pullquote]بنگلہ دیش میں جنسی زیادتی کے لیے موت کی سزا کا قانون لاگو[/pullquote]
بنگلہ دیشی صدر عبدالحامد نے ریپ یا جنسی زیادتی کے مجرموں کے لیے سزائے موت کے قانون پر دستخط کر دیے ہیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں مردوں کے ایک گروپ کی جانب سے جنسی زیادتی کے ایک واقعے کی سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد بنگلہ دیش بھر میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ پولیس اس سلسلے میں اب تک آٹھ افراد کو حراست میں لے چکی ہے۔ قبل ازیں بنگلہ دیش میں جنسی زیادتی کی زیادہ سے زیادہ سزا عمر قید تھی۔
[pullquote]چین کی معیشت بہتری کی جانب گامزن[/pullquote]
چین کی برآمدات اور درآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ چینی کسٹم حکام کے مطابق ستمبر ميں ملکی برآمدات اس سے ایک برس قبل اسی مہینے کے مقابلے میں 9.9 فیصد زائد رہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق اگست میں ملکی درآمدات میں 2.1 فیصد کمی دیکھی گئی تھی تاہم ستمبر میں ان میں ایک برس قبل کے مقابلے میں 13.2 فیصد اضافہ ہوا۔ چین کی مضبوط تجارتی کارکردگی سے اندازہ ہوتا ہے کہ چین کی غیر ملکی تجارت کورونا بحران کے بعد تیز رفتاری سے بہتر ہو رہی ہے۔
[pullquote]دنیا سے بھوک کا خاتمہ ممکن ہے، جرمن وزیر برائے ترقیاتی امور[/pullquote]
جرمنی کے وفاقی وزیر برائے ترقیاتی امور گیئرڈ میولر کے مطابق دنیا سے بھوک کو ختم کیا جا سکتا ہے تاہم اس حوالے سے عالمی سطح پر سیاسی عزم کی کمی ہے۔ تازہ اسٹڈیز سے معلوم ہوا ہے کہ صنعتی طور پر ترقی یافتہ ممالک اس سلسلے میں سالانہ 14 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری 2030ء تک کر سکتے ہیں۔ گیئرڈ میولر نے فوڈ سکیورٹی کے معاملے پر برلن میں ہونے والی ورچوئل کانفرنس میں کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو بھی زراعت کو اپنی ترجیح بناتے ہوئے اس شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ نوع انسانی کے لیے درکار خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
[pullquote]کرسٹيانو رونالڈو کورونا کا شکار[/pullquote]
فٹ بال کے معروف کھلاڑی کرسٹيانو رونالڈو کورونا وائرس ميں مبتلا ہو گئے ہيں۔ آخری مرتبہ رونالڈو اتوار کو فرانس کے خلاف ميدان ميں اترے تھے۔ پرتگال کی قومی ٹيم کے کوچ فرنانڈو سانتوس نے رپورٹرز کو بتايا کہ انتظاميہ نے تمام قواعد و ضوابط کا خيال رکھا تھا۔ پرتگال اور فرانس کی ٹيم کے تمام ارکان کے ٹيسٹ کرائے گئے مگر کسی بھی ديگر کھلاڑی ميں وائرس کی تشخيص نہيں ہوئی۔ رونالڈو بظاہر تندرست ہیں اور ان میں بیماری کی علامات موجود نہیں۔