[pullquote]الیکسی ناوالنی کو زہر دینے کا معاملہ، یورپی یونین نے روسی حکام پر پابندیاں لگا دیں[/pullquote]
یورپی یونین نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے قریبی روسی حکام پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ یہ پابندیاں ماسکو حکومت کے ناقد اور اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کو زہر دیے جانے کے معاملے میں عائد کی گئی ہیں۔ جرمنی اور فرانس کی کوششوں سے عائد کی جانے والی ان پابندیوں کی زد میں چھ روسی اہلکار جبکہ ایک سائنسی ریسرچ سينٹر آیا ہے۔ ناوالنی کو اگست میں سائبیریا میں مبينہ طور پر زہر دیے جانے کے بعد جرمنی لایا گیا تھا جہاں وہ ابھی تک زیر علاج ہیں۔ برطانیہ نے بھی اسی تناظر میں روسی اہلکاروں پر سفری پابندیاں عائد کرتے ہوئے ان کے اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔
[pullquote]پانچ منٹ کے اندر اندر نتیجہ دینے والا کورونا ٹيسٹ تیار[/pullquote]
برطانيہ کی آکسفورڈ يونيورسٹی کے سائنسدانوں نے پانچ منٹ سے بھی کم وقت ميں کورونا وائرس کے ٹيسٹ کا نتيجہ بتانے والا طريقہ کار دريافت کر ليا ہے۔ اس سلسلے ميں جاری کردہ بيان ميں کہا گيا ہے کہ ٹيسٹنگ ڈيوائس کی وسيع پيمانے پر تياری آئندہ برس کے اوائل سے شروع کی جا سکتی ہے۔ يہ ڈيوائس مختلف وائرسز ميں سے فوراً کورونا وائرس کی شناخت کر ليتی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ جلد نتیجہ دینے والے ٹیسٹ کے بعد فضائی سفر اور ديگر صنعتوں کا کام بلا خوف و خطر دوبارہ چل سکے گا۔
[pullquote]چینی شہر چنگڈاؤ میں ایک کروڑ افراد کے کورونا ٹیسٹ مکمل[/pullquote]
چینی شہر چنگڈاؤ میں اب تک قریب 10 ملین افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ چنگڈاؤ کے ڈپٹی میئر لوآن چِن کے مطابق 9.9 ملین نمونے اکھٹے کیے گئے جبکہ 7.6 ملین ٹيسٹوں کے نتائج بھی آ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شہر میں محض 13 تصدیق شدہ کیسز موجود ہیں۔ چنگڈاؤ میں کل جمعے تک صرف پانچ دنوں میں تمام لوگوں کے ٹیسٹ مکمل کیے جانا ہیں جن میں 9.4 ملین شہری اور 1.5 ملین دیگر علاقوں کے آئے ہوئے لوگ شامل ہیں۔ اتنے بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کا سلسلہ چنگڈاؤ میونسپل ہسپتال میں کورونا کے 12 کیسز سامنے آنے بعد شروع ہوا تھا۔
[pullquote]کرغزستان کے صدر نے مظاہروں کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا[/pullquote]
کرغزستان کے صدر جین بیکوف سورن بائے نے ملک میں جاری احتجاجی مظاہروں کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ عوام اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں نہیں چاہتے۔ کرغزستان میں چار اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے بعد سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان انتخابات میں جین بیکوف کے حامیوں کی فتح کا اعلان کیا گیا تھا۔ مظاہرین صدر کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
[pullquote]جرمنی میں کورونا کے حوالے سے قواعد سخت[/pullquote]
کورونا انفیکشنز کی تعداد ایک بار پھر بڑھنے کے تناظر میں وفاقی جرمن حکومت اور ریاستی حکومتوں نے تیزی سے اور زیادہ سخت اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ چانسلر انگیلا میرکل کی سربراہی میں ریاستی حکومتوں کے سربراہان نے لازمی طور پر ماسک پہننے کی ضرورت، رابطوں میں کمی اور پرائيویٹ تقریبات میں مہمانوں کی تعداد کو محدود کرنے پر اتفاق کیا۔ اس ملاقات کے چند گھنٹوں بعد ہی جرمنی کے متعدی بیماریوں پر تحقیق کے ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے بتایا کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 6638 نئے کیسز سامنے آئے۔ اس وبا کے آغاز کے بعد سے کسی ایک دن کے دوران جرمنی میں یہ اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
[pullquote]اسرائیل کی طرف سے مغربی کنارے میں نئی یہودی بستیوں کی منظوری[/pullquote]
اسرائیل نے مغربی کنارے کے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں سینکڑوں نئے مکانات کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔ مغربی کنارے سے متعلق اسرائیل کی سول انتظامیہ کی منصوبہ بندی کمیٹی نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا کہ 1,313 ہاؤسنگ یونٹس کی منظوری دے دی گئی ہے۔ سول انتظامیہ کے مطابق اس کے علاوہ 853 اضافی ہاؤسنگ یونٹس کے معاملے میں بھی کافی پیش رفت ہو چکی ہے تاہم ابھی ان کی حتمی طور پر منظوری نہیں دی گئی۔ اسرائیل نے قبل ازیں عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے تناظر میں مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنے کے اپنے منصوبے کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
[pullquote]حوثی باغیوں نے امریکی یرغمالیوں کو رہا کر دیا[/pullquote]
حوثی باغیوں نے دو امریکی یرغمالیوں کو رہا کر دیا ہے۔ یہ رہائی بظاہر حوثی قیدیوں کی رہائی کے بدلے عمل میں آئی۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق تیسرے امریکی شہری کی باقیات بھی حکام کے حوالے کی گئیں۔ امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ اوبرائن کے مطابق اس امریکی شہری کا دوران حراست ہی انتقال ہو گيا تھا۔ حوثی باغیوں کے ایک ترجمان کے مطابق امریکی شہریوں کے بدلے عمان سے 240 حوثی باغیوں کو رہا کیا گیا ہے۔ امریکی حکومت نے یرغمالیوں کے تبادلے کے حوالے سے کچھ نہیں کہا۔
[pullquote]کورونا کے سبب تپ دق کے خلاف کوششیں متاثر[/pullquote]
عالمی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ برس کے دوران دنیا بھر میں ایک کروڑ افراد تپ دق یا ٹی بی کا شکار ہوئے۔ ان میں سے قریب 14 لاکھ موت کے منہ میں چلے گئے۔ اپنی ايک تازہ رپورٹ میں ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا ہے کہ ٹی بی کے خلاف حالیہ برسوں میں قابل قدر اقدامات کے باوجود اب خطرہ ہے کہ کورونا کی وبا ان کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے کیونکہ زیادہ تر ممالک اور ماہرین کی توجہ کووڈ انیس پر ہی لگی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق خدشہ ہے کہ تپ دق کا شکار ہونے والے بہت سے لوگوں کی تشخیص ہی نا ہو پائے اور نا ہی انہیں علاج معالجے کی سہولت مل پائے۔
[pullquote]افغانستان ميں آسٹريلوی فوجیوں کے مبنيہ جنگی جرائم، پردہ فاش کرنے والے صحافی پر کيس ختم[/pullquote]
افغانستان ميں آسٹريلوی فوجی دستوں کے مبينہ جنگی جرائم کا پردہ فاش کرنے والے ايک صحافی کے خلاف جاری تفتيشی عمل ختم کر ديا گيا ہے۔ آسٹریلوی وفاقی پوليس نے کہا ہے کہ استغاثہ کو آسٹريلين براڈکاسٹنگ کارپوريشن (ABC) سے وابستہ صحافی ڈينيل اوکس کو قصور وار قرار دينے کے ليے کافی شواہد ملے ليکن ان کے خلاف ايکشن لينا شايد عوامی مفاد ميں نا ہوتا۔ یہ فيصلہ اے بی سی کی جانب سے ’افغان فائلز‘ کی اشاعت کے لگ بھگ تين برس بعد سامنے آيا ہے۔ ان دستاويزات کے ذريعے يہ الزام عائد کيا گيا تھا کہ افغانستان ميں آسٹريلوی فوج کے ارکان نے نہتے افراد بشمول بچوں کو قتل کيا۔
[pullquote]کورونا وائرس: پیرس سمیت متعدد فرانسیسی شہروں میں رات کا کرفیو نافذ[/pullquote]
فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے کورونا وائرس کی دوسری لہر سے بچنے کے لیے پیرس، مارسے اور سات دیگر شہروں میں رات کے کرفیو کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے کووڈ 19کے حوالے سے ہیلتھ ایمرجنسی دوبارہ بحال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ یہ کرفیو ہفتے کے روز سے نافذ ہو گا اور آئندہ کم از کم چار ہفتوں تک برقرار رہے گا۔ کرفیو کے دوران رات نو بجے سے صبح کے چھ بجے کے درمیان لوگوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی ہوگی۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ اس ضابطے کی خلاف ورزی کرنے پر 135یورو جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو نیوز[/pullquote]