جمعہ : 23 اکتوبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طالبان کے حملے ميں بيس افغان فوجی ہلاک[/pullquote]

افغان طالبان نے جنوب مغربی صوبہ نمروز ميں ايک فوجی چيک پوسٹ پر حملہ کر کے کم از کم بيس فوجيوں کو ہلاک کر ديا ہے۔ صوبائی گورنر نے بتايا کہ يہ حملہ جمعرات اور جمعے کی درميانی شب کيا گيا۔ باغی چھ فوجيوں کو يرغمال بنا کر ساتھ بھی لے گئے ہيں۔ طالبان کے ترجمان قاری محمد يوسف نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ حملے کے رد عمل ميں افغان فوجی دستوں نے جمعے کی صبح صوبے ميں طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنايا۔

[pullquote]کوريائی جنگ کے ستر برس، چين کی تنبيہ[/pullquote]

چينی صدر شی جن پنگ نے خبردار کيا ہے کہ ان کے ملک کی طرف بری نظر سے ديکھنے والوں کو شکست کا منہ ديکھنا پڑے گا۔ شی نے يہ بيان کوريائی جنگ کے ستر برس مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ ايک تقريب کے دوران آج جمعے کو ديا۔ ان کے بقول سن 1950 سے سن 1953 تک جاری رہنے والی جنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ چين ’حملہ آوروں‘ سے نمٹنے کے ليے ہميشہ تيار ہے۔ گو کہ اپنی تقرير ميں شی جن پنگ نے براہ راست کسی ملک کا نام نہيں ليا ليکن قوم پرستی اور فوجی قوت کے مظاہرے پر مبنی اس تقرير ميں وہ امکاناً امريکا کو پيغام دينا چاہ رہے تھے۔

[pullquote]شام ميں امريکا کا ڈرون حملہ، ہدف القاعدہ کے جنگجو[/pullquote]

امريکی فوج نے شمال مغربی شام ميں القاعدہ سے منسلک شدت پسندوں کے ايک ٹھکانے پر جمعرات کو ڈرون حملے کی اطلاع دی ہے۔ مرکزی کمان کی خاتون ترجمان ميجر بيتھ ريورڈان نے بتايا کہ ادلب کے قريب القاعدہ کے سينئر ارکان کی ايک ملاقات کو نشانہ بنايا گيا۔ اس حملے ميں سترہ جہاديوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ سيريئن آبزرويٹری فار ہيومن رائٹس کے مطابق ہلاک شدگان ميں پانچ شہری بھی شامل تھے۔ فوجی ترجمان نے دعوی کيا ہے کہ اس حملے کے نتيجے ميں اس دہشت گرد نيٹ ورک کی حملے کرنے کی صلاحيت متاثر ہو گی۔ نو سال سے جاری شامی خانہ جنگی ميں اب تک چار لاکھ کے قريب افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔

[pullquote]پومپيو کی آرمينيائی اور آذربائيجانی وزرائے خارجہ سے ملاقات[/pullquote]

امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو آج بروز جمعہ آرمينيائی اور آذربائيجانی وزرائے خارجہ سے ملاقات کر رہے ہيں۔ واشنگٹن ميں ہونے والی بات چيت نگورنو کاراباخ ميں جنگ بندی کی تازہ ترين کوشش ہے۔ روس کی ثالثی ميں طے پانے والے جنگ بندی کے دو معاہدے ناکارہ ثابت ہو چکے ہيں۔ روسی صدر ولاديمير نے بيان ديا ہے کہ ستائيس ستمبر سے جاری لڑائی ميں اب تک پانچ ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت واقع ہو چکی ہے۔ دريں اثناء واشنگٹن ميں مذاکرات سے قبل آج بھی نگورنو کاراباخ ميں جھڑپيں جاری ہيں۔

[pullquote]حوثيوں کا ڈرون حملہ ناکام بنا ديا، سعودی عرب[/pullquote]

سعودی عسکری اتحاد نے يمنی حوثی باغيوں کے ايک ڈرون حملے کو ناکام بنانے کا دعوی کيا ہے۔ جمعے کو سعودی عرب کے سرکاری ٹيلی وژن پر نشر کردہ رپورٹوں کے مطابق آتشيں اسلحے سے لدے ايک ڈرون کو فضا ہی ميں تباہ کر ديا گيا۔ فی الحال اس بارے ميں مزيد تفصيلات دستياب نہيں۔ حوثی باغيوں کی جانب سے فی الحال اس سعودی دعوے پر کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا۔

[pullquote]کورونا کی دوسری لہر، فرانسيسی ماہر کی تنبيہ[/pullquote]

فرانسيسی حکومت کے مشير برائے سائنسی امور آرنوں فونتانے نے خبردار کيا ہے کہ کورونا وائرس موسم بہار ميں جس رفتار سے پھيل رہا تھا، اس وقت اس سے زيادہ تيز رفتاری سے اب پھيل رہا ہے۔ ان کے بقول اگست سے وائرس کے پھيلنے کی رفتار دوبارہ بڑھی۔ ايک ٹيلی وژن پر جمعے کو بات چيت کے دوران فرانسيسی ماہر وبائی امراض نے بتايا کہ بہت جلد ہسپتال وغيرہ دوبارہ اسی صورتحال ميں ہوں گے، جس ميں وہ اس سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران تھے۔ واضح رہے کہ فرانس ميں متاثرين کی تعداد جلد ايک ملين تک پہنچ سکتی ہے۔ اسپين ميں متاثرين کی تعداد ايک ملين سے متجاوز ہے اور کہا جا رہا ہے کہ فرانس آئندہ ايک سے دو روز ميں ايک ملين سے زائد متاثرين والا دوسرا يورپی ملک بن جائے گا۔

[pullquote]دنيا بھر ميں کورونا وائرس کا مسلسل پھيلاؤ[/pullquote]

دنيا بھر ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد 41.38 ملين ہو گئی ہے۔ اس وبائی مرض سے اب تک گيارہ لاکھ بتيس ہزار سے زائد افراد ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ امريکا تراسی لاکھ سڑسٹھ ہزار متاثرين اور دو لاکھ بائيس ہزار سے زائد اموات کے ساتھ بدستور سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے۔ بھارت دوسرا اور برازيل تيسرا سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے۔ اب تک دنيا کے دو سو دس خطوں اور ممالک ميں وائرس پھيل چکا ہے۔ يہ وائرس گزشتہ برس کے اواخر ميں چينی شہر ووہان سے پھيلا تھا۔

[pullquote]کورونا وائرس کی دوسری لہر، يورپ ميں سختياں جاری[/pullquote]

کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے کئی ملکوں ميں سخت حفاظتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ فرانس نے کرفيو ميں توسيع کر دی ہے اور اب ملک کی دو تہائی آبادی اس سے متاثر ہے۔ تقريباً چھياليس ملين فرانسيسی شہری رات نو بجے سے صبح چھ بجے تک اپنے گھروں سے غير ضروری نہيں نکل سکتے۔ ادھر کووڈ انيس ميں مبتلا بيلجيم کے وزير خارجہ کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ منتقل کر ديا گيا ہے۔ اسپين ميں بھی حکومت يہ تسليم کرتی ہے کہ وبا کنٹرول سے باہر ہے مگر وزراء نے فی الحال کرفيو کے خلاف فيصلہ کياہے۔ جرمنی نے سوئٹزرلينڈ، آئر لينڈ، پولينڈ، آسٹريا اور اٹلی کے چند علاقوں کو سفری پابنديوں والے ملکوں کی فہرست ميں شامل کر ليا ہے۔ چيک ری پبلک ميں گزشتہ روز چودہ ہزار سے زائد کيسز کا اندراج کیا گیا۔ يورپ میں اس وقت کورونا کيسز ميں سب سے زيادہ اضافہ جمہوریہ چیک میں ہی ہو رہا ہے۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ اور جو بائيڈن کے مابين ٹيلی وژن پر دوسرا مباحثہ[/pullquote]

نومبر کے اوائل ميں ہونے والے امريکی صدارتی انتخابات کے سلسلے ميں گزشتہ روز صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈيموکريٹک اميدوار جو بائيڈن کے مابين ٹيلی وژن پر دوسرا اور آخری مباحثہ ہوا۔ دونوں اميدواروں نے موسمياتی تبديليوں کے اثرت، خام تيل، کورونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی، شمالی کوريا کے ساتھ تعلقات اور نسل پرستی جيسے موضوعات پر بحث کی۔ ٹرمپ اور بائيڈن کے درميان اسی طرز کا پہلا مباحثہ ذاتی حملوں کی نظر ہو گيا تھا، جس کے سبب منتظمين نے اس مباحثے کے ليے نئے قواعد و ضوابط طے کيے تھے۔ دونوں اميدواروں کے درميان تين مباحثے ہونے تھے، مگر ايک منسوخ ہو گيا تھا۔ امريکا ميں تين نومبر کو اليکشن ہو رہے ہيں۔ رائے عامہ کے تازہ ترين جائزوں کے مطابق جو بائيڈن کو ڈونلڈ ٹرمپ پر معمولی سی برتری حاصل ہے۔

[pullquote]اسرائيلی فوج کے غزہ پٹی پر پھر حملے[/pullquote]

اسرائيلی فوج نے بتايا ہے کہ جمعرات اور جمعے کی درميانی شب غزہ پٹی کے کچھ علاقوں پر فضائی حملے کيے گئے۔ فوجی بيان کے مطابق يہ حملے فلسطينی علاقوں سے دو راکٹ داغے جانے کے رد عمل ميں کيے گئے۔ اسرائيل نے جوابی کارروائی ميں حماس کے زير زمين ٹھکانوں اور اسلحے کے ڈپو کو نشانہ بنايا۔ فوری طور پر ان حملوں ميں جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہيں ہوئی ہے۔ قبل ازيں غزہ پٹی سے داغے گئے دو راکٹوں ميں سے ايک کو اسرائيلی افواج نے فضا ہی ميں ناکارہ بنا ديا تھا جبکہ دوسرا ايک کھلے علاقے ميں گرا، جس سے کوئی نقصان نہيں ہوا۔

[pullquote]برطانيہ اور جاپان کے درميان آزاد تجارت کا معاہدہ[/pullquote]

برطانيہ اور جاپان نے آزاد تجارت کے معاہدے پر دستخط کر ديے ہيں۔ ٹوکيو ميں آج جمعے کو منعقدہ ايک تقريب ميں برطانوی وزير تجارت لز ٹروس اور جاپانی وزير خارجہ ٹوشيمٹسو موٹيگی نے اس معاہدے پر دستخط کيے۔ برطانيہ کے يورپی يونين سے اخراج کے بعد يہ کسی بھی ملک کے ساتھ طے کی گئی آزاد تجارت کی پہلی ڈيل ہے، جس کے سبب ٹروس نے اسے تاريخی قرار ديا۔ اس معاہدے کے نتيجے ميں جاپان اور برطانيہ کی باہمی تجارت ميں پندرہ بلين پاؤنڈ کا اضافہ ہو گا۔ علاوہ ازيں جاپان ميں کام کرنے والی برطانوی کمپنيوں کے ليے بھی کافی آسانياں پيدا ہوں گی۔

[pullquote]روسی ہيکرز ڈيٹا چوری کر رہے ہيں، امريکا کا الزام[/pullquote]

امریکی حکام کا الزام ہے کہ روسی حمایت یافتہ ہیکر گروپوں نے کم از کم دو ریاستوں اور مقامی سطح کی انتظامیہ کا ڈیٹا چوری کر لیا ہے۔ امریکی حکام پہلے سے ہی صدارتی انتخابات میں روس کی جانب سے مداخلت کے خدشات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ امریکا کی وفاقی تفتیشی ایجنسی ایف بی آئی کے علاوہ سائبر اور انفرا اسٹرکچر سکیورٹی ایجنسیز نے مشترکہ طور پر ایک بیان میں کہا ہے کہ روس کے ’بیرسرک بیئرز‘ اور ’ڈریگن فلائی‘ ہیکر گروپس نے گزشتہ ستمبر سے امریکی اہداف کے خلاف مہم چلا رکھی ہے اور وہ کئی بار سائبر حملے کر چکے ہیں۔ یہ پيش رفت ایک ایسے وقت پر سامنے آئی جب انتخابات ميں دو ہفتوں سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔

[pullquote]جرمن پارليمان پر سائبر حملہ، روسی افسران پر يورپی پابندياں[/pullquote]

یورپی یونین نے روسی ملٹری انٹلیجنس کے سربراہ ایگور کوستیو کوف اور ایک اور افسر پر جمعرات کے روز پابندیاں عائد کر دیں ہيں۔ يہ پابندياں جرمن پارلیمان پر سائبر حملے کرنے کی وجہ سے عائد کی گئيں۔ یورپی یونین کے بيان ميں کہا گيا ہے کہ دونوں افسران نے سن 2015 میں جرمن پارلیمان بنڈس ٹاگ کے کمپیوٹر میں موجود ڈیٹا ہیک کيا۔ روس نے ان الزامات کو ‘من گھڑت کہانی‘ کہتے ہوئے رد کر ديا اور کہا کہ یورپی یونین کے پاس اپنے دعوے کے حق میں کوئی ثبوت نہیں۔ یورپی بلاک نے روسی افسران پر سفری پابندیاں عائد کی ہيں اور ان کے اثاثے بھی منجمد کر دیے گئے ہیں۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے