ہفتہ : 24 اکتوبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نگورنو کاراباخ ميں آذربائيجان اور آرمينيا کی افواج کے مابين تازہ جھڑپيں[/pullquote][pullquote]

نگورنو کاراباخ کے متنازعہ خطے ميں آذربائيجان اور آرمينيا کی افواج کے مابين تازہ جھڑپوں کی اطلاعات ہيں۔ آذربائيجان کی وزارت دفاع نے گولہ باری کی اطلاع دی مگر مقامی انتظاميہ کا دعوی ہے کہ آذربائيجان کی افواج نے نگورنو کاراباخ کے مرکزی شہر پر بمباری کی۔ باکو حکومت نے اس الزام کو مسترد کيا ہے۔ ايک روز قبل آذربائيجان اور آرمينيا کے وزرائے خارجہ نے واشنگٹن ميں امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے حوالے سے ترک صدر رجب طيب ايردوآن نے بھی کہا ہے کہ وہ اميد کرتے ہيں کہ اس مسلح تنازعے کے حل کے ليے امريکا اور ترکی مل کر کام کر سکيں۔

[pullquote]مصر ميں پارليمانی انتخابات، پہلا مرحلہ ہفتے اور اتوار کو جاری[/pullquote]

مصر ميں پارليمانی انتخابات جاری ہيں۔ ايوان زيريں کے 568 قانون سازوں کے چناؤ کے ليے 63 ملين مصری شہری حق رائے دہی کے عمل ميں شرکت کے اہل ہيں۔ يہ انتخابات دو مراحل ميں ہو رہے ہيں۔ ابتدائی مرحلہ ہفتے اور اتوار کو ہو رہا ہے، جس ميں چودہ صوبوں ميں ووٹنگ جاری ہے۔ آئندہ ماہ سات اور آٹھ نومبر کو دوسرا مرحلہ ہو گا، جس ميں تيرہ صوبوں کے رہائشی رائے دہی کے عمل ميں شرکت کريں گے۔ قوی امکان ہے کہ سخت گير صدر عبدالفتاح السيسی کی حامی جماعتيں ان انتخابات ميں کامياب رہيں۔

[pullquote]افغانستان: بس دھماکے ميں متعدد شہری ہلاک[/pullquote]

افغان دارالحکومت کے قريب ايک مسافر بس ميں دھماکے کے نتيجے ميں کم از کم نو شہری ہلاک ہو گئے ہيں۔ يہ دھماکہ کابل سے مشرقی شہر غزنی جانے والی ايک بس ميں ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق ساڑھے دس بجے ہوا۔ اس حملے کا الزام بھی طالبان پر عائد کيا جا رہا ہے گو ابھی تک اس گروہ کا رد عمل سامنے نہيں آيا۔ افغانستان ميں کابل حکومت اور طالبان کے مابين امن مذاکرات جاری ہيں البتہ حاليہ دنوں ميں اس جنگجو گروپ نے اپنے حملے بڑھا ديے ہيں۔ ايمنسٹی انٹرنیشنل نے بتايا ہے کہ پچھلے ايک ہفتے کے دوران مختلف حملوں ميں پچاس سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔ اس ادارے نے فريقين پر الزام عائد کيا ہے کہ وہ تنازعے ميں شہريوں کی جانوں کی حفاظت کے ليے کچھ نہيں کر رہے۔

[pullquote]پولش صدر بھی کورونا ميں مبتلا، متاثرين کی تعداد تقريباً بياليس ملين[/pullquote]

پولينڈ کے صدر آندريس دودا ميں کورونا وائرس کی تشخيص ہوئی ہے۔ صدارتی ترجمان نے بتايا ہے کہ 48 سالہ دودا کی طبيعت بالکل ٹھيک ہے البتہ طبی معالج ان کا مسلسل معائنہ جاری رکھے ہوئے ہيں۔ دريں اثناء دنيا بھر ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد تقريباً 42 ملين ہو گئی ہے۔ اس وبائی مرض سے اب تک 11 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ امريکا کے بعد بھارت دوسرا اور برازيل تيسرا سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے۔ جرمنی ميں 10,003 افراد کووڈ انيس کا شکار بن کر ہلاک ہو چکے ہيں جبکہ ملک گير سطح پر انفيکشنز کی تعداد 418,005 ہو چکی ہے۔ جرمنی ميں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں ميں ريکارڈ 14,714 نئے کيسز کا اندارج ہوا۔

[pullquote]کورونا سے امريکا ميں فروری تک پانچ لاکھ اموات کا خدشہ، ماہرين[/pullquote]

امريکا ميں جمعے کو کورونا وائرس کے 84,218 نئے کيسز سامنے آئے، جو يوميہ بنيادوں پر نمایاں اضافہ ہے۔ داخلی سطح پر گيارہ رياستوں ميں ريکارڈ تعداد ميں کيسز سامنے آئے۔ اس وقت ملک بھر کے ہسپتالوں ميں زير علاج کووڈ انيس کے مريضوں کی تعداد 41 ہزار ہے اور اوسطاً آٹھ سو افراد يوميہ ہلاک ہو رہے ہيں۔ امريکا اس عالمی وبا سے سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے۔ وہاں متاثرين کی مجموعی تعداد 85 لاکھ سے زائد جب کہ ہلاک شدگان کی تعداد 224,000 سے زائد ہے۔ امريکی طبی ماہرين نے خبردار کيا ہے کہ اگر ملک کے ہر شہری نے باقاعدگی سے چہرے پر ماسک نہ پہنا اور قواعد و ضوابط کا احترام نہ کيا، تو آئندہ برس فروری تک صرف امريکا ميں ہی اس وبائی مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر سکتی ہے۔

[pullquote]روسی تحقيقاتی ادارے پر امريکی پابندی[/pullquote]

امريکی حکومت نے روس کے ايک سرکاری تحقيقی ادارے پر پابندياں عائد کر دی ہيں۔ ريسرچ انسٹيٹيوٹ فار کيمسٹری اینڈ مکينکس پر الزام عائد کيا گيا ہے کہ سعودی آئل ريفائنری ’مڈل ايسٹرن پيٹرو کيميکلز‘ پر تين برس قبل ہونے والے سائبر حملے ميں اسی ادارے کا تيار کردہ ساز و سامان استعمال ہوا تھا۔ روسی ادارے پر پابندی امريکی محکمہ خزانہ نے جمعے کو عائد کی۔ نتيجتاً يہ کمپنی اب کسی بھی امريکی شہری کے ساتھ کاروبار نہيں کر پائے گی اور کمپنی سے جڑنے والے غير امريکی شہريوں کو بھی پابنديوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

[pullquote]فائيو جی نيٹ ورک پر شمالی مقدونیہ، کوسووو اور بلغاریہ کے امريکا کے ساتھ معاہدے[/pullquote]

شمالی مقدونیہ، کوسووو اور بلغاریہ نے تیز رفتار انٹرنیٹ فائیو جی کی سکیورٹی کے حوالے سے امریکا کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ سے امریکی سفارت خانے نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے لکھا کہ بلغاریہ ایسے ممالک اور کمپنیوں کے تیزی سے پھیلتے ہوئے اتحاد میں شامل ہو رہا ہے، جو فائیو جی کو ’ناقابل اعتماد‘ کمپنیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔ بلقان کی ریاستوں اور امریکا کے مابین فائیو جی نیٹ ورک کے بارے میں معاہدے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب امریکا اور یورپی یونین کے مابین چین کے حوالے سے دوطرفہ ملاقات بھی شروع ہو رہے ہیں۔ دونوں ہی فائيو جی نيٹ ورک ميں چين کی اجارہ داری پر تحفظات کا شکار ہيں۔

[pullquote]چين سے ’نمٹنے‘ کے ليے امريکا اور يورپی يونين کا مشترکہ فورم[/pullquote]

چين سے متعلق امور اور مسائل سے نمٹنے کے ليے امريکا اور يورپی يونين نے ايک مشترکہ فورم تشکیل دیا ہے۔ امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو اور يورپی يونين کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوريل نے جمعے کو ٹيلی فون پر بات چيت کے دوران اس معاملے کو حتمی شکل دی۔ ’بائيليٹرل ڈائيلاگ‘ نامی يہ فورم فريقين کو چين کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ، انسانی حقوق سے متعلق مسائل، سلامتی اور ديگر اہم معاملات پر تبادلہ خيال کا موقع فراہم کرے گا۔ نومبر کے وسط ميں فورم کا پہلا اجلاس منعقد کیا جائے گا جس ميں امريکا اور يورپی يونين کے اعلی اہلکاروں کی شرکت متوقع ہے۔

[pullquote]عراق ميں نيٹو کے مشن ميں توسيع کا فيصلہ[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نيٹو کے سيکرٹری جنرل نے اس عسکری اتحاد کے رکن ممالک کے وزرائے دفاع سے ملاقات کے بعد اعلان کيا ہے کہ عراق ميں فوجی دستوں کی معاونت کے ليے وہاں تعينات نيٹو کے مشن کو توسيع دينے کا فيصلہ کر ليا گيا ہے۔ اس وقت عراق ميں تربيتی مشن پر تعینات نيٹو کے فوجیوں کی تعداد لگ بھگ پانچ سو ہے۔ اضافی فوجيوں کی تعداد اور مشن کے مقاصد کے بارے ميں حتمی فيصلہ آئندہ برس فروری ميں نيٹو کے اجلاس ميں کيا جائے گا۔ برسلز ميں بات کرتے ہوئے نيٹو کے سيکرٹری جنرل نے افغان طالبان پر بھی زور ديا کہ وہ امن ڈيل کا احترام کريں اور پر تشدد کارروائياں ترک کريں۔

[pullquote]سوڈان کا اسرائيل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا اعلان، قرضہ ملنے کی راہ ہموار[/pullquote]

متحدہ عرب امارات نے اسرائيل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے سوڈانی فيصلے کا خير مقدم کيا ہے۔ اس بارے ميں ہفتے کو اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے بيان جاری کيا گيا۔ اس بيان کے مطابق سوڈان کی جانب سے اسرائيل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے سے خطے ميں سلامتی کی صورتحال بہتر ہو گی جبکہ اقتصاديات، تجارت، سائنس اور سفارتی سطح پر بھی ترقی ہو گی۔ ادھر عالمی مالياتی فنڈ کی جانب سے جمعے کو اعلان کيا گيا ہے کہ واشنگٹن حکومت کی جانب سے سوڈان کو ’دہشت گردوں کی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست‘ سے خارج کرنے سے اس ملک کے ليے قرض کے حصول کی راہ ہموار ہو گی۔

[pullquote]فيس بک کی کاروباری اجارہ داری، فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے[/pullquote]

سماجی رابطوں کی ويب سائٹ فيس بک پر کاروباری اجارہ داری سے متعلق کی فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے۔ امريکی اخبار واشنگٹن پوسٹ ميں چھپنے والے ايک آرٹيکل کے مطابق امريکی حکومت نومبر ميں ہی اس کمپنی کے خلاف ’اينٹی ٹرسٹ‘ کے الزامات عائد کر سکتی ہے۔ اس ضمن ميں وفاقی تجارتی کميشن کے اہلکاروں کی ايک ملاقات بھی ہو چکی ہے۔ اخبار کی رپورٹ ميں درج ہے کہ رياستوں کے اٹارنی جنرلز شکايت کو حتمی شکل دينے کے بہت قريب ہيں۔ فوری طور پر فيس بک اور نيو يارک کے اٹارنی جنرل کا اس پر کوئی موقف سامنے نہيں آ سکا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے