پیر : 26 اکتوبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شام میں روسی فضائیہ کے حملوں میں ہلاک شدگان کی تعداد 78 ہو گئی[/pullquote]

شمال مغربی شام میں روسی فضائیہ کے مبینہ حملے میں ہلاک شدگان کی تعداد اٹہتر ہو گئی ہے۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے پیر کے دن بتایا کہ روسی فضائیہ نے یہ حملہ ترک نواز باغیوں کے ٹھکانوں پر کیا تھا۔ شامی صدر کے حامی روس کی فضائیہ نے ادلب میں بھی حملے کیے، جن میں فیلق الشام نامی باغی گروہ کے کم ازکم نوے ارکان زخمی ہوئے۔

[pullquote]جاپانی وزیر اعظم کو ملک کو ’کاربن نیوٹرل‘ بنانے کا عزم[/pullquote]

جاپانی وزیر اعظم یوشیہیدے سوگا نے ملکی اقتصاديات کو ’کاربن نیوٹرل‘ بنانے کے لیے 2050 کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔ پیر کے دن انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ٹوکیو کے ماحول دوست عزائم کا اظہار ہوتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ مجوزہ ڈیڈ لائن تک جاپان میں سبز مکانی گیسوں کے اخراج کو ’نیٹ زیرو‘ تک لے آئیں گے۔ کوئلے سے چلنے والے پلانٹس کی وجہ سے دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت جاپان کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

[pullquote]عہد حاضر کا سب سے بڑا بحران کورونا ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے کورونا وائرس کو ’عہد حاضر کا سب سے بڑا بحران‘ قرار دے دیا ہے۔ برلن میں ہونے والی ورلڈ ہیلتھ سمٹ کے افتتاحی آن لائن سیشن میں عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے کہا کہ اس وبا سے نمٹنے کی خاطر عالمی سطح پر یک جہتی کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر نے زور دیا کہ دنیا کے تمام ممالک کو بالخصوص ویکسین کی تیاری میں ’خود غرضی‘ کے بجائے متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اتوار کو شروع ہونے والی اس تین روزہ کانفرنس میں کووڈ انیس کا بحران توجہ کا حامل رہے گا۔

[pullquote]ملائیشیا کے وزیر اعظم پر دباؤ بڑھ گیا[/pullquote]

ملائیشیا کے وزیر اعظم محی الدین یاسین پر دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ مستعفی ہو جائیں۔ شکوک ہیں کہ وہ بادشاہ کی حمایت کھو چکے ہیں۔ یاسین نے کورونا وائرس سے نمٹنے کی خاطر ملک گیر سطح پر ہنگامی حالت نافذ کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم کنگ سلطان عبداللہ نے اس مطالبے کو مسترد کر دیا۔ ناقدین کا الزام ہے کہ پارلیمان میں معمولی برتری رکھنے والے وزیر اعظم یاسین دراصل کورونا کو بہانہ بنا کر پارلیمان کو معطل کرنا چاہتے ہیں۔

[pullquote]چلی میں ریفرنڈم، نئے آئین کی راہ ہموار[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک چلی میں اتوار منعقدہ ریفرنڈم کے ابتدائی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ووٹرز نے نئے آئین کے حق میں آواز بلند کر دی ہے۔ نصف ووٹوں کے گنتی ہو چکی ہے، جن میں سے اٹہتر فیصد ووٹرز نے نئے آئین کی حمایت کی ہے۔ چلی کا آئین سن 1980 میں فوجی آمر جنرل آگسٹو پینوچٹ کے دور میں وضع کیا گیا تھا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ موجودہ آئین میں بالخصوص مقامی قدیمی لوگوں کو بنیادی سماجی حقوق کی ضمانت نہیں دی گئی تھی۔

[pullquote]کورونا وائرس، اسپین میں ہنگامی حالت نافذ[/pullquote]

کووڈ انیس کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے پیش نظر اسپین نے قومی سطح پر ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ملک میں کورونا کے کیسز کا پھیلاؤ روکنے کی خاطر ملک گیر سطح پر رات کا کرفیو لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ملکی وزیر اعظم سانچیز پیدرو نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں مقامی حکام سفری پابندیاں عائد کرنے کے مجاز بھی ہوں گے۔ اتوار کے دن اسپین میں کورونا کے پچاس ہزار سے زائد نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے جرمنی سمیت یورپ کے متعدد ممالک میں بے چینی دیکھی جا رہی ہے۔

[pullquote]مشرق وسطی کے ممالک بائیکاٹ نہ کریں، فرانس[/pullquote]

فرانس نے مشرق وسطیٰ ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ فرانسیسی اشیاء کا بائیکاٹ ختم کر دیں۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کی جانب سے پیغمبر اسلام کے متنازعہ خاکوں کی اشاعت کے دفاع کے بعد مسلم ممالک فرانس کا بائیکاٹ کرنے کی مہم چلا رہے ہیں۔ اس بارے میں فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا کہ اس بائیکاٹ کے ’بے بنیاد‘ مطالبات کے پیچھے ’ریڈیکل اقلیت کے کچھ عناصر‘ ہی فعال ہیں۔ دریں اثنا لیبیا، شام اور غزہ پٹی میں فرانس کے خلاف تازہ مظاہرے بھی کیے گئے ہیں۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کا دورہ بھارت[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیر دفاع مارک ایسپر اپنے بھارتی ہم منصبوں سبرامنیم جے شنکر اور راج ناتھ سنگھ کے ساتھ سالانہ 2+2 وزارتی سطح کے اجلاس کے لیے آج دارالحکومت نئی دہلی پہنچ رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے وزراء منگل کے دن ہونے والی اس اہم ملاقات ميں چین کی بڑھتی ہوئی طاقت سمیت مختلف علاقائی و عالمی اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس دو روزہ دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے بھی ملاقات کریں گے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں مائیک پومپیو کا بھارت کا یہ چوتھا دورہ ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس، متاثرہ افراد کی تعداد 42.84 ملین ہو گئی[/pullquote]

عالی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 42.84 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ پیر کے دن جاری کردہ خبر رساں ادارے روئٹرز کی اعداد و شمار کے مطابق اس عالمی وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1,151,596​ ہو گئی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملک بدستور امریکا ہے جبکہ بھارت اور برازیل بالتریب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ گزشتہ برس دسمبر میں چین سے پھوٹنے والی یہ وبا اب تک دو سو دس ممالک اور خطوں کو اپی لپیٹ میں لے چکی ہے۔

[pullquote]بیلاروس میں حکومت مخالف مظاہرے[/pullquote]

بیلاروس میں اتوار کے دن منعقد ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ دارالحکومت منسک میں سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی خاطر سٹن گنوں کا استعمال کیا اور ایک سو تیس افراد کو گرفتار بھی کر لیا۔ تاہم حکومتی مشنری اس احتجاج کو نہ روک سکی۔ اپوزیشن نے صدر الیکسانڈر لوکاشینکو کو استعفیٰ دینے کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ حالیہ الیکشن میں دھاندلی کی گئی تھی۔

[pullquote]نگورنوکارباخ، تیسرے سیز فائر پر اتفاق[/pullquote]

آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین تیسرے سیز فائر معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ گزشتہ چار ہفتوں سے نگورنو کارباخ میں حالات کشیدہ ہیں جبکہ دونوں ممالک اس تناظر میں ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔ اس سے قبل نگورنو کارباخ میں قیام امن کے لیے جنگ بندی کے دو معاہدے ناکام ہو چکے ہیں۔ سن 1990 کی دہائی سے نگورنو کاراباخ کا علاقہ دونوں ممالک کے مابین کشیدگی کی بنیاد بنا ہوا ہے۔ یہ علاقہ عالمی سطح پر آذربائیجان کی ملکیت تسلیم کیا جاتا ہے تاہم یہ آرمینیائی نسل کے لوگوں کے کنٹرول میں ہے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے