[pullquote]فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر سعودیہ کا ردعمل سامنے آگیا[/pullquote]
سعودی عرب کی جانب سے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور صدر ایمانوئل میکرون کے اسلام مخالف بیان کی مذمت کی گئی ہے۔سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب دہشتگردی کو اسلام کے ساتھ جوڑنے کی ہر طرح کی کوشش کو مسترد کرتا ہے اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی سخت مذمت کرتا ہے‘۔سعودی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ذہنی اور ثقافتی آزادی کو باہمی احترام، برداشت اور امن کا علم بردار ہونا چاہیے جو ہر اس عمل کی مخالفت کرے جس سے نفرت، تشدد اور شدت پسندی جنم لیتی ہے اور جو بقائے باہمی کے اقدار کے خلاف ہو۔سعودی عرب نے کہا کہ وہ ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے چاہے اس کے پیچھے کوئی بھی ہو۔
[pullquote]فرانسیسی صدر کے خلاف ڈھاکا میں بڑا مظاہرہ[/pullquote]
بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا میں ہزاروں افراد نے فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق مظاہرین کی تعداد دس ہزار کے قریب تھی، جنہوں نے ماکروں کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ وہ اسلام کے بارے میں اپنے متنازعہ بیانات واپس لیں۔ قبل ازیں ایران نے بھی تہران میں تعینات فرانسیسی سفیر کو طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تھا جبکہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور پاکستانی وزیر اعظم عمران کے ساتھ سعودی عرب نے بھی ماکروں کے بیان پر شدید تنقید کی تھی۔
[pullquote]جرمنی میں کووڈ انیس کے کیسوں میں اضافہ، حکومت پریشان[/pullquote]
جرمن وزیرخزانہ اولاف شولش نے ملک میں کووڈ انیس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو برلن میں انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کو روکنے کی خاطر وفاقی سطح پر مربوط حکمت عملی بنانا ہو گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک بھر میں اضافی اقدامات کیے جانا چاہییں، جن پر تمام صوبے عملدرآمد کریں۔ شولش کے بقول آئندہ کچھ ہفتے اس تناظر میں انتہائی اہم ہیں۔
[pullquote]اٹلی میں کورونا پابندیوں کے خلاف عوامی احتجاج[/pullquote]
اٹلی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر متعارف کرائے گئے نئے حکومتی اقدامات کے خلاف عوامی سطح پر احتجاج کیے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ میلان اور ٹورین میں ایسے ہی مظاہرے پرتشدد رنگ اختیار کر گئے۔ اٹلی میں صرف اتوار کے دن ہی کورونا کے بیس ہزار نئے کیس ریکارڈ کیے گئے تھے، جس کے بعد حکومت نے رات کا کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کووڈ کی پہلی لہر میں بھی اٹلی بہت بری طرح متاثر ہوا تھا۔
[pullquote]تنزانیہ میں صدارتی الیکشن، اپوزیشن صدارتی امیدوار ہی گرفتار[/pullquote]
تنزانیہ کی مرکزی اپوزیشن پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ صدارتی الیکشن سے قبل مبینہ فراڈ کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کے دوران پولیس نے سات شہریوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اے سی ٹی واذالینڈو پارٹی کے مطابق نیم خودمختار علاقے زنزیبار میں ان کے صدارتی امیدوار سیف شریف حمد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس افریقی ملک میں امریکی سفیر نے اس پیشرفت پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان واقعات سے الیکشن کی شفافیت متاثر ہو جائے گی۔
[pullquote]کورونا کا پھیلاؤ، عالمی ادارہ صحت کی نئی وارننگ[/pullquote]
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے بارے میں نئی وارننگ جاری کر دی ہے۔ موسم سرما کے آغاز سے قبل ہی یورپ سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں کووڈ انیس کے کیسوں میں بدستور اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔ اس عالمی ادارے نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی لہر کو روکنے کی خاطر زیادہ فعال انداز اختیار کرنا ہو گا۔ دنیا بھر میں کووڈ سے متاثرہ افراد کی تعداد تینتالیس ملین تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد گیارہ لاکھ کے قریب ہے۔
[pullquote]تائیوان اور امریکا کی اسلحہ ڈیل، چین کا سخت ردعمل[/pullquote]
تائیوان اور امریکا کے مابین اسلحے کی فروخت کی ڈیل پر بیجنگ حکومت نے سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی طرف سے آج منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی مفادات اور ملکی سالمیت کی خاطر ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ امریکا نے تائیوان کے ساتھ دو اعشاریہ چار بلین ڈالر کی ایک اہم ڈیل کو حتمی شکل دی ہے۔ چین نے امریکا سے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بگڑنے سے روکنے کی خاطر یہ ڈیل نہ کی جائے۔ چین تائیوان پر اپنا حق جتاتا ہے۔
[pullquote]امریکی وزیر خارجہ کی اپنے بھارتی ہم منصب سے ملاقات[/pullquote]
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیر دفاع مارک ایسپر آج منگل کو اپنے بھارتی ہم منصبوں سبرامنیم جے شنکر اور راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں۔ سالانہ وزارتی سطح کے اس اجلاس میں چین کی بڑھتی ہوئی طاقت سمیت مختلف علاقائی و عالمی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس دو روزہ دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے بھی ملاقات کریں گے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں مائیک پومپیو کا بھارت کا یہ چوتھا دورہ ہے۔
[pullquote]ایمی کونی بیریٹ سپریم کورٹ کی جج منتخب[/pullquote]
امریکی حکمران پارٹی ری پبلکن کی نامزد کردہ امیدوار ایمی کونی بیریٹ کو سپریم کورٹ کا جج منتخب کر لیا گیا ہے۔ امریکی سینیٹ نے پیر کی شب ان کی نامزدگی کو منظور کیا۔ یوں سپریم کورٹ میں ری پبلکن کے نامزد کردہ ججوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے جبکہ تین کو ڈیموکریٹ پارٹی نے اس منصب کے لیے نامزد کیا تھا۔ امریکا میں قانون سازی میں ججوں کا کردار انتہائی اہم ہو سکتا ہے، اس لیے قدامت پسندوں کی اس اکثریت کو ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
[pullquote]چلی کے عوام نے فوجی آمر کا بنایا ہوا آئین مسترد کر دیا[/pullquote]
چلی کے عوام نے چار دہائیوں قبل فوجی آمر کے دور میں بنائے گئے آئین کو مسترد کر دیا ہے۔ اس جنوبی امریکی ملک میں اتوار کو کرائے گئے ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق تقریباﹰ اسی فیصد ووٹرز نے نئے آئین کے حق میں آواز بلند کر دی ہے۔ آئین کی تبدیلی کے چلی میں گزشتہ کئی برسوں سے ایک باضابطہ مہم چلائی جا رہی تھی۔ چلی کا آئین سن 1980ء میں فوجی آمر جنرل آگسٹو پینوچٹ کے دور میں وضع کیا گیا تھا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ موجودہ آئین میں بالخصوص مقامی قدیمی لوگوں کو بنیادی سماجی حقوق کی ضمانت نہیں دی گئی تھی۔
[pullquote]بیلاروس کی حکومت سے یو این ہیومن رائٹس کا مطالبہ[/pullquote]
اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس تحقیق کاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ بیلاروس کی حکومت ’اپنے ہی لوگوں دبانے‘ کا سلسلہ ترک کر دے۔ منگل کے دن ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سابقہ سوویت ریاست میں گزشتہ دو ماہ کے دوران کم ازکم بیس ہزار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ مظاہرین کو شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ بیلاروس میں حالیہ صدارتی انتخابات میں صدر ایلکسانڈر لوکاشینکو کامیاب قرار پائے تھے تاہم اپوزیشن کا الزام ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کی گئی تھی۔ اس کے بعد ملک بھر میں بڑے پیمانے پر مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
[pullquote]امریکا میں پولیس کی فائرنگ سے ایک اور سیاہ فام ہلاک[/pullquote]
امریکی صدارتی انتخابات سے صرف ایک ہفتہ قبل پیش آنے والے اس واقعے نے عوام میں موجود غم وغصہ کو چنگاری دے دی ہے اور وہاں احتجاج کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہو گیا ہے۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کی صبح دو پولیس اہلکاروں نے سیاہ فارم شہری کو ہاتھ میں پکڑی چھری کو گرانے کا حکم دیا لیکن شہری کے انکار پر اور اس والدہ کی جانب سے روکنے کی کوشش کے باوجود پولیس نے اسے گولی مار کر ہلاک کردیا۔27سالہ سیاہ فام شہری والٹر ویلیس کی پولیس فائرنگ سے ہلاکت کے بعد سیکڑوں مظاہرین جمع ہوگئے، مشتعل ہجوم پر قابو پانے کے لیے پولیس کو لاٹھی اور ڈنڈوں کا استعمال کرنا پڑا۔
[pullquote]ایران نے بھی فرانسیسی سفیر کو طلب کر لیا[/pullquote]
فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں کی طرف سے اسلام کے بارے میں متنازعہ بیان جاری کرنے کے بعد مسلم ممالک کی طرف سے مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔ آج منگل کو ایران نے بھی تہران میں تعینات فرانسیسی سفیر کو طلب کر کے اپنا احجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ قبل ازیں ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور پاکستانی وزیر اعظم عمران کے ساتھ سعودی عرب نے بھی ماکروں کے بیان پر شدید تنقید کی تھی۔ ریاض حکومت نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک اس بارے میں شدید تحفظات رکھتے ہیں۔