بدھ : 28 اکتوبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن حکومت کا تمام ریستوراں، شراب خانے اور کلب نومبر کے آخر تک بند کر دینے کا ارادہ[/pullquote]

جرمنی میں چانسلر میرکل کی حکومت کورونا وائرس کے تیز رفتار پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نئے سخت اقدامات کا ارادہ رکھتی ہے۔ انگیلا میرکل اس بارے میں فیصلے کے لیے آج بدھ کے روز تمام سولہ وفاقی صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے ایک آن لائن اجلاس کی صدارت بھی کرنے والی ہیں۔ اس ویڈیو کانفرنس کے ایجنڈے کے مسودے کے مطابق برلن حکومت کا ارادہ ہے کہ ملک میں تمام ریستوراں، شراب خانے اور کلب چار نومبر سے لے کر نومبر کے آخر تک کے لیے بند کر دیے جائیں۔ اس کے علاوہ قوی امکان ہے کہ ملک میں تمام سینما گھر بھی بند کر دیے جائیں گے اور اندرون ملک سیاحوں کے شب بسری کے لیے ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز میں قیام کی بھی ممانعت ہو گی۔

[pullquote]ترک صدر ایردوآن کا خاکہ فرانسیسی جریدے شارلی ایبدو کے ٹائٹل پر، انقرہ حکومت شدید ناراض[/pullquote]

فرانسیسی طنزیہ جریدے شارلی ایبدو نے اپنے ٹائٹل پر ترک صدر رجب طیب ایردوآن کا ایک خاکہ شائع کیا ہے، جس کے خلاف انقرہ حکومت نے شدید احتجاج کیا ہے۔ صدر ایردوآن کے ایک ترجمان نے شارلی ایبدو پر ’ثقافتی نسل پرستی‘ کا الزام عائد کیا ہے۔ اس خاکے کی اشاعت سے گزشتہ ہفتے سے فرانسیسی صدر ماکروں اور ترک صدر ایردوآن کے مابین پایا جانے والا تنازعہ بھی شدید تر ہو گیا ہے۔ ترک صدر کے ترجمان کے مطابق اس خاکے کی اشاعت اس امر کا ثبوت ہے کہ صدر ماکروں کے ’مسلم مخالف‘ ایجنڈے کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ آج بدھ کے روز شارلی ایبدو کے نئے شمارے کے ٹائٹل پر شائع کردہ اس خاکے میں صدر ایردوآن کو ایک ٹی شرٹ اور زیر جامے میں دکھایا گیا ہے اور انہوں نے ہاتھ میں بیئر کا کین پکڑا ہوا ہے۔

[pullquote]بھارت میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد تقریبا آٹھ ملین ہو گئی[/pullquote]

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے دوسرے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت میں اس جرثومے کے متاثرین کی مجموعی تعداد اب آٹھ ملین سے ذرا سی ہی کم رہ گئی ہے۔ ملکی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے تقریباﹰ چوالیس ہزار نئے کیس رجسٹر کیے گئے۔ یوں بھارت میں اس وائرس کے متاثرین کی تعداد اب اناسی لاکھ نوے ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ مزید دس ہزار سے بھی کم کیسز کے بعد یہ تعداد آٹھ ملین کی حد پار کر جائے گی۔ بھارت میں اب تک کووڈ انیس کے ہاتھوں ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے، جہاں متاثرین کی تعداد آٹھ اعشاریہ سات ملین سے زائد ہو چکی ہے۔

[pullquote]ایران میں نطنز کے جوہری مرکز پر نئی تعمیرات، سیٹلائٹ تصویریں جاری کر دی گئیں[/pullquote]

آج بدھ کے روز جاری کردہ سیٹلائٹ تصویروں کے مطابق ایران نے نطنز میں اپنے ایک جوہری مرکز پر نئی تعمیرات شروع کر رکھی ہیں۔ یہ تصویریں امریکی شہر سان فرانسسکو میں قائم ادارے پلینٹ لیبز کی طرف سے جاری کی گئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق امریکا میں صدارتی الیکشن سے محض چند روز قبل ان تصاویر کا اجراء معنی خیز ہے۔ قبل ازیں ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ادارے نے بھی یہ تسلیم کیا تھا کہ ایران اپنی جوہری تنصیبات میں سے ایک پر ایک نیا اور جدید تر سینٹری فیوج اسمبلی پلانٹ تعمیر کر رہا ہے۔ اس ادارے کے سربراہ کے مطابق اقوام متحدہ کی اس ایجنسی کے معائنہ کار اس تعمیراتی منصوبے سے آگاہ ہیں۔

[pullquote]لندن ہیتھرو کے بجائے اب پیرس چارلس ڈیگال یورپ کا مصروف ترین ایئر پورٹ[/pullquote]

برطانوی دارالحکومت لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ کی انتظامیہ کے مطابق ہیتھرو اب یورپ کا مصروف ترین ہوائی اڈہ نہیں رہا۔ اس کے بجائے یہ اعزاز اب فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے چارلس ڈیگال ایئر پورٹ کو حاصل ہو گیا ہے۔ لندن ہیتھرو سے یہ اعزاز چھن جانے کی وجہ کورونا وائرس کی عالمی وبا بنی۔ برطانوی حکومت ہیتھرو پر اترنے والے مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کرانے کی منظوری دینے میں ناکام رہی۔ اسی لیے وہاں اترنے والے مسافر مجبوراﹰ چودہ روز تک قرنطینہ میں رہنے کے بجائے دیگر یورپی ہوائی اڈوں کا انتخاب کرنے لگے۔ اس سال ہیتھرو ایئر پورٹ استعمال کرنے والے مسافروں کی تعداد اندازہﹰ 22.6 ملین رہے گی۔ جون میں یہ اندازہ کافی زیادہ کمی کے باوجود 29.2 ملین لگایا گیا تھا۔ اس سال جنوری سے ستمبر تک لندن ہیتھرو کو ڈیڑھ بلین پاؤنڈ سے زائد یا تقریباﹰ دو بلین ڈالر کا نقصان ہوا۔

[pullquote]یمنی حوثی باغیوں کے کئی مسلح ڈرون تباہ کر دیے گئے، سعودی ٹی وی[/pullquote]

سعودی عرب کی قیادت میں سرگرم عسکری اتحاد نے یمن کی خانہ جنگی میں ایران نواز حوثی باغیوں کے کئی مسلح ڈرون تباہ کر دیے۔ سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی وژن کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ ڈرون سعودی سرزمین کی طرف پرواز کر رہے تھے۔ دوسری طرف حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ انہوں نے کل منگل کے روز یمن کے ساتھ سرحد کے قریب سعودی عرب کے ابھاء ایئر پورٹ پر دھماکا خیز مواد سے لدے ہوئے ایک ڈرون کے ساتھ ایک بڑا اور کامیاب حملہ کیا۔

[pullquote]وبا سے شدید متاثرہ اطالوی اقتصادی شعبوں کی بحالی کے لیے پانچ بلین یورو کا پیکج[/pullquote]

اٹلی میں کووڈ انیس کی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت تر حکومتی انتظامات کے خلاف ایک بار پھر مختلف شہروں میں ہزار ہا شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ متعدد شہروں میں مظاہرین اپنے لیے آزادی کے مطالبے کرتے ہوئے اس بات کے خلاف بھی احتجاج کر رہے تھے کہ اٹلی میں صبح کے وقت ریستوراں اور کئی دیگر شعبوں میں کاروباری اور تجارتی مراکز کھولنے پر پابندی ہے۔ چند شہروں میں پولیس کو مظاہرین کے خلاف آنسو گیس بھی استعمال کرنا پڑی۔ اسی دوران روم حکومت نے ملکی معیشت کے سب سے متاثرہ شعبوں کی اقتصادی بحالی کے لیے پانچ بلین یورو سے زائد کے امدادی پیکج کا اعلان بھی کیا ہے۔ وزیر معیشت روبیرٹو گوآلتیئری نے کہا کہ یہ رقوم وصول کنندگان کو سادہ اور تیز رفتار طریقہ کار کے تحت مہیا کی جائیں گی۔

[pullquote]بھارتی ریاست بہار کی نئی اسمبلی کے لیے عوامی رائے دہی کا پہلا مرحلہ جاری[/pullquote]

غربت کی شکار مشرقی بھارتی ریاست بہار میں آج بدھ کے روز ووٹر نئی علاقائی اسمبلی منتخب کر رہے ہیں۔ اس الیکشن میں ووٹ دینے کے اہل شہریوں کی تعداد ستر ملین کے قریب ہے۔ اسی لیے اس الیکشن کو کورونا وائرس کی وبا کے آغاز کے بعد سے دنیا کے کسی بھی ملک میں قومی یا علاقائی سطح پر عوامی رائے دہی کا سب سے بڑا عمل قرار دیا جا رہا ہے۔ ووٹنگ کے آغاز پر کئی شہروں میں پولنگ اسٹیشنوں کے باہر شہریوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ ان میں سے بہت سے ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ رکھنے کی حکومتی ہدایات پر عمل نہیں کر رہے تھے۔ بہار میں کووڈ انیس کی وبا کے باعث عوامی رائے دہی کا یہ عمل تین مرحلوں میں مکمل ہو گا۔ پہلا مرحلہ آج جب کہ باقی دو مراحل تین اور سات نومبر کو مکمل کیے جائیں گے۔

[pullquote]تنزانیہ میں نئے صدر اور قومی پارلیمان کے انتخاب کے لیے کشیدگی کے ماحول میں رائے دہی[/pullquote]

مشرقی افریقی ملک تنزانیہ میں آج بدھ کے روز کورونا وائرس کی وبا اور پرتشدد واقعات کے باعث کشیدگی کے ماحول میں عوام نئے صدر اور نئی قومی پارلیمان کے انتخاب کے لیے رائے دہی میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس الیکشن میں آٹوکریٹ بنتے جا رہے موجودہ صدر جان ماگُوفُولی دوسری مرتبہ اپنے انتخاب کے خواہش مند ہیں۔ بحر ہند کی اس افریقی ریاست میں گزشتہ چند ماہ سے کافی تناؤ پایا جاتا ہے۔ ملکی اپوزیشن کے مطابق کل منگل کے روز ایک نئے خونریز واقعے میں سکیورٹی دستوں نے پانچ افراد کو گولی مار دی۔ صدر ماگُوفُولی کے بڑے حریف امیدوار اپوزیشن رہنما ٹُنڈُو لِیسُو ہیں، جو عوام میں بہت مقبول ہیں اور ان پر تین سال قبل ایک ناکام قاتلانہ حملہ بھی کیا گیا تھا۔

[pullquote]فٹ بال چیمپئنز لیگ: میؤنشن گلاڈباخ کا میچ برابر، بائرن میونخ کی مسلسل تیرہویں فتح[/pullquote]

امسالہ فٹ بال چیمپئنز لیگ کے ایک میچ میں جرمنی کی بنڈس لیگا کلب بورُوسیا میؤنشن گلاڈباخ کا ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کے ساتھ میچ دو دو گول سے برابر رہا۔گلاڈ باخ نے صفر کے مقابلے میں دو گول کی برتری حاصل کر لی تھی مگر ریئل میڈرڈ نے یکے بعد دیگرے دو گول کر کے اسکور برابر کر دیا، جو آخر تک برابر ہی رہا۔ اس کے برعکس جرمن کلب بائرن میونخ نے ماسکو میں اپنی فتح کا سلسلہ جاری رکھا۔ لوکوموٹیو ماسکو کے خلاف میونخ کی ٹیم نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے فتح حاصل کی، جو چیمپئنز لیگ میں اس جرمن کلب کی مسلسل تیرہویں کامیابی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے