[pullquote]ترکی میں 7.0 شدت کا زلزلہ، متعدد عمارتیں منہدم، 6 افراد جاں بحق[/pullquote]
ترکی میں آنے والے 7.0 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں جبکہ اب تک 6 افراد کے ہلاک اور 120 کے زخمی ہونے کے اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔زلزلہ ترک شہر ازمیر کے گردو نواح میں آیا جس کی شدت امریکی ریکٹر اسکیل کے مطابق 7.0 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے یونان، بلغاریہ اور مصر تک محسوس کیے گئے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق زلزلہ بحیرہ ایجیئن میں آیا جس کے جھٹکے ترکی اور یونان دونوں ممالک کے ساحلی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔امریکی ریاست فلوریڈا میں ریلی سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر جوبائیڈن پر لفظی گولہ باری کی اور کہا کہ بائیڈن وہ سفری پابندیاں ختم کرنا چاہتے ہیں جو خطرناک ترین ممالک پرعائد کی ہیں اور وہ جیت کے بعد مسلم انتہاپسندوں کےلیے امریکا کے دروازےکھول دیں گے۔
[pullquote]نیوزی لینڈ میں اب لوگ اپنی مرضی سے موت کو گلے لگاسکیں گے[/pullquote]
نیوزی لینڈ کے عوام نے اپنی مرضی سے موت کو گلے لگانے کے قانون کی حمایت میں ووٹ دے دیا۔نیوزی لینڈ میں رواں ماہ ہونے والے عام انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے والے شہریوں نے دو اہم معاملات پر ریفرنڈم کیلئے بھی حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔ایک معاملہ اپنی مرضی سے موت کو گلے لگانے کے مجوزہ قانون کی حمایت یا مخالفت اور دوسرا تفریحی مقاصد کیلئے چرس کے استعمال کے مجوزہ قانون کی حمایت یا مخالفت سے متعلق تھا۔نیوزی لینڈ نے مجوزہ قانون پیش کیا تھا کہ ایسے افراد جو موت کے قریب ہوں اور ڈاکٹرز نے انہیں جواب دے دیا ہو وہ اپنی مرضی سے ڈاکٹرز کی نگرانی میں اپنی زندگی کا خاتمہ کرسکیں گے تاہم قانون کے نفاذ سے قبل شہریوں سے ان کی رائے لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔اس ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق 65.2 فیصد لوگوں نے قانون کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 33.8 فیصد نے اس کے خلاف ووٹ دیا جبکہ ابھی بیرون ملک مقیم شہریوں کے ووٹ کی گنتی باقی ہے۔
[pullquote]بائیڈن جیت کے بعد مسلم انتہاپسندوں کیلئے امریکا کے دروازے کھول دیں گے : ٹرمپ[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مدمقابل ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جوبائیڈن جیت کے بعد مسلم انتہاپسندوں کے لیے امریکا کے دروازےکھول دیں گے۔امریکی صدارتی انتخاب کی تاریخ قریب آتے ہی سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ چکی ہے اور دونوں امیدوار ریلیوں کی صورت میں اپنے اپنے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔امریکی صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن اور ری پبلکن امیدوار صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی ریاست فلوریڈا میں موجود تھے جہاں دونوں نے الگ الگ انتخابی ریلیوں میں شرکت کی۔
[pullquote]کشمیر سے متعلق سعودی عرب کے نقشے پر بھارت کا شدید اعتراض[/pullquote]
بھارت نے کشمیر کے نقشے سے متعلق سعودی عرب سے اپنا سخت احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ سعودی عرب نے گزشتہ ہفتے 20 ریال کا نیا کرنسی نوٹ جی 20 سربراہی اجلاس کی صدارت کرنے کی یادگار کے طور پر 24 اکتوبر کو جاری کیا تھا۔ اس پر چھاپے گئے نقشے میں جموں و کشمیر سمیت لداخ کے کسی بھی خطے کو بھارت کا حصہ نہیں دکھایا گیا۔ بھارت کا کہنا ہے کہ علاقائی حدود سے متعلق غلط بیانیوں کے لیے اس نے سعودی عرب سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے فوری طور پر اصلاحی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
[pullquote]امریکا متحدہ عرب امارات کو ایف 35 لڑاکا طیارے فراہم کرے گا[/pullquote]
امریکا نے متحدہ عرب امارات کو انتہائی جدید ایف 35 طیارے فروخت کرنے کی حامی بھر لی ہے۔ اسے متحدہ عرب امارات کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا انعام قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ روز کانگریس کو بتایا کہ یو اے ای کو 50 ایف 35 طیارے فراہم کیے جائیں گے جن کی مالیت 10.4 بلین ڈالرز بنتی ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیل کے پاس بھی اتنی ہی تعداد میں یہ جدید ترین امریکی طیارے موجود ہیں۔
[pullquote]نیوزی لینڈ: عوام نے رضاکارانہ موت قانون کی حمایت کر دی[/pullquote]
نیوزی لینڈ میں 17 اکتوبر کو کرائے گئے ریفرنڈم کے ابتدائی نتائج کے مطابق شہریوں نے ‘سہل مرگی‘ یعنی یوتھینیزیا کو قانونی قرار دینے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک گنتی ہو چکے 83 فیصد ووٹوں کے نتائج کے مطابق 65 فیصد عوام نے یوتھینیزیا کے حق میں اور 34 فیصد نے اس کے خلاف ووٹ دیے۔ اگلے برس نافذ العمل ہونے والے اس قانون کے تحت ضرورت مند افراد کو رضاکارانہ موت کی اجازت مل جائے گی۔ نیوزی لینڈ ’سہل مرگی‘ کے طریقہ کار کو قانونی جواز فراہم کرنے والا دنیا کا چھٹا ملک بن گیا ہے۔ رضاکارانہ موت کے علاوہ بھنگ کے استعمال کی قانونی اجازت کے حوالے سے بھی ریفرنڈم میں سوال شامل کیا گیا تھا تاہم 53 فیصد شہری اس کو قانونی اجازت دینے کے خلاف ہیں۔
[pullquote]کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے تین کارکن فائرنگ سے ہلاک[/pullquote]
بھارتی زیر انتظام کشمیر میں مبینہ عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے تین کارکن مارے گئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوتھ ونگ کے ایک مقامی رہنما سمیت یہ تینوں ارکان ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے جب مبینہ عسکریت پسندوں نے ضلع کلگام میں ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ نریندر مودی نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
[pullquote]جرمنی میں ایک دن میں کورونا کیسز کی نئی ریکارڈ تعداد[/pullquote]
جرمنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 18,681 نئے کیسز سامنے آئے جو کسی ایک دن کے دوران اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ کورونا وبا کے آغاز سے اب تک جرمنی میں کورونا انفیکشن کا شکار ہونے والے افراد کی مجموعی پانچ لاکھ چھ ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے سبب ہونے والی اموات کی تعداد 77 رہی۔ اس طرح یہ بیماری جرمنی میں اب تک 10,349 افراد کی جان لے چکی ہے۔ عالمی سطح پر کورونا انفیکشنز کی تعداد 45 ملین سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 11 لاکھ 81 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
[pullquote]امریکا میں ایک دن کے دوران کورونا کے 90 ہزار سے زائد کیسز[/pullquote]
امریکا میں پہلی مرتبہ کسی ایک دن کے دوران 90 ہزار سے زائد افراد میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوئی۔ امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 91,295 افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ اس طرح امریکا میں اب تک 89 لاکھ 46 ہزار افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ وہاں اسی سبب ہونے والی اموات کی تعداد دو لاکھ 29 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔ امریکا دنیا بھر میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ دوسرے نمبر پر بھارت ہے جہاں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 80 لاکھ 89 ہزار کے قریب ہے جبکہ اموات کی تعداد ایک لاکھ 21 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
[pullquote]جرمن معیشت تیسری سہ ماہی میں 8.2 فیصد کی شرح سے بڑھی[/pullquote]
جرمن معیشت میں رواں برس کی تیسری سہ ماہی میں 8.2 فیصد کی بہتری ہوئی۔ یہ بات جرمنی کے وفاقی ادارہ شماریات نے آج جمعے کے دن بتائی ہے۔ یہ 1970 کے بعد کسی بھی ایک سہ ماہی کے دوران معیشت میں ہونے والی سب سے زیادہ بہتری کی شرح ہے۔ جرمن ادارہ شماریات نے سہ ماہی بہتری کی شرح کا ریکارڈ رکھنے کا آغاز 1970ء میں ہی کیا تھا۔
[pullquote]جرمن فورسز عراق میں مزید 15 ماہ رکیں گی[/pullquote]
جرمن پارلیمان نے عراق میں جرمن فوج کے مشن میں 15 ماہ کی توسیع کرتے ہوئے اس کی مدت جنوری 2022ء تک بڑھا دی ہے۔ عراق میں موجود فوجیوں کی تعداد تاہم دو سو کم کر کے اب 500 کر دی گئی ہے۔ جرمن فوجی آپریشن کا مقصد داعش کے خلاف لڑنے کے لیے عراقی فورسز کی تربیت ہے۔ داعش نے 2014ء میں عراق کے شمالی حصے کے ایک بڑے علاقے پر قبضہ کر لیا تھا تاہم 2017ء میں بین الاقوامی تعاون کے ساتھ فوجی آپریشن کے ذریعے یہ علاقے آزاد کرائے گئے تھے۔
[pullquote]فرانسیسی معیشت میں رواں برس 11 فیصد کی کمی[/pullquote]
فرانسیسی معیشت میں رواں برس اب تک 11 فیصد کی کمی ہو چکی ہے۔ فرانسیسی وزیر خزانہ برونو لے میئر کے مطابق رواں برس ملک کی مجموعی قومی پیداوار میں 11 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ یہ بات انہوں نے سرکاری اعداد وشمار جاری ہونے کے کچھ دیر بعد کہی جن کے مطابق تیسری سہ ماہی کے دوران مجموعی قومی پیداوار میں 18 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ فرانس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو