بدھ : 04 نومبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]انتخابی فراڈ کا الزام، ٹرمپ کا سپریم کورٹ جانے کا اعلان[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھاری اکثریت سے صدارتی الیکشن جیتنے کا دعویٰ کیا ہے اور ساتھ ہی مخالفین پر دھاندلی کے ذریعے ہرانے کی کوشش کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ الیکشن کے نتائج کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ امریکا میں پولنگ ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور کئی ریاستوں میں ہار جیت کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ میں صدر ٹرمپ کے اس بیان کو الیکشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ نے انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار کیا تو یہ صورتحال امریکا کو ایک سنگین بحران کی طرف دھکیل سکتی ہے۔

[pullquote]فلائی دبئی کی طرف سے اسرائیل کے لیے پروازوں کا اعلان[/pullquote]

دبئی کی بجٹ ایئرلائن فلائی دبئی نے رواں ماہ تل ابیب کے لیے براہ راست پروازوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد یہ پہلی باقاعدہ تجارتی سروس ہو گی۔ جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ ایئرلائن ہر ہفتے چودہ پروازیں چلائے گی۔ روزانہ ایک پرواز تل ابیب جائے اور وہاں سے واپس آئے گی۔ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات براہ راست پروازوں میں ویزہ فری انٹری کا معاہدہ بھی کر چکے ہیں۔ مصر اور اردن کے بعد متحدہ عرب امارات اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والا تیسرا عرب ملک تھا۔

[pullquote]شام میں حکومتی فورسز کی بمباری، سات شہری ہلاک[/pullquote]

شامی فوج کی بمباری کے نتیجے میں باغیوں کے زیرکنٹرول علاقے میں سات شہری مارے گئے ہیں، جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق آریہا نامی علاقے میں بیس شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ صوبہ ادلب کا شمال مغربی علاقہ اسد مخالف باغیوں کے زیرقبضہ آخری علاقہ ہے۔ ایک ہفتہ قبل اسی علاقے میں روسی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں تقریبا اسی ترک حمایت یافتہ باغی ہلاک ہو گئے تھے۔ شام میں سن دو ہزار گیارہ میں خانہ جنگی کے آغاز سے اب تک تین لاکھ اسی ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب میں غیر ملکی کارکن: روزگار کی سخت شرائط میں نرمی[/pullquote]

سعودی حکومت نے ملک میں کئی ملین غیر ملکی کارکنوں کے لیے روزگار کی بہت سخت اور متنازعہ شرائط میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔ اب وہاں مہمان کارکن اپنے کفیل کی اجازت کے بغیر باآسانی ملازمتیں بدلنے اور ملک چھوڑنے کے اہل ہو جائیں گے۔ اس فیصلے سے ایک کروڑ سے زائد کارکنوں کو فائدہ ہو گا۔ افرادی قوت کے نائب وزیر عبداللہ بن ناصر ابوثنین کے مطابق ملکی لیبر مارکیٹ میں ان قانونی اصلاحات کا نفاذ 14 مارچ 2021ء سے ہو گا۔ ابوثنین نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد روزگار کی سعودی منڈی کو غیر ملکی کارکنوں کے لیے مزید پرکشش بنانا ہے۔

[pullquote]جو بھی امریکی انتخابات جیتے، ایرانی پالیسی تبدیل نہیں ہو گی، خامنہ ای[/pullquote]

ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا کے صدارتی انتخابات کے نتائج خواہ جیسے بھی ہوں تہران کی واشنگٹن کے حوالے سے پالیسی تبدیل نہیں ہو گی۔ خامنہ ای تہران میں امریکی سفارت خانے پر سن انیس سو اناسی میں طلبہ کے قبضے کی یادگاری تقریب کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے خطاب میں ایرانی رہنما نے کہا کہ ایران کبھی بھی امریکا کے دباؤ میں نہیں آئے گا۔ امریکی سفارت خانے پر ایرانی طلبہ کے قبضے کی یاد میں ہر سال ایران میں بڑے پیمانے پر ریلیوں کا انعقاد ہوتا ہے تاہم کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اس مرتبہ جلوس اور دیگر پروگرام منسوخ کر دیے گیے ہیں۔

[pullquote]ویانا میں حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی[/pullquote]

یورپی ملک آسٹریا میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری جہادی تنظیم داعش نے قبول کر لی ہے۔ ویانا میں ہونے والے اس حملے کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور بائیس دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ دو روز قبل مقدونیہ سے تعلق رکھنے والے بیس سالہ حملہ آور کو پولیس نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ دریں اثنا پولیس نے اس حملے میں ملوث ہونے کے شبے میں کم از کم چودہ افراد کو عارضی بنیادوں پر گرفتار کر لیا ہے۔ قبل ازیں سکیورٹی حکام نے کسی مزید ممکنہ حملے کے پیش نظر عوام سے گھروں پر اور محتاط رہنے کی اپیل کی تھی۔

[pullquote]امریکا پیرس عالمی ماحولیاتی معاہدے سے علیحدہ ہو گیا[/pullquote]

امریکا تحفظ ماحول سے متعلق سن دو ہزار پندرہ کے پیرس معاہدہ سے باضابطہ طور پر الگ ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ وہ ضرر رساں گیسوں کے اخراج پر قابو پانے کے مقصد کے لیے بین الاقوامی ماحولیاتی معاہدے سے الگ ہونے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ امریکا چین کے بعد ضرر رساں گیسوں کا اخراج کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے گزشتہ برس اقوام متحدہ کو اس معاہدے سے امریکا کے الگ ہونے کا نوٹس دیا تھا، جسے بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ معاہدے سے باضابطہ الگ ہونے کے لیے نوٹس دینے کے بعد کم از کم ایک برس تک لازمی طور پر انتظار کرنا پڑتا ہے، یہ مدت بدھ کے روز پوری ہوئی۔ اگر جو بائیڈن صدارتی انتخابات جیتتے ہیں تو امریکا اس معاہدے میں دوبارہ شامل ہو سکتا۔

[pullquote]کورونا وائرس، اٹلی میں رات کا کرفیو نافذ کرنے کا اعلان[/pullquote]

کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے اٹلی نے جمعرات سے رات کا کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ دوسری جانب یورپی ملک ہالینڈ اور ہنگری نے بھی پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔ زیادہ تر یورپی ممالک کو اس وقت کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔ گزشتہ سوموار کو جرمنی، بیلجیم اور پرتگال نے بھی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ فرانس میں گزشتہ روز اب تک کے ریکارڈ کورونا کیسز سامنے آئے تھے، جس کے بعد حکومت نے پیرس جیسے بڑے شہروں میں کرفیو نافذ کرنے کا عندیا دیا تھا۔

[pullquote]کورونا وائرس: معاشی امدادی پیکج پر بات چیت جلد مکمل ہونی چاہیے، جرمنی[/pullquote]

جرمن وزیر خزانہ اولاف شولز نے یورپی یونین کے رکن ممالک سے کورونا وائرس کے تناظر میں معاشی بحالی کے امدای پیکج سے متعلق بات چیت کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی اپیل کی ہے۔ کورونا وائرس کے سبب پیدا ہونے والے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے امدادی پیکج پر یورپی پارلیمان اور حکومتوں کے درمیان شدید اختلافات ہیں۔ یورپی یونین نے معاشی بحران سے نکلنے کے لیے دو کھرب سے بھی زیادہ امریکی ڈالر کے ایک امدادی پیکج پر اتفاق کیا تھا لیکن اسے ابھی تک حتمی شکل نہیں دی جا سکی۔

[pullquote]سمندری طوفان، نکاراگوا اور ہنڈوراس میں خطرے کی گھنٹی[/pullquote]

سمندری طوفان ایٹا کی آمد سے پہلے وسطی امریکی ممالک نکاراگوا اور ہنڈوراس میں خطرے کی گھنٹی بجا دی گئی ہے۔ کیٹیگری دو کا سمندری طوفان ان ملکوں کی جانب بڑھ رہا ہے اور حکام نے ساحلی علاقوں میں تباہی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ان ممالک نے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ سطح سمندر میں پانچ میٹر تک اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے