جمعرات : 05 نومبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جوبائیڈن صدارتی دوڑ میں بدستور آگے[/pullquote]

امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ رہنما جوبائیڈن بدستور سبقت لیے ہوئے ہیں، تاہم اب بھی اس کانٹے دار مقابلے میں فتح یا شکست کے حوالے سے کوئی حتمی رائے نہیں دی جا سکتی۔ مشی گن اور وِسکونسن ریاستوں میں جیت کے ساتھ ہی جوبائیڈن فتح کے لکیر کے خاصے قریب پہنچ گئے ہیں۔ دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان ریاستوں میں انہیں دھوکے کے ذریعے ہرایا گیا ہے اور انہوں نے ووٹوں کی گنتی رکوانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔ یہ بات اہم ہے کہ اس وقت جو بائیڈن کو 264 الیکٹورل ووٹ حاصل ہیں جب کہ ان کے حریف اور موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 214 ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ فتح کے لیے صدارتی امیدواروں کو کم از کم 270 الیکٹورل ووٹس حاصل کرنا ہوتے ہیں۔

[pullquote]متعدد امریکی شہریوں میں مظاہرے اور گرفتاریاں[/pullquote]

امریکی شہر پورٹ لینڈ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا اور ان کے قبضے سے ہتھوڑے، آتش بازی کا مواد اور ایک رائفل برآمد ہوئی۔ اس سے قبل اوریگن ریاست کے گورنر نے ’تشدد کے خطرات‘ کے پیش نظر نیشنل گارڈز کو فعال کر دیا تھا۔ دوسری جانب نیویارک پولیس نے بھی بتایا ہے کہ گزشتہ شب اس نے شہر میں جاری احتجاج میں شامل 50 افراد کو حراست میں لیا۔ امریکا میں کانٹے دار صدارتی انتخابات کے تناظر میں اٹلانٹا، اوکلینڈ اور ڈیٹروئٹ میں بھی مظاہروں کی اطلاعات ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس، سویڈش وزیراعظم قرنطینہ[/pullquote][pullquote]

سویڈن کے وزیراعظم اشٹیفن لوفوین نےکورونا وائرس کے تناظر میں سیلف آئیوسولیشن کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہےکہ سویڈش وزیراعظم کے ایک قریبی ساتھی کی ملاقات ایک ایسے شخص سے ہوئی، جس میں بعد میں کورونا وائرس کی تشخیص کی گئی۔ اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں لوفوین نے لکھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ سیلف آئیسولیٹ ہو رہے ہیں اور فی الحال گھر سے کام کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جلد از جلد اپنا کورونا ٹیسٹ کروائیں گے۔

[pullquote]الزام کا سامنا کرنے لیےکوسووو کے صدر مستعفٰی[/pullquote]

کوسووو میں صدر ہاشم تھاچی جمعرات کے روز عالمی عدالت میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم جیسے الزامات کا سامنا کرنے کے لیے اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ تھاچی سن 1990 کی دہائی میں سربیا کے خلاف لڑی جانے والی آزادی کی جنگ میں ایک عسکری لیڈر تھے۔ تھاچی نے دارالحکومت پریشٹینا میں جمعرات کو ایک نیوز کانفرنس میں مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اس اقدام کا مقصد کوسووو کی سالمیت اور وقار کے تحفظ کے لیے ہے۔

[pullquote]ویانا حملہ آور تیزی سے شدت پسندانہ نظریات کی جانب مائل ہوا، ڈی ریڈیکلائزیشن کونسلر[/pullquote]

گزشتہ ہفتے ویانا میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں ملوث مشتبہ حملہ آور کے ڈی ریڈیکلائزئشن کونسلر نے کہا ہے کہ کُجتم فجضولائی حالیہ کچھ عرصے میں تیزی سے شدت پسندانہ نظریات کی جانب مائل دیکھا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اشارے تاہم نہیں ملے تھے، جن کی بنیاد پر کہا جا سکتا کہ وہ کسی دہشت گردانہ حملے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ واضح رہے کہ اس حملہ آور کو دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ میں شمولیت کی کوشش کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی اور گزشتہ برس دسمبر میں مشروط طور پر رہا کیا گیا تھا۔ ویانا میں فائرنگ کر کے چار افراد کو ہلاک اور بیس دیگر کو زخمی کرنے والا یہ حملہ آور پولیس کی گولی کا نشانہ بن گیا تھا اور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا تھا۔

[pullquote]فلپائن میں منشیات کے خلاف جنگ میں ہلاک ہونے والی کی تعداد آٹھ ہزار[/pullquote]

فلپائنی پولیس نے بتایا ہے کہ گزشتہ چار برس سے منشیات کے خلاف جاری جنگ میں مجموعی طور پر آٹھ ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے چار برس قبل برسراقتدار آنے کے بعد ملک بھر میں منشیات فروشوں اور اس دھندے میں ملوث افراد کے خلاف جنگ کا اعلان کیا تھا۔ پولیس کی جانب سے جمعرات کے روز بتایا گیا ہے کہ فقط ستمبر اور اکتوبر کے مہینوں میں پولیس نے اس سلسلے میں نو ہزار کارروائیاں کیں، جن میں ایک سو انیس مشتبہ افراد ہلاک ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جولائی 2016 سے اب تک دو لاکھ چونسٹھ ہزار چھتیس ایسے آپریشن کیے گئے ہیں، جن میں تین لاکھ ستاون ہزار انہتر افراد کو گرفتار کیا گیا۔

[pullquote]کورونا وائرس، سربیا کے آرتھوڈاکس چرچ کے سربراہ ہسپتال میں[/pullquote]

سربیا کے آرتھوڈاکس چرچ کے 90 سالہ سربراہ پیڑیارچ ایرینج کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ہسپتال منتقل ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے مونٹینگیرو میں ایک بڑے دعائیہ اجتماع میں شرکت بھی کی تھی۔ مانٹینیگرو میں چرچ کے سربراہ بھی کووِڈ انیس کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔ بدھ کے روز سربیا کے آرتھوڈاکس چرچ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایرینیج میں کووِڈ انیس کی علامات نہیں دیکھی گئی ہیں، تاہم احتیاطی طور پر انہیں ہسپتال میں پہنچایا گیا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے نئے متاثرین کی تعداد بیس ہزار کے قریب[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ نئے افراد کی تعداد بیس ہزار کے قریب پہنچ گئی۔ جمعرات کے روز حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں انیس ہزار نو سو نوے افراد میں اس وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس سے قبل سب سے زیادہ تعداد ہفتے کے روز سامنے آئی تھی اور وہ انیس ہزار انسٹھ تھی۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس اضافے کی ایک ممکنہ وجہ ملک بھر میں ٹیسٹس میں نمایاں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔ جرمنی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تناظر میں رواں ماہ کے آخر تک لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ جرمنی میں نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد اب چھ لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔

[pullquote]میراڈونا دماغ کے آپریشن کے بعد صحت یابی کی جانب[/pullquote]

ارجنٹائن کے مایہ ناز فٹ بالر ڈیگو میراڈونا کے دماغ کی سرجری کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اب ساٹھ سالہ میراڈونا کی صحت بہتری کی جانب مائل ہے۔ ان کے ڈاکٹروں کے مطابق وہ میراڈونا کے دماغ سے بلڈ کلوٹ نکالنے کے بعد ان کی ریکوری کی رفتار پر حیران ہیں۔ منگل کی شب ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں میراڈونا کا 80 منٹ دورانیے پر محیط آپریشن کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ میراڈونا نے جمعے کے روز اپنی 60ویں سالگرہ منائی تھی۔

[pullquote]آسٹریلیا میں ’غیرملکی مداخلت کے نئے قوانین‘ کے تحت پہلی بار مقدمہ[/pullquote]

آسٹریلیا میں ’غیرملکی مداخلت کے نئے قوانین‘ کے تحت پہلی مرتبہ ایک شخص پر مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔بتایا گیا ہے کہ ایک ملزم کو غیرملکی خفیہ ادارے سے رابطے کے الزام کے تحت جمعرات کو میلبورن میں ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔ سن 2018 میں آسٹریلیا میں جاسوسی اور غیرملکی مداخلت کا قانون منظور کیا گیا تھا۔ اس قانون کے تحت ایسے کسی جرم میں ملوث کسی شخص کو سزا دس برس قید تک کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ غیرملکی مداخلت کے معاملے کی چھان بین کے تحت 16 اکتوبر کو آسٹریلیا کی وفاقی پولیس نے میلبورن شہر میں متعدد مقامات پر چھاپے بھی مارے تھے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے