پیر 09 نومبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]آسٹریا میں اخوان المسلمون کے خلاف چھاپے[/pullquote]

آسٹریا میں پولیس اور محکمہ انصاف نے اسلام پسند تنظیم اخوان المسلمون اور فلسطینی تنظیم حماس کے حامیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق متعدد وفاقی ریاستوں میں 60 سے زائد مقامات کی تلاشی لی گئی۔ اس وقت دہشت گرد گروہوں، منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی اعانت کے شبے میں 70 سے زائد مشتبہ افراد کے ساتھ ساتھ مشتبہ انجمنوں کی سرگرمیوں کی چھان بین اور تحقیقات کی جارہی ہیں۔ حکام کے مطابق اخوان المسلمون کوئی مذہبی تنظیم نہیں ہے، بلکہ بنیاد پرست، اسلام پسند ایک عالمی تحریک ہے جسے یہود دشمن اتحاد کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

[pullquote]امریکا میں کورونا انفیکشنز ایک کروڑ[/pullquote]

امریکا میں کورونا انفیکشنز کی تعداد ایک کروڑ جبکہ دنیا بھر میں یہ پانچ کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ جبکہ یہ وائرس عالمی سطح پر اب تک 12 لاکھ 57 ہزار کے قریب انسانی جانیں لے چکا ہے۔ دوسری طرف کووڈ انیس سے صحتیاب ہونے والوں کی عالمی تعداد 33,051,085 ہو چکی ہے۔ اس طرح امریکا دنیا بھر میں پہلا ایسا ملک بن گیا ہے جہاں کورونا کی وباء کے آغاز سے اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ یعنی 10 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ امریکا کے بعد بھارت دنیا میں کورونا سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45,903 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد وہاں اس وائرس سے متاثرین کی کل تعداد 8,553,657 تک پہنچ گئی ہے۔ کووڈ انیس اب تک بھارت میں مجموعی طور پر 126,611 جانیں لے چکا ہے۔

[pullquote]میرکل یورپ اور امریکا کے مابین قریبی تعاون کی خواہاں[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ایک بار پھر نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی نائب صدر کملا ہیرس کو مبارکباد پیش کی ہے۔ میرکل نے ساتھ ہی بین البراعظم اتحاد پر زور دیا ہے۔ برلن میں ایک بیان دیتے ہوئے میرکل نے کہا کہ امریکا اور ’یورپی یونین کے ایک اہم رکن کی حیثیت سے جرمنی‘ کو موجودہ وقت کے اہم چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کھڑا ہونا چاہیے۔ جرمن چانسلر نے مزید کہا کہ کورونا بحران، گلوبل وارمنگ اور بین الاقوامی دہشت گردی کا ’’شانہ بہ شانہ‘‘ مقابلہ کرنا ہے اور ’’کھلی دنیا کی معیشت اور آزاد تجارت‘‘ کے لیے مل کر لڑنا ہوگا۔ میرکل کے بقول، ’’یہی بحر اوقیانوس کے دونوں اطراف خوشحالی کی اساس ہے۔‘‘

[pullquote]بغداد میں دہشت گردانہ حملہ، 11 ہلاکتیں[/pullquote]

عراقی دارالحکومت بغداد میں ہوائی اڈے کے قریب ایک فوجی چوکی پر شدت پسند گروپ داعش کے حملے میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔عراقی فوج کے ذرائع کے مطابق داعش کے ایک گروپ نے الردوانیہ میں عراقی فوج کی ایک چوکی پر اتوار کو رات گئے حملہ کیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور چار گاڑیوں میں سوار ہوکر آئے تھے۔ انہوں نے چوکی پر گرینیڈ اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ اس فوجی چوکی پر حاشد قبائلی فورسز کے جوان تعینات تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حملے میں حاشد قبیلے کے پانچ جوان اور چھ مقامی افراد مارے گئے، جو اس حملے کو ناکام بنانے کے لیے وہاں آئے تھے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی اور پولیس فورسز نے حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔

[pullquote]جارج بُش کی جو بائیڈن کو ’واضح اور ایماندارانہ‘ کامیابی پر مبارک باد[/pullquote]

سابقہ ​​ریپبلکن امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے حالیہ امریکی صدارتی انتخاب جیتنے پر ڈیموکریٹ لیڈر جو بائیڈن کو مبارک باد دی ہے۔ بش کا اس موقع پر کہنا تھا کہ موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر بائیڈن کی فتح مکمل طور پر منصفانہ ہے اور انہیں ’واضح‘ نتائج کے ساتھ جیت حاصل ہوئی ہے۔ جارج بُش کے بقول تمام تر سیاسی اختلافات کے باوجود وہ جانتے ہیں کہ جو بائیڈن ایک اچھے انسان ہیں۔ بش 2001 ء سے 2009ء تک امریکی صدر رہ چُکے ہیں۔ جو بائیڈن کی کامیابی پر اب تک، چند با اثر ری پبلیکنز نے بائیڈن کو مبارکباد دی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ انتخابات میں دھاندلی کا مسلسل دعویٰ کر رہے ہیں لیکن انہوں نے اب تک اس کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا ہے۔

[pullquote]کورونا ویکسینیشن کی ترجیحات پر برلن میں بات چیت[/pullquote]

جرمن حکومت کے سائنسی مشیر آج دارالحکومت برلن میں کورونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن سے متعلق مستقبل کی ترجیحات کے بارے میں حکومت کو اپنی تجاویز پیش کر رہے ہیں۔ رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ میں قائم نیشنل سائنس اکیڈمی لیوپولڈینا اور قائمہ ویکسینیشن کمیشن مشترکہ طور پر ایک پیپر پیش کر رہے ہیں۔ جرمن وفاقی حکومت پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے شدید خطرات سے دو چار اور صحت کی دیکھ بھال کے اداروں میں کام کرنے والے اہلکاروں کو ترجیحی بنیادوں پرویکسین فراہم کی جانا چاہیے۔ وزیر صحت ژینس اشپاہن یہ بات متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ عوام کے لیے یہ لازمی نہیں ہو گا کہ ضرور ویکسینیشن کرائیں۔

[pullquote]یہودیت مخالفت کے سدد باب کے لیے سخت اقدامات کریں گے، جرمن صدر[/pullquote]

جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر نے جرمنی میں سامیت مخالفت پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر ان کے لیے خجالت کا باعث ہے کہ جرمنی میں یہودی اپنی مخصوص ٹوپی کیپا پہن کر سڑکوں پر نکلنے میں خود کو غیر محفوظ محسوس کر تے ہیں اور یہ کہ یہودیوں کی عبادت گاہوں کو یہاں تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ وفاقی جرمن وزیر انصاف کرسٹینے لامبرشٹ نے یہودیوں کے خلاف نفرت آمیز بیانات کی انٹر نیٹ پر اشاعت کے خلاف سخت کریک ڈاؤن سے خبردار کیا ہے۔ جرمن صدر اور وزیر انصاف کی طرف سے یہ بیانات جرمن تاریخ کے اُن واقعات کے تناظر میں سامنے آئے ہیں جب 1938ء میں نو اور دس نومبر کی درمیانی شب نیشنل سوشلسٹوں نے جرمنی میں یہودیوں کی متعدد عبادت گاہوں، گھروں اور دکانوں کو نذر آتش کر دیا تھا اور یہودی شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ ان کا قتل کیا گیا تھا۔

[pullquote]ہالینڈ کے پروٹسٹنٹ چرچ کی جانب سے یہودیوں پر ظلم و ستم کا اعتراف[/pullquote]

ہالینڈ کے پروٹسٹنٹ چرچ )پی کے این( نے گزشتہ روز اس غلطی کا اعتراف کر لیا کہ دوسری عالمی جنگ کے دوران وہ یہودیوں کی مدد کرنے کے لیے کوئی خاص اقدام اٹھانے میں ناکام رہا تھا۔ پی کے این کے چیئرمین رینے ڈی ریویئر کا کہنا تھا کہ جرمنی میں ہٹلر کے اقتدار میں آنے سے کہیں پہلے ہی گرجا گھروں کی ایسی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب ‘پی کے این’ نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ چرچ نے، ’’وہ بنیادیں رکھیں جس کے تحت یہود مخالف جذبات اور نفرت پروان چڑھی۔ چرچ کو ان غلطیوں کا اعتراف ہے اور موجودہ دور میں اسے اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا بھی احساس ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ’’یہود دشمنی خدا کی نافرمانی اورگناہ کے مترادف ہے۔ نازی جرمنی میں یہودیوں کو خوفزدہ اور ہراساں کرنے کے لیے ’کرسٹل ناخٹ‘ یعنی ’شکستہ شیشوں کی شب‘ کے نام سے ایک پروگرام ترتیب دیا گیا تھا اور اسی کی یاد میں ہر سال اس پروگرام کا انعقاد ہوتا ہے۔ یہ واقعہ نو نومبر سن 1938 کا ہے جب جرمنی اور آسٹریا میں ایک ساتھ یہودیوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان واقعات میں کم از کم 81 افراد ہلاک ہوئے تھے اور 30 ہزار یہودیوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔ سن 1940 میں جرمنی نے نیدر لینڈ پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد وہاں رہنے والے تقریباً ایک لاکھ 40 ہزاریہودیوں کا قتل کیا گیا۔

[pullquote]اوربان کی یورپی یونین کے بجٹ کو ویٹو کرنے کی دھمکی[/pullquote]

ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان نے یورپی یونین کے بجٹ کو ویٹو کرنے کی دھمکی دی ہے۔ انہوں نے ایسا یورپی یونین کی طرف سے ایک قانونی میکانزم کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں کیا ہے۔ ہنگری کے نیوز پورٹل مانڈینر کے مطابق اوربان نے یورپی یونین کونسل کی صدارت اور دیگر یورپی حکومتوں کو اس بارے میں ایک خط بھیجا ہے۔ یورپی یونین کی پارلیمنٹ اور ممبر ممالک یورپی یونین کے فنڈز کی تقسیم کو قانون کی حکمرانی کی تعمیل سے مشروط کرنا چاہتے ہیں۔ اوربان کا موقف ہے کہ مجوزہ پابندیوں کا طریقہ کار سیاسی استحصال کے مواقع پیدا کرے گا۔

[pullquote]ایردوآن کے داماد ترکی کے وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے داماد نے وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے تقریباﹰ پانچ سال وزیر خزانہ کی حیثیت سے کام کیا۔ بیرات البیرک نے اعلان کیا کہ وہ صحت کی خرابی کی وجہ سے اپنی وزارتی ذمہ داریاں جاری نہیں رکھنا چاہتے ہیں۔ پچھلے کچھ مہینوں کے دوران ترک لیرا کی قدر و قیمت میں ڈرامائی کمی آئی ہے۔ ترک منڈیوں میں افراط زر اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے بارے میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ترکی ان دنوں معاشی بحران کا شکار ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے