منگل : 10 نومبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سينئر فلسطينی مذاکرات کار صائب عریقات انتقال کر گئے[/pullquote]

سينئر فلسطينی مذاکرات کار صائب عریقات 65 برس کی عمر ميں انتقال کر گئے ہيں۔ ان کی الفتح پارٹی کی جانب سے آج منگل 10 نومبر کی صبح يہ اطلاع دی گئی۔ عریقات گزشتہ ماہ سے کورونا وائرس ميں مبتلا تھے اور ان کا علاج جاری تھا۔ کورونا کی وجہ سے ان کی حالت بگڑنے کے بعد انہيں اکتوبر کے وسط ميں يروشلم کے ايک ہسپتال منتقل کر ديا گيا تھا۔ عریقات دو دہائيوں تک فلسطين کے چيف مذاکرات کار رہے اور انتقال سے قبل وہ فلسطينی لبريشن آرگنائزيشن (PLO) کے سيکرٹری جنرل کے عہدے پر فائز تھے۔ صائب عریقات فلسطينی جدوجہد ميں سرکردہ شخصيات ميں سے ايک ہيں۔ صدر محمود عباس نے ان کے انتقال پر تين روزہ سوگ کا اعلان کيا ہے۔

[pullquote]امريکا ميں اليکشن کے دوران مبينہ دھاندلی اور بے ضابطگيوں کی تفتيش کی اجازت[/pullquote]

امريکی اٹارنی جنرل وليم بار نے وفاقی استغاثہ کے اہلکاروں کو صدارتی اليکشن کے دوران مبينہ دھاندلی اور بے ضابطگيوں کی تفتيش کی اجازت دے دی ہے۔ بار نے پير کے روز اس سلسلے ميں مختلف رياستوں کے اٹارنی جنرلز کو خطوط ارسال کرتے وقت بتايا کہ فی الحال فراڈ کے ثبوت سامنے نہيں آئے۔ امريکی ذرائع ابلاغ ميں يہ خبريں بھی گردش کر رہی ہيں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قريبی ساتھی وليم بار کی جانب سے اس اجازت کے بعد محکمہ انصاف کے اليکشن کے دوران اس طرز کے جرائم کی تفتيش کرنے والے ذيلی محکمے کے سربراہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہيں۔ امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوينيا، نيواڈا، جارجيا اور ايريزونا ميں معمولی فرق سے ہارے، جس کے بعد وہ فراڈ کے الزامات لگا رہے ہيں۔

[pullquote]اردن ميں عام انتخابات[/pullquote]

اردن ميں آج عام انتخابات کے سلسلے ميں ووٹنگ جاری ہے۔ تقريباً ساڑھے چار ملين اردنی شہری رائے دہی کے اہل ہيں۔ ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے تک جاری ہے جب کہ ابتدائی نتائج آئندہ چند دنوں ميں متوقع ہيں۔ وسائل کی کمی کے شکار اور بيرونی مدد پر انحصار کرنے والے ملک اردن کی معيشت پر مجموعی قومی پيداوار سے بھی زائد قرض چڑھا ہوا ہے۔ کورونا کی وبا کے باعث سخت حفاظتی انتظامات کيے گئے ہيں اور مختلف مقامات پر پچاس ہزار سکيورٹی اہلکار پہرہ دے رہے ہيں۔ اردن ميں پارليمان کے اختيارات محدود ہيں جبکہ فيصلہ سازی شاہ کے خصوصی احکامات کے ذريعے ہوتی ہے۔

[pullquote]ميانمار ميں عام انتخابات، سوچی کی پارٹی کا جيت کا دعویٰ[/pullquote]

ميانمار ميں آنگ سان سوچی کی حکمران جماعت نيشنل ليگ فار ڈيموکريسی (NLD) نے انتخابات ميں کاميابی کا دعویٰ کيا ہے۔ حکمران جماعت کے ترجمان نے اب تک 322 سے زائد سيٹيں جيتنے کا دعویٰ کر ديا ہے۔ گو اتوار کو منعقدہ اليکشن ميں فی الحال چند ہی رياستوں کے غير حتمی نتائج سامنے آئے ہيں۔ پارليمان کی مجموعی طور پر 642 نشستوں ميں سے اب تک صرف نو کے نتائج کا اعلان کيا گيا، جو سب اين ايل ڈی نے جيتيں۔ اليکشن کميشن نے کہا ہے کہ حتمی نتائج سامنے آنے ميں ايک ہفتہ لگ سکتا ہے۔

[pullquote]ايران ميں سينکڑوں قيديوں کے ليے معافی[/pullquote]

ايران ميں حکومت مخالف مظاہروں ميں شرکت کے الزام پر زير حراست 157 افراد کے ليے معافی کے احکامات جاری کر ديے گئے ہيں۔ عدليہ کے ترجمان غلام حسين اسماعيلی نے کيا کہ حکومت اور نظام کے خلاف پراپيگنڈا پھيلانے اور گزشتہ تين برسوں سے احتجاجی مظاہروں ميں شرکت کرنے والے ان تمام افراد کو آزاد کيا جا رہا ہے۔ پيغبر اسلام کے یوم پیدائش کے سلسلے ميں علامتی طور پر پچھلے ہفتے بھی 3,780 قيديوں کو معاف کيا گيا تھا۔ ايران ميں مظاہرين کے خلاف کريک ڈاؤن کی عالمی سطح پر مذمت جاری تھی۔ امريکی پابنديوں کے باعث اقتصادی بدحالی، افراط زر ميں اضافہ اور ايندھن کی قيمتوں ميں اضافے پر ايرانی عوام تواتر سے مظاہرے کرتے آئے ہيں۔ حکام کا الزام ہے کہ ايسی احتجاجی تحريکوں کو بيرونی مدد حاصل تھی۔

[pullquote]امريکی وزير دفاع مارک ايسپر عہدے سے فارغ[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی وزير دفاع مارک ايسپر کو ان کے عہدے سے فارغ کر ديا ہے۔ ايسپر ٹرمپ کے دور اقتدار ميں چوتھے وزير دفاع تھے۔ اطلاعات ہيں کہ انہيں صدر کے ساتھ اختلافات، بالخصوص ملک ميں احتجاجی مظاہروں کے دوران عوام کے خلاف طاقت کے استعمال کے معاملے ميں صدر کے ساتھ عدم تعاون کی بنياد پر ان کے عہدے سے فارغ کيا گيا۔ پير کو سامنے آنے والی اس پيش رفت کے بعد انتظاميہ کے سينئر ارکان تشويش ظاہر کر رہے ہيں اور ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے حکومت عدم استحکام کا شکار ہو سکتی ہے۔ ايسی اطلاعات بھی ہيں کہ صدر ٹرمپ ايف بی آئی کے ڈائريکٹر کرس ويری اور سی آئی اے کی ڈائريکٹر جينا ہاسپل کو بھی ان سے عہدوں سے ہٹانا چاہتے ہيں کيونکہ ان کے خيال ميں ان دونوں نے اليکشن ميں ان کی مدد نہیں کی۔

[pullquote]جو بائيڈن ڈيل کی شرائط کا احترام کريں، افغان طالبان[/pullquote]

آج منگل کی صبح افغان طالبان کا ايک بيان سامنے آيا ہے، جس ميں انہوں نے امريکا کے منتخب صدر جو بائيڈن پر زور ديا ہے کہ وہ دوحہ ميں اس سال طے پانے والی ڈيل کی شرائط پر عمل پيرا رہيں۔ طالبان کا زور افغانستان سے امريکی افواج کے مئی تک مکمل انخلاء سے متعلق شرط پر تھا۔ افغان طالبان ان دنوں کابل حکومت کے ساتھ مذاکراتی عمل ميں شامل ہيں البتہ ملک ميں تشدد کی تازہ لہر بھی جاری ہے۔ رواں سال 29 فروری کو دوحہ ميں امريکا اور طالبان کے مابين ڈيل طے پائی تھی، جس ميں امريکا نے مئی تک تمام فوجی دستوں کے انخلاء اور طالبان نے پر تشدد کارروائياں ترک کرنے کی يقين دہانی کرائی تھی۔

[pullquote]نگورنو کاراباخ: آرمينيا اور آذربائيجان کے مابين روس کی ثالثی ميں جنگ بندی ڈيل[/pullquote]

نگورنو کاراباخ ميں جھڑپوں کے خاتمے کے ليے آرمينيا اور آذربائيجان کے مابين ايک اور جنگ بندی معاہدے پر اتفاق ہو گيا ہے۔ فائر بندی ڈيل پر عملدرآمد آج صبح ہی سے شروع ہوا۔ اس دوران روس کے سينکڑوں امن دستے بھی نگورنو کاراباخ کی طرف گامزن ہيں۔ جنگ بندی کے اس تازہ معاہدے پر آرمينيا ميں بے چينی پائی جاتی ہے۔ دارالحکومت يريوان ميں احتجاجی مظاہرين نے وزير اعظم کا استعفی مانگتے ہوئے کافی توڑ پھوڑ کی۔ روسی صدر ولاديمير پوٹن نے اعلان کيا ہے کہ تنازعے کے حل کے ليے فريقين فی الحال مکمل جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہيں۔

[pullquote]کورونا کے متاثرين تقريباً 51 ملين، ويکسين کی خبر پر بازار حصص ميں مثبت رجحان[/pullquote]

چينی شہر ووہان سے گزشتہ برس کے اواخر ميں پھيلنے والا نيا کورونا وائرس اب تک دنيا کے 50.9 ملين افراد کو متاثر کر چکا ہے۔ بارہ لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد افراد اس وہائی مرض کا شکار بن کر زندگی کی بازی ہار بھی چکے ہيں۔ امريکا میں متاثرين کی تعداد ايک کروڑ اور ہلاک شدگان کی تعداد دو لاکھ اڑتيس ہزار سے متجاوز ہے اور يہ ملک اس عالمی وبا سے سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے۔ بھارت اس فہرست ميں دوسرے اور برازيل تيسرے نمبر پر موجود ہے۔ گزشتہ روز يہ خبر بھی سامنے آئی کہ کورونا سے بچاؤ کے ليے فائزر اور بيون ٹيک نامی کمپنيوں کے اشتراک سے بننے والی ويکسين نوے فيصد موثر ہے، جس پر آج دنيا کے کئی ممالک کے بازار حصص ميں مثبت رجحانات ديکھے جا رہے ہيں۔

[pullquote]آسيان سمٹ کی تياری جاری، غير رسمی اجلاس شروع[/pullquote]

جنوبی ايشيائی ممالک کی تنظيم آسيان کے اجلاس کے ليے آج سے غير رسمی ملاقاتيں شروع ہو گئی ہيں۔ ويت نام کے وزير خارجہ نے منگل کو اس غير رسمی اجلاس کا افتتاح کيا، جس ميں آسيان کی سينتيس ويں سمٹ کے ليے تياری کی جا رہی ہے۔ يہ سربراہی اجلاس اسی ہفتے جمعرات تا اتوار تک جاری رہے گا۔ ورچوئل سمٹ ميں دس رکن ممالک کے سربراہان کے علاوہ اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل انٹونيو گوٹيرش اور عالمی مالياتی فنڈ کے مينيجنگ ڈائريکٹر بھی شرکت کريں گے۔ اجلاس ميں کووڈ کے بحران سے نمٹنے اور بحيرہ جنوبی چين کی صورتحال پر بات چيت متوقع ہے۔

[pullquote]آئی پی ايل کا فائنل: ممبئی انڈينز بمقابلہ دہلی کيپيٹلز[/pullquote]

آج انڈين پريميئر ليگ (IPL) کا فائنل ميچ کھيلا جائے گا۔ دبئی ميں ہونے والے اس ميچ ميں دہلی کيپيٹلز کے مد مقابل دفاعی چيمپئن ممبئی انڈينز کی ٹيم ہو گی۔ دہلی کيپيٹلز کے کوچ سابق آسٹريلوی بلے باز رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی ٹيم يہ ٹورنامنٹ جيتنے کے ليے کافی پر اميد ہيں۔ گو کہ رواں ٹورنامنٹ ہی ميں ممبئی انڈيئنز کی ٹيم انہيں تين مرتبہ شکست دے چکی ہے۔ ممبئی انڈيئنز چار مرتبہ آئی پی ايل کی فاتح رہ چکی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے