پاکستان میں کورونا کی شرح 5 فیصد سے زائد ہو گئی، 4 ماہ بعد ریکارڈ کیسز رپورٹ

کورونا کی دوسری لہر کے دوران پاکستان میں کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ روز بھی مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے زائد رہی جب کہ تقریباً 4 ماہ بعد ملک میں ایک دن میں ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق 10 نومبر کو 31 ہزار 989 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 1708 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 21 افراد انتقال کر گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز کی مثبت آنے کی شرح 5.3 فیصد رہی۔

پاکستان میں 18 جولائی کو 1918 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے لیکن اس کے بعد ایک روز میں سب سے زیادہ 1708 کیسز گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7021ہو گئی ہے جب کہ مجموعی کیسز 3 لاکھ 48 ہزار 184 تک جا پہنچے ہیں۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 464 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جب کہ

کورونا کے 1100 سے زیادہ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 151352 ہوگئی ہے جب کہ 2690 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 107831 ہے اور 2429 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جا چکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 16195 اور ہلاکتیں 154 ہوچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 41069 اور 1294 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 4911 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 114 افراد انتقال کرگئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4394 اور 93 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 22432 ہے اور اب تک 247 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

[pullquote]کورونا کیسز میں اضافہ: مزارات اور سینما گھر فوری بند کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر مزارات، تھیٹر اور سنیما گھر فوری طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سربراہ این سی او سی اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں پاکستان میں کورونا کی صورت حالا کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں تعلیم کے شعبے سمیت ملک میں وبائی مرض کے اعداد و شمار اور پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا۔

اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے این سی او سی کے اجلاس میں بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی کی تجویز بھی دی گئی جب کہ ہائی رسک ایریاز میں کورونا پابندیاں مزید سخت کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔

اجلاس میں ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ملک بھر میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد بڑھانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق بڑے نقصان سے محفوظ رہنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے کا انتظار ہے، تعلیمی اداروں میں کورونا کے مثبت کیسز میں تیزی سے اضافے کو روکنے کی ضرورت ہے۔

16 نومبر کو وفاقی اور صوبائی وزراء تعلیم کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیں گے جس میں کورونا کے پھیلاؤ کے اثرات کم کرنے کے لیے موسم سرما کی تعطیلات جلدی اور طویل کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔

این سی او سی کے اجلاس میں مزارات، تھیٹر اور سینما گھروں کو فوری طور پر بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ 20 نومبر سے صرف 500 افراد کی حد کے ساتھ بیرونی شادیوں کی اجازت ہو گی۔

این سی اوسی نے کئی ماہ سے اب تک مساجد میں ایس او پی کی تعمیل کو سراہا اور مستقبل میں بھی مساجد کو ایس او پیز پر عمل دآرمد جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے