الاسکا میں امریکی صدر ٹرمپ نے جوبائیڈن کو شکست دے دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جوبائیڈن کو ریاست الاسکا میں شکست دے دی۔

3 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن مطلوبہ 270 الیکٹورل ووٹ سے زیادہ حاصل کرچکے ہیں اور وہ آئندہ مدت کیلئے امریکا کے صدر ہوں گے۔

تاہم دوسری جانب اب بھی صدارتی انتخاب کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب امریکی ریاست الاسکا کا بھی نتیجہ آگیا ہے۔

ایڈیسن ریسرچ کے مطابق ری پبلکن امیدوار و موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الاسکا میں جوبائیڈن کو شکست دے دی ہے اور انہیں مزید 3 الیکٹورل ووٹس مل گئے ہیں۔

تاہم امریکی صدر کو حاصل ہونے والے 3 الیکٹورل ووٹ کا مجموعی نتائج پر کوئی اثر نہیں ہوگا اور وہ دوبارہ صدر بننے کی دوڑ سے مکمل طور پر باہر ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ آئندہ امریکی صدر جوبائیڈن کے الیکٹورل ووٹ 290 جبکہ ٹرمپ کے 217 ہوگئے ہیں تاہم جارجیا میں دوبارہ گنتی ہوگی اور شمالی کیرولینا میں ابھی نتائج آنا باقی ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدارتی انتخاب کے نتائج میں جوبائیڈن کی ناقابل شکست برتری کے باوجود امریکی صدر ٹرمپ کو امید ہے کہ وہ الیکشن جیت جائیں گے اور انہوں نے اب تک شکست تسلیم نہیں کی ہے اور نتائج کو عدالت میں چیلنج کرنا کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ‘ہم بہت تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، انتخاب کے نتائج اگلے ہفتے آنا شروع ہوں گے’۔

اس کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی کہہ چکے ہیں کہ اقتدار کی منتقلی ہموار انداز میں ہوگی لیکن یہ ٹرمپ کی دوسری انتظامیہ کیلئے ہی ہوگی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے