جمعرات : 12 نومبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران کے ارادے خطے کے لیے خطرہ ہیں : شاہ سلمان[/pullquote]

سعودی عرب کے حکمران شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایران کے ایٹمی اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو خطے کے لیے خطرہ قرار دیا ہے اور عالمی برادری سے اس کے خلاف فیصلہ کن موقف اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔ سعودی عرب کی مجلس شوریٰ سے اپنے آن لائن خطاب میں انہوں نے ایران پر دوسرے ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تہران دہشت گردی کی پشت پناہی، انتہا پسندی اور فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کی سازشیں کر رہا ہے۔ شاہ سلمان کی یہ تقریر ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب سعودی عرب اگلے ہفتے جی ٹوئنٹی ممالک کی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کرنے جا رہا ہے اور امریکا میں صدر ٹرمپ کی انتخابی شکست کے بعد خطے میں امریکی پالیسی میں تبدیلی کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔

[pullquote]ایران نے افزودہ یورینیم کی مقدار میں اضافہ کیا ہے، اٹامک ایجنسی[/pullquote]

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے کہا کے ایران کے پاس افزودہ یورینیم کی مقدار دو ہزار چار سو تینتالیس کلو گرام کے قریب پہنچ گئی ہے۔ عالمی ادارہ کے مطابق یہ مقدار ایران کے ساتھ عالمی معاہدے میں طے کی گئی حد سے بارہ گنا زیادہ ہے۔ اپنے ردعمل میں ایرانی حکام نے کہا کہ اس معاملے پر عجلت میں بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ تنازعے کے حل کے لیے رابطے جاری ہیں۔ دو سال پہلے صدر ٹرمپ کی طرف سے ایٹمی معاہدے سے امریکا کی علحیدگی کے بعد سے تہران کا موقف رہا ہے کہ اس پر بھی سمجھوتے کی پاسداری لازم نہیں رہی۔

[pullquote]جو بائیڈن کے پرانے مشیر چیف آف اسٹاف نامزد[/pullquote]

امریکا کے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے ڈیموکریٹک پارٹی کے دیرینہ مشیر رون کلین کو اپنا چیف آف اسٹاف نامزد کیا ہے۔ وہ ماضی میں دو نائب صدور، الگور اور جو بائیڈن، کے ساتھ اسی عہدے پر کام کر چکے ہیں۔ سن 1987 میں جب جو بائیڈن نے پہلی بار صدر بننے کی کوشش کی تھی اسی وقت سے رون کلین، بائیڈن کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں اور اس طرح انہیں حکومتی امور کے بارے میں کافی تجربہ حاصل ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے ابھی تک باضابطہ طور پر انتخابات میں اپنی شکست تسلیم نہیں کی۔ تاہم نو منتخب صدر کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ٹیم بنانے کا کام آگے بڑھاتے جائیں گے۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں پوری اپوزیشن مستعفی[/pullquote]

ہانگ کانگ میں حکومت کی طرف سے اپوزیشن کے چار ارکان کو نااہل قرار دیے کے خلاف پوری حزب اختلاف احتجاجاﹰ مستعفی ہو گئی ہے۔ جمعرات کو اپوزیشن کے تمام 15 اراکین نے اپنے استعفے پیش کر دیے، جس کے بعد اب ہانگ کانگ کی قانون ساز اسمبلی میں صرف چین نواز ارکان باقی رہ گئے ہیں۔ حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ بیجنگ کی مداخلت کے باعث ہانگ کانگ میں رہی سہی جمہوریت بھی دم توڑ رہی ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ ہار نہیں مانیں گے اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ چین نے اپوزیشن کے اجتماعی استعفوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک ’ڈرامہ‘ قرار دیا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں آسٹریلوی فوجیوں کے مبینہ جنگی جرائم کی تحقیقات[/pullquote]

آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے افغانستان میں آسٹریلوی فوجیوں کی طرف سے جنگی جرائم کے الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک اسپیشل پراسیکیوٹر نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی شہریوں کے لیے اپنی افواج کے حوالے سے یہ ایک مشکل اور تکلیف دہ خبر ہوگی لیکن ان الزامات کی تفتیش اور جوابدہی بہرحال ناگزیر ہے۔ آسٹریلوی فوجیوں کے خلاف جنگی جرائم کے الزامات کا تعلق ان کی افغانستان میں سن دو ہزار پانچ سے سن دو ہزار سولہ کے دوران تعیناتی سے ہے۔

[pullquote]نایاب ’گلابی ہیرا‘ ریکارڈ قیمت میں نیلام[/pullquote]

جنیوا میں دنیا کا ایک نایاب گلابی ہیرا ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوا ہے۔ 14 اعشاریہ 83 قیراط کے اس ہیرے کو ’اسپرٹ آف دی روز‘ یعنی روحِ گلاب کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اپنی خوبصورتی اور ندرت کی وجہ سے اسے ’’قدرت کا ایک حقیقی عجوبہ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ جینیوا میں نیلامی کے دوران اس کی بولی لگانے بہت سے لوگ آئے تاہم ٹیلی فون پر بولی لگانے والے ایک گمنام شخص نے اس کی سب سے زیادہ قیمت دے کر اسے اپنے نام کر لیا اور یہ ہیرا دو کروڑ دس لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے