[pullquote]30 سال بعد سعودی عرب اور عراق کے درمیان اہم بارڈر کراسنگ کھول دیا گیا[/pullquote]
سعودی عرب اور عراق کے درمیان عر عر بارڈر کراسنگ 30 سال بعد کھول دیا گیا۔عراقی وزرات داخلہ کے اعلیٰ حکام اور عراق میں سعودی سفیر نے عر عر بارڈر کراسنگ کھولنے کی تقریب میں شرکت کی جبکہ سعودی عرب کی جانب سے بھی ایک وفد نے بارڈر پر سعودی سائیڈ کا افتتاح کیا۔عراق سعودی بارڈر عام عوام اور تجارت کیلئے کھلا رہے گا۔ عرعر بارڈر کراسنگ سعودی سرحدی شمالی صوبے کا صدر مقام ہے جہاں سے عراق کے سرحدی علاقے النخیب سے دونوں ممالک کی سرحد ملتی ہے۔ اس سے قبل یہ کراسنگ عراقی حجاج کرام کیلئے کھولی جاتی رہی ہے تاہم 1990 میں سابق عراقی صدر صدام حسین کی جانب سے کویت پر حملے کے بعد سعودی عرب کی جانب سے سرحد بند کردی گئی تھی۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں جمی برف 2017 کے بعد پگھلنا شروع ہوئی ہے۔ 2017 میں ہی سعودی عرب کی قومی ائیرلائن نے 27 سال بعد عراق کیلئے براہ راست پروازوں کا دوبارہ آغاز کیا تھا۔
[pullquote]ٹرمپ نے سائبر سکیورٹی کے سربراہ کو برطرف کر دیا[/pullquote]
صدارتی انتخابات کے دو ہفتوں بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سائبر سکیورٹی کے ملکی سربراہ کرسٹوفر کریبس کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔ کریبس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے انتخابات میں فراڈ کے الزامات کی مخالفت کی تھی۔ ٹرمپ کی طرف سے جاری کی گئی ٹوئیٹ میں کہا گيا کہ کریبس کو فوری طور پر اس ذمہ داری سے الگ کر دیا گیا ہے۔ امریکی داخلی سلامتی کی وزارت کے ايک حصے کے طور پر کام کرنے والی سائبر سکیورٹی ایجنسی نے تین نومبر کو ہونے والے انتخابات کو امریکی تاریخ کے محفوظ ترین انتخابات قرار دیا تھا۔ ٹرمپ ابھی تک جو بائیڈن کے مقابلے میں انتخابی شکست تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔
[pullquote]شام میں ایرانی اہداف کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا ہے، اسرائیلی فوج[/pullquote]
اسرائیلی طیاروں نے گزشتہ شب شام میں ایران کی قدس فورس سے تعلق رکھنے والے اہداف اور شامی فوج پر فضائی حملے کیے ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ فضائی حملے اس وقت کیے گئے جب اسرائیلی فوج کو گولان کی مقبوضہ پہاڑيوں کے قریب سڑک کنارے رکھے دھماکہ خيز مواد کا پتہ چلا۔ شام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے فضائی حملے میں اس کے تین فوجی اہلکار مارے گئے۔ شامی حالات پر نظر رکھنے والے گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے شامی اہلکاروں کی تعداد 10 ہے۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے مطابق ان فضائی حملوں میں مخصوص فوجی اہداف، گوداموں، ہیڈ کوارٹروں اور فوجی احاطوں کو نشانہ بنایا گیا۔
[pullquote]امریکا نے افغانستان اور عراق میں اپنے فوجیوں کی تعداد گھٹانے کا حکم دے دیا[/pullquote]
اپنی صدارتی مدت کے بالکل آخری حصے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان اور عراق میں موجود امریکی فوجیوں کی تعداد مزيد کم کرنے کا حکم جاری کر ديا ہے۔ موجودہ وزیر دفاع کرسٹوفر مِلر کے مطابق 15 جنوری سے افغانستان اور عراق میں امریکی فوجیوں کی تعداد کم کر کے ڈھائی ہزار، ڈھائی ہزار کر دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ہی امریکا بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ افغانستان اور عراق سے امریکی فوجیوں کا جزوی انخلاء نو منتخب صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری سے پہلے ہو رہا ہے جس کے لیے 20 جنوری کی تاریخ طے ہے۔
[pullquote]فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ تعاون بحال کرنے کا اعلان[/pullquote]
فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیل کے ساتھ تعاون بحال کرنے کا اعلان کر ديا ہے۔ فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے رملہ میں اعلان کیا کہ اسرائیل کے ساتھ معیشت، صحت اور سیاست کے شعبوں ميں روابط بحال کیے جائیں گے۔ اسرائیل نے تمام معاہدوں پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ رواں برس مئی میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے کے مزيد کئی فلسطینی علاقوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کے منصوبے کے بعد اسرائیلی حکومت کے ساتھ تعاون منقطع کر لیا تھا۔
[pullquote]بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا جو بائیڈن کو فون[/pullquote]
بھارتی وزیر اعظم نريندر مودی نے ٹیلی فون کے ذریعے نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ بات چیت کی ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق وزیر اعظم مودی نے نو منتخب صدر کو انتخابی کامیابی پر گرم جوشی کے ساتھ مبارک باد دی اور ان کی کامیابی کو امریکا میں جمہوری روایات کی طاقت اور لچک کا ثبوت قرار دیا۔ مودی کی طرف سے ایک ٹوئيٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے دو سب سے بڑی جمہوریتوں کے درمیان اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ مودی ٹرمپ کے ساتھ بھی قریبی تعلقات رکھتے ہیں۔
[pullquote]تائیوان کا ایک ایف سولہ طیارہ لاپتہ[/pullquote]
تائیوان کی ایئر فورس کا ایک لڑاکا ایف سولہ طیارہ لاپتہ ہو گیا ہے۔ تائیوانی وزارت دفاع کے مطابق ایک پائلٹ والا یہ طیارہ گزشتہ شب تربیتی مشن پر تھا اور پرواز کے محض دو منٹ بعد یہ راڈار سے غائب ہو گیا۔ پائلٹ کے بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔ تائیوان کے مشرقی شہر ہوالین کے ارد گرد کے علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاش کا کام جاری ہے۔ یہ شہر بحر الکاہل کے ساحل پر واقع ہے۔ تائیوان میں گزشتہ ماہ ایک ایف فائیو ای طیارہ بھی تربیتی مشن کے دوران گِر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں پائلٹ بھی مارا گیا تھا۔
[pullquote]برطانیہ نئی پٹرول کاروں کی فروخت 2030ء سے ختم کر دے گا[/pullquote]
برطانیہ سال 2030ء سے ملک میں پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی فروخت پر پابندی لگا دے گا۔ قبل ازیں برطانیہ نے اس کے لیے 2035ء کا اعلان کیا تھا۔ اس فیصلے کو وزیر اعظم بورس جانسن کے ’گرین ریوولوشن‘ یا سبز انقلاب کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے جس کے مطابق برطانیہ نے 2050ء تک ضرر رساں گیسوں کے مجموعی اخراج کو صفر کی سطح تک لانا ہے۔ برطانیہ گزشتہ برس جی سیون ممالک میں پہلا ایسا ملک بن گیا تھا، جس نے ضرر رساں گیسوں کی مجموعی شرح صفر پر لانے کے لیے قانون سازی کی تھی۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو نیوز