جنوبی افریقا سے کورونا کا مزید خطرناک وائرس انگلینڈ پہنچ گیا

کورونا وائرس کی نئی قسم سے پریشان برطانیہ کے لیے ایک اور مشکل کھڑی ہوگئی ہے کیوں کہ جنوبی افریقا سے وائرس کی مزید خطرناک قسم انگلینڈ پہنچ گئی ہے۔

برطانوی وزیر صحت میٹ ہین کاک نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جنوبی افریقا سے کورونا وائرس کی ایک اور مزید خطرناک قسم برطانیہ میں داخل ہوچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی افریقا سے آنے والے کورونا کے اس نئے وائرس کو 501.V2 کا نام دیا گیا ہے اور یہ حالیہ دنوں میں جنوبی افریقا سے واپس آنے والے دو افراد میں پایا گیا ہے۔

وزیر صحت نے بتایا کہ برطانیہ کے علاقے کینٹ میں ستمبر کے مہینے میں جو کورونا وائرس کی جینیاتی طور پر تبدیل شدہ قسم سامنے آئی تھی جنوبی افریقی وائرس اس سے بھی زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات برطانیہ کے لیے انتہائی تشویش ناک ہے لہٰذا فوری طور پر جنوبی افریقا سے آمد و رفت پر مکمل پابندی لگادی گئی ہے، گزشتہ 14 روز میں جو لوگ جنوبی افریقا سے آئے ہیں ان سے اپیل ہے کہ وہ قرنطینہ ہوجائیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم نے برطانیہ میں مریضوں کی یومیہ تعداد کو تقریباً دگنا کردیا ہے جبکہ اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں کورونا وائرس سے مزید 744 افراد ہلاک ہوئے جو اپریل کے بعد سے ایک ہی روز میں ہلاک ہونے والے افراد کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے ریکارڈ 39 ہزار 237 نئے کیسز بھی سامنے آئے جو وبا سامنے آنے کے بعد سے ایک دن میں مریضوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔۔

برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 69 ہزار 51 ہو گئی ہے۔

[pullquote]کورونا ٹیسٹنگ میں وقت لگنے پربرطانیہ کی بندرگاہ میں پھنسے ٹرک ڈرائیوروں کا صبر جواب دے گیا[/pullquote]

ادھر کورونا ٹیسٹنگ میں وقت لگنے پربرطانیہ کی بندرگاہ Dover میں پھنسے ٹرک ڈرائیورز کا صبر جواب دے گیا، بندرگاہ کی قریبی سڑکوں پر جمع ہوکر شدید احتجاج کیا، پولیس سے ہاتھا پائی بھی ہوئی،کچھ ڈرائیورز نے ٹرک کے ہارن بجا کر اپنے غصے کا اظہار کیا۔

برطانوی حکام کی جانب سے بیان دیا گیا تھا کہ برطانوی فوج ٹرک ڈرائیوروں کے کورونا ٹیسٹ شروع کرے گی جس کے مکمل ہونے میں کئی دن لگ سکتے ہیں، جس پر ٹرک ڈرائیورز شدید غصے کا اظہارکرتے ہوئے سڑکوں پر جمع ہوئے اوربرطانوی وزیراعظم کےخلاف نعرے لگائے۔

ٹرک ڈرائیورز نےبارڈر کھولنے کا مطالبہ بھی کیا۔ برطانیہ اور فرانس کے درمیان طے پانے والے نئے معاہدے کے تحت کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر ہی ٹرک ڈرائیوروں کو برطانیہ سے باہرنکلنے کی اجازت دی جائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے