پیر : 04 جنوری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران نے اپنے ہاں یورینیم کی بیس فیصد تک افزودگی بحال کر دی[/pullquote]

ایران نے آج پیر سے فُردو کے اپنے زیر زمین جوہری مرکز میں یورینیم کی بیس فیصد تک افزودگی دوبارہ شروع کر دی۔ نیم سرکاری نیوز ایجنسی مہر نے یہ بات ایک حکومتی ترجمان کے حوالے سے بتائی۔ یورینیم کو بیس فیصد تک افزودہ کرنا وہ کام ہے، جس کی ایران کو عالمی طاقتوں کے ساتھ اس کے جوہری معاہدے کے تحت اجازت نہیں ہے۔ تاہم تہران حکومت نے امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے اس ایٹمی معاہدے سے واشنگٹن کے یک طرفہ طور پر نکل جانے کے اعلان کے بعد کہا تھا کہ اب وہ بھی اس معاہدے پر عملہ درآمد کا پابند نہیں رہا۔ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے یکم جنوری کے روز بتایا تھا کہ ایرانی حکام نے اسے مطلع کر دیا تھا کہ وہ فُردو کے جوہری مرکز میں یورینیم کی بیس فیصد تک افزودگی کا عمل بحال کرنے والے تھے۔

[pullquote]عالمی سٹاک مارکیٹوں میں نئے سال کے آغاز پر تیزی، بِٹ کوئن خسارے میں[/pullquote]

دنیا کی بڑی سٹاک مارکیٹوں میں آج پیر کے روز نئے سال کے دوران کاروبار کے پہلے دن کافی زیادہ تیزی دیکھنے میں آئی۔ کئی مارکیٹوں میں دن کا آغاز ریکارڈ حد تک کاروباری تیزی کے ساتھ ہوا۔ ماہرین کے مطابق اس کی وجہ کورونا ویکسین کی وجہ سے پیدا ہونے والی امید بھی تھی اور سرمایہ کاروں کی یہ توقعات بھی کہ سال دو ہزار اکیس دو ہزار بیس کے مقابلے میں بہتر ثابت ہو گا۔ عالمی منڈیوں میں ڈیجیٹل کرنسی بِٹ کوئن کی قمتوں میں غیر معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔ بِٹ کوئن کی تجارت بتیس ہزار ڈالر فی کس سے بھی زیادہ کی شرح شروع ہوئی، مگر کچھ ہی دیر بعد یہ قیمت چودہ فیصد کمی کے بعد اٹھائیس ہزار پانچ سو ڈالر تک گر چکی تھی۔

[pullquote]عام شہری رات آٹھ بجے کے بعد غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نا نکلیں، ٹوکیو حکومت[/pullquote]

جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کی بلدیاتی انتطامیہ نے عام شہریوں سے کہا ہے کہ وہ رات آٹھ بجے کے بعد صرف ہنگامی اور ناگزیر حالات میں ہی اپنے گھروں سے باہر نکلیں۔ اس فیصلے کی وجہ جاپان، خاص کر ٹوکیو میں کورونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر کے دوران نئی انفیکشنز کی شرح میں کمی لانا ہے۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ آئندہ جمعے کے دن سے لے کر جنوری کے آخر تک ٹوکیو میں تمام ریستوراں رات آٹھ بجے بند کر دیے جایا کریں گے۔

[pullquote]بیجنگ میں بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے قرنطینہ کی مدت اب اکیس دن[/pullquote]

چینی دارالحکومت کی بلدیاتی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ بیرون ملک سے بیجنگ پہنچنے والے افراد کو آئندہ چودہ دنوں کے بجائے اکیس روز تک قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔ چینی اخبار گلوبل ٹائمز نے پیر کے روز بتایا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی تبدیل شدہ حالت والے ممکنہ طور پر متاثرہ افراد کے ذریعے اس مہلک وائرس کے چین پہنچنے کو روکا جا سکے۔

[pullquote]سنگاپور: کورونا ویکسینیشن کروا لینے والے مسافروں کے لیے پابندیوں میں نرمی زیر غور[/pullquote]

سنگاپور کی حکومت اس بات پر غور کر رہی ہے کہ وہ ایسے ملکی اور غیر ملکی شہریوں کے لیے سفری پابندیوں میں نرمی کر دے، جن کی کورونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن ہو چکی ہو۔ یہ بات سنگاپور حکومت کی قائم کردہ ٹاسک فورس کی طرف سے آج پیر کے روز بتائی گئی۔ اس جنوبی مشرقی ایشیائی ملک کی حکومت نے غیر ملکیوں کے تفریحی سیاحتی دوروں پر پہلے ہی پابندی لگا رکھی ہے۔ تاہم محدود تعداد میں غیر ملکیوں کو کاروباری دوروں پر سنگاپور جانے کی اجازت یے۔ اب تک تمام غیر ملکیوں یا وطن لوٹنے والے مقامی باشندوں کو ہوٹلوں یا اپنے گھروں میں دو ہفتے قرنطینہ میں رہنا پڑتا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں طالبان کے حملوں کے باوجود دوحہ مذاکرات کے نئے دور کا آغاز کل منگل سے[/pullquote]

افغان حکومت اور طالبان کے مابین امن بات چیت کا نیا دور خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کل منگل پانچ جنوری سے شروع ہو گا۔ نئے مذاکراتی دور کے باوجود ہندوکش کی اس ریاست میں طالبان کے مسلح حملوں میں تاحال کوئی کمی نہیں آئی۔ کابل حکومت اور طالبان کے مابین اس انٹرا افغان مکالمت میں گزشتہ کئی ماہ کے دوران اب تک کوئی بڑی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی۔ بتایا گیا ہے کہ کل شروع ہونے والی بات چیت میں کابل حکومت کے مذاکرات کار ملک میں مستقل جنگ بندی اور سن 2001 میں طالبان حکومت کی برطرفی کے بعد متعارف کرائے گئے موجودہ نظام حکومت کے تسلسل پر زور دیں گے۔ حکومتی مذاکرات کار غلام فاروق مجروح نے بتایا کہ یہ بات چیت انتہائی پیچیدہ اور صبر آزما ثابت ہو سکتی ہے۔

[pullquote]امریکا میں کانگریس کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا[/pullquote]

امریکا میں نو منتخب ڈیموکریٹک صدر جو بائیڈن کی حلف برداری سے قریب ڈھائی ہفتے قبل ملکی کانگریس کے نئے ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے۔ اس دوران ایوان نمائندگان کے اراکین نے ڈیموکریٹ خاتون سیاستدان نینسی پیلوسی کو معمولی اکثریت سے اس ایوان زیریں کی نئی اسپیکر منتخب کر لیا۔ اسی سالہ نینسی پیلوسی پہلے بھی اس عہدے پر فائز تھیں اور یہ عہدہ امریکا میں طاقت ور ترین سیاسی عہدوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ اسی طرح ایوان بالا یا امریکی سینیٹ کے نو منتخب اراکین نے بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔ سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی اور ری پبلکن پارٹی میں سے کسی کے بھی اکثریت میں ہونے کا فیصلہ ریاست جارجیا میں سینیٹ کی دو نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے بعد ہو گا۔ یہ ضمنی انتخاب کل منگل کے روز ہو رہا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں کی روزانہ تعداد اب دس ہزار سے کچھ ہی کم[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں کی روزانہ تعداد اب دس ہزار سے کچھ کم ہو گئی ہے۔ یہ بات وبائی امراض کی روک تھام کے نگران ادارے روبرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کی طرف سے برلن میں پیر کے روز بتائی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کی نو ہزار آٹھ سو سینتالیس نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں جبکہ اس وائرس کی وجہ سے مزید تین سو دو افراد انتقال کر گئے۔ حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی نئی انفیکشنز کی تعداد اگرچہ کچھ کم ہوئی ہے تاہم زیادہ امکان یہی ہے کہ اس وقت ملک میں نافذ لاک ڈاؤن کی موجودہ مدت دس جنوری سے بڑھا کر جنوری کے آخر تک کر دی جائے گی۔ اس بارے میں فیصلے کے لیے چانسلر انگیلا میرکل کی صدارت میں تمام سولہ صوبائی وزرائے اعلیٰ کا ایک آن لائن اجلاس کل منگل کے روز ہو گا۔

[pullquote]صدر ٹرمپ کی ریاست جارجیا میں الیکشن کے نگران اہلکار پر اثر انداز ہونے کی مبینہ کوشش[/pullquote]

عنقریب اپنے عہدے سے رخصت ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مبینہ طور پر ریاست جارجیا میں الیکشن سے متعلقہ سرگرمیوں کے سربراہ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔ صدر ٹرمپ نے مبینہ طور پر الیکشن چیف اور اسٹیٹ سیکرٹری بریڈ رافَینز پَیرگر کو ایک ٹیلی فون گفتگو میں کہا کہ وہ کسی طرح ٹرمپ کے لیے ’ووٹ تلاش کریں اور نتائج دوبارہ مرتب کریں‘۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے یہ خبر دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کی اس ٹیلی فون گفتگو کی ریکارڈنگ کا حوالہ دیا ہے۔ صدر ٹرمپ کو صدارتی الیکشن کے دوران ریاست جارجیا میں معمولی فرق سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نو منتخب خاتون نائب صدر کملا ہیرس نے ریبپلکن ٹرمپ کے اس اقدام کو ’طاقت کے صریحاﹰ غلط استعمال‘ کا نام دیا ہے۔

[pullquote]نائجر میں دہشت گردانہ حملوں میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد سو سے زائد[/pullquote]

افریقی ملک نائجر میں ہفتے کے روز کیے گئے دو دہشت گردانہ حملوں میں ملکی حکومت کے مطابق سو سے زائد افراد مارے گئے۔ یہ بات اس مغربی افریقی ملک کے وزیر اعظم بِرگی رافینی نے ان حملوں کا نشانہ بننے والے دو دیہات کے ذاتی دورے کے بعد بتائی۔ اب تک ان حملوں کی ذمے داری کسی بھی مسلح گروہ نے تسلیم نہیں کی۔ امکان ہے کہ دہشت گردوں نے یہ حملے اپنے دو ساتھیوں کی موت کا بدلہ لینے کے لیے کیے۔ مقامی حکام کا خیال ہے کہ یہ خونریز حملے کرنے والے دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر ہمسایہ ملک مالی سے وہاں گئے تھے۔

[pullquote]معروف برطانوی گلوکار جیری مارسڈن انتقال کر گئے[/pullquote]

معروف برطانوی گلوکار جیری مارسڈن اٹھہتر برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کے اہل خانہ کے مطابق ان کا انتقال ہفتے کے روز ہوا۔ انتقال سے چند روز قبل انہیں ہارٹ اٹیک ہوا تھا۔ انہیں سب سے زیادہ شہرت ان کے فٹ بال کے کھیل کے لیے گائے گئے گیت کی وجہ سے ملی تھی، جس کا عنوان تھا: You’ll Never Walk Alone۔ انگلینڈ کے شہر لیورپول میں اس بہت معروف گلوکار کے بینڈ کا نام Gerry and the Pacemakers تھا اور اس گروپ کے گائے ہوئے کئی گیت برطانوی چارٹس میں ٹاپ ہٹ رہے تھے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے