بدھ : 06 جنوری 2021 اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ہالینڈ میں بھی بڑی تاخیر سے لیکن ویکسینیشن شروع ہو گئی[/pullquote]

نیدرلینڈز میں کافی تاخیر سے لیکن آج بدھ کے دن سے کورونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن شروع ہو گئی ہے۔ اس طرح نیدرلینڈز یورپی یونین کا رکن وہ آخری ملک ہے، جس نے اپنے شہریوں کو کووڈ انیس کے خلاف ویکسین لگانا شروع کی ہے۔ سب سے پہلے نرسنگ کے شعبے کے کارکنوں کو یہ ویکسین لگائی جائے گی۔ آج لگائی جانے والی ایسی پہلی ویکسین بھی ایک اولڈ ہوم میں ڈمینشیا کی مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والی ایک نرس کو لگائی گئی۔ ڈچ حکومت کو یہ ویکسینیشن بڑی تاخیر سے شروع کرنے پر شدید داخلی تنقید کا سامنا ہے۔

[pullquote]میرکل حکومت کا ملک گیر لاک ڈاؤن میں جنوری کے آخر تک توسیع کا فیصلہ[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤکو روکنے کے لیے پورے ملک میں نافذ لاک ڈاؤن میں اکتیس جنوری تک کے لیے توسیع کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ چانسلر انگیلا میرکل کی صدارت میں ہونے والے ایک طویل آن لائن اجلاس میں کیا گیا، جس میں تمام سولہ وفاقی صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شریک ہوئے۔ اس فیصلے کے تحت حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ اب ایک ہی گھر میں رہنے والے افراد کو اپنے گھرانے سے باہر ایک وقت پر صرف کسی ایک ہی فرد سے ملاقات کی اجازت ہو گی۔ اس کے علاوہ وبا سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے رہائشی اپنے گھروں سے پندرہ کلو میٹر سے زیادہ دور نہیں جا سکیں گے۔ اس دوران تمام اسکول، کنڈر گارٹن اور تجارتی مراکز بند رہیں گے۔

[pullquote]امریکی ڈیموکریٹس کانگریس میں اکثریت حاصل کر لینے کے قریب تر[/pullquote]

امریکا میں نو منتخب صدر جو بائیڈن کی حالیہ کامیابی کے بعد ان کی ڈیموکریٹک پارٹی ملکی کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت حاصل کر لینے کے اور قریب ہو گئی ہے۔ ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کو پہلے ہی اکثریت حاصل ہے جبکہ سینیٹ میں بھی ان کی اکثریت تقریباﹰ یقینی نظر آنے لگی ہے۔ ریاست جارجیا میں سینیٹ کی دو نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں بظاہر ڈیموکریٹ امیدوار کامیاب ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ جارجیا میں ضمنی الیکشن کے دوران رائے دہی کل ہوئی تھی اور نتائج کا اعلان آج متوقع ہے۔ اگر دونوں سیٹوں پر ڈیموکریٹ امیدوار جیت گئے، تو سینیٹ میں ڈیموکریٹک اور ریپبلکن پارٹی دونوں کو پچاس پچاس نشستیں حاصل ہو جائیں گی۔ ایسی صورت میں فیصلہ کن ووٹ نو منتخب نائب صدر کملا ہیرس کا ہو گا۔

[pullquote]بھارت میں مقامی کورونا ویکسین کی منظوری، حکام کی جلد بازی پر کڑی تنقید[/pullquote]

بھارت میں اس بات پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے کہ ملکی حکام نے کورونا وائرس کے خلاف تیار کردہ ایک مقامی ویکسین کے استعمال کی منظوری دینے میں بہت جلد بازی سے کام لیا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں نے یہ تصدیق کرنے کی کوشش بھی نہیں کی کہ یہ ویکسین کورونا وائرس کے خلاف کتنی مؤثر ہے۔ مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق ملکی ریگولیٹرز نے اس ویکسین کے تیار کنندہ ادارے سے پہلے یہ مطالبہ کیا کہ وہ اپنے طبی تجربات کے نتائج سے متعلق مزید شواہد مہیا کرے۔ لیکن پھر اگلے ہی روز اس ویکسین کے استعمال کی باقاعدہ منطوری دے دی گئی۔ بھارت دنیا بھر میں کووڈ انیس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں درجنوں جمہوریت نواز کارکن گرفتار کر لیے گئے[/pullquote]

چین کے خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ میں پولیس کے سینکڑوں اہلکاروں نے کارروائی کر کے پچاس کے قریب جمہوریت نواز کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ان کارکنوں پر الزام ہے کہ وہ بیجنگ میں چین کی مرکزی حکومت کی طرف سے متعارف کردہ سکیورٹی قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تھے۔ اپوزیشن کے مطابق ان گرفتاریوں کا تعلق ان غیر رسمی ابتدائی انتخابات سے ہے، جن کا اہتمام جمہوریت نواز تحریک نے گزشتہ برس جولائی میں کیا تھا اور جس کا مقصد ہانگ کانگ کی پارلیمان کے الیکشن کے لیے امیدواروں کا چناؤ تھا۔ بیجنگ حکومت نے اس غیر سرکاری انتخابی عمل پر شدید تنقید کی تھی۔ ہانگ کانگ میں علاقائی پارلیمانی انتخابات گزشتہ ستمبر میں ہونا تھے مگر مقامی حکومت نے انہیں ایک سال کے لیے ملتوی کر دیا تھا۔ ہانگ کانگ میں اپوزیشن کی جمہوریت نواز تحریک نے آج بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس میں اپنے ان درجنوں سرکردہ کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

[pullquote]ٹوکیو میں کورونا کے باعث ایک ماہ کے لیے ایمرجنسی کا نفاذ[/pullquote]

جاپانی حکومت نے ملکی دارالحکومت ٹوکیو میں کورونا وائرس کے مسلسل زیادہ ہوتے ہوئے واقعات کے باعث ایک ماہ کے لیے ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات بدھ کے روز ملکی نشریاتی ادارے آساہی نے بتائی۔ یہ ہنگامی حالت سات فروری تک نافذ رہے گی۔ ٹوکیو میں آج کورونا وائرس کی نئی انفیکشنز کی ریکارڈ تعداد رجسٹر کی گئی تھی، جو تقریباﹰسولہ سو بنتی ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں ایک دن میں کورونا انفیکشنز کی نئی ریکارڈ تعداد[/pullquote]

مسلم اکثریتی آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ملک انڈونیشیا میں کورونا وائرس کی نئی روزانہ انفیکشنز کی ریکارڈ تعداد دیکھنے میں آئی ہے۔ جکارتہ میں کووڈ انیس کے خلاف ملکی ٹاسک فورس نے بدھ کے روز بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس جنوبی مشرقی ایشیائی ملک میں آٹھ ہزار آٹھ سو چوّن نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ اس طرح وہاں کورونا سے متاثرہ شہریوں کی مجموعی تعداد اب سات لاکھ اٹھاسی ہزار چار سو سے زائد ہو گئی ہے۔ اس دوران مزید ایک سو ستاسی مریضوں کا انتقال بھی ہو گیا۔ انڈونیشیا میں اب تک کورونا وائرس تقریباﹰ تیئیس ہزار نو سو افراد کی جان لے چکا ہے۔

[pullquote]کمیونسٹ کوریا میں حکمران ورکرز پارٹی کی کانگریس شروع ہو گئی[/pullquote]

کمیونسٹ ریاست شمالی کوریا میں حکمران ورکرز پارٹی کی ایک کانگریس ملکی دارالحکومت پیونگ یانگ میں شروع ہو گئی ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق اس کانگریس سے اپنے خطاب میں ملکی رہنما کم جونگ اُن نے اقتصادی سیاسی فیصلوں میں غلطیوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا تقریباﹰ سبھی شعبوں میں دو ہزار سولہ میں طے کردہ اپنے ترقیاتی منصوبے کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ اس پارٹی کانگریس میں ایک نیا پانچ سالہ منصوبہ پیش کیا جائے گا۔ شمالی کوریا کو اس کے جوہری پروگرام کی وجہ سے برسوں سے شدید نوعیت کی بین الاقوامی پابندیوں کا سامنا ہے۔

[pullquote]جوہری تخفیف اسلحہ: جرمن وزیر خارجہ ماس اردن کے دورے پر[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس آج بدھ کے روز اردن جا رہے ہیں، جہاں وہ جوہری تخفیف اسلحہ کے موضوع پر ہونے والی سٹاک ہوم گروپ کے ممالک کی ایک کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس میں ذاتی طور پر صرف اردن، سویڈن اور جرمنی کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ باقی تیرہ ممالک کے وزرائے خارجہ اس کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے حصہ لیں گے۔ یہ ممالک ارجنٹائن، ایتھوپیا، فن لینڈ، کینیڈا، قزاقستان، انڈونیشیا، جاپان، نیوزی لینڈ، نیدرلینڈز، ناروے، سوئٹزرلینڈ، اسپین اور جنوبی کوریا ہیں۔ سٹاک ہوم اینیشی ایٹیو سولہ ممالک پر مشتمل ایک ایسا گروپ ہے، جس کی رکن ریاستیں ایٹمی ہتھیاروں میں کمی کے لیے کوشاں ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد اب اٹھارہ لاکھ سے زائد[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد اب اٹھارہ لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ یہ بات ملک میں وبائی امراض کی روک تھام کے ادارے روبرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے آج بدھ کے روز برلن میں بتائی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اکیس ہزار دو سو سینتیس مریضوں کے اضافے کے ساتھ جرمنی میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد اب اٹھارہ لاکھ آٹھ ہزار سات سو کے قریب ہو گئی ہے۔ اسی دوران مزید ایک ہزار انیس افراد کی موت کے ساتھ ملک میں کووڈ انیس کے باعث ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بھی اب چھتیس ہزار پانچ سو سینتیس تک پہنچ چکی ہے۔

[pullquote]برطانوی وزیر اعظم جانسن نے اپنا مجوزہ دورہ بھارت ملتوی کر دیا[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے رواں ماہ کے لیے مجوزہ اپنا دورہ بھارت ملتوی کر دیا ہے۔ انہیں اس دورے کے دوران بھارتی یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب میں بھی حصہ لینا تھا۔ لندن میں بورس جانسن کی سرکاری رہائش گاہ کی طرف سے کیے گئے ایک اعلان کے مطابق وزیر اعظم نے اپنا یہ دورہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی وبا کی تیزی سے خراب ہوتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر کیا ہے۔ پیر کے روز جانسن حکومت نے پورے انگلینڈ میں دوبارہ سخت لاک ڈاؤن کا اعلان بھی کر دیا تھا۔ بورس جانسن نے فون پر بھارتی ہم منصب مودی سے گفتگو کر کے اس التوا پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسی ششماہی کے دوران بھارت کا سرکاری دورہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

[pullquote]کرائسٹ چرچ میں دوسرا ٹیسٹ میچ: پاکستان ایک اننگز اور 176 رنز سے ہار گیا[/pullquote]

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین کرائسٹ چرچ میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے مہمان پاکستان کو ایک اننگز اور ایک سو چھیہتر رنز سے ہرا دیا۔ اس طرح میزبان ٹیم نے دو میچوں کی یہ سیریز بھی دو صفر سے جیت لی۔ پہلی اننگز میں پاکستان نے دو سو ستانوے رنز بنائے تھے، جن کے جواب میں میزبان ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر چھ سو انسٹھ رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔ اس کے بعد دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم آج بدھ کو میچ کے چوتھے دن صرف ایک سو چھیاسی رنز پر ہی آؤٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ولیمسن نے دو سو اڑتیس، نکولز نے ایک سو ستاون اور مچل نے سو رنز ناٹ آؤٹ بنائے تھے جبکہ بولر جیمیسن نے اس میچ میں گیارہ وکٹیں حاصل کیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے