پی ڈی ایم نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا : وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو پُرامن احتجاج کی اجازت ہے لیکن قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ترجمانوں اورپارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت نے براڈشیٹ معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا اور وزیراعظم نے اس معاملے پر وزراء کی کمیٹی قائم کردی ہے۔

ذرائع کے کہنا ہے کہ کمیٹی 2002 سے 2018 تک براڈشیٹ کے ساتھ معاہدے کا جائزہ لے گی اور کس نے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، اس کی تحقیقات ہوں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے براڈشیٹ سے فائدے کو این آر او سے تشبیہ قرار دیا۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے احتجاج کے معاملے پربھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو پرُ امن احتجاج کی اجازت ہے، قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مذہبی جماعت کے دھرنے اور احتجاج کے معاملے پر علماء سے مشاورت کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ اس معاملے پر وزیراعظم نے کہا کہ یہ حساس معاملہ ہے، اس معاملے پر علماء کو اعتماد میں لیں گے، وزیراعظم

دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی بنا دی ہے۔

تحقیقاتی کمیٹی کے کنوینر شبلی فرازہوں گے جبکہ شیریں مزاری اور فواد چوہدری رکن ہوں گے۔

کمیٹی 48 گھنٹوں میں براڈ شیٹ معاملے پرسفارشات پیش کرے گی، اس معاملے میں فائدہ دینے والے اور فائدہ اُٹھانے والے تمام لوگوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

خیال رہے کہ موجودہ حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس کے خلاف اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی جانب سے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس کیلئے اپوزیشن نے بھی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے