جمعرات : 21 جنوری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جوبائیڈن نے ٹرمپ کا مسلم ممالک پر پابندی سے متعلق فیصلہ واپس لے لیا[/pullquote]

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے صدارت کا منصب سنبھالتے ہی 17 احکامات پر دستخط کردیے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جوبائیڈن نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی سابق صدر ٹرمپ کے دور کے کئی فیصلے واپس لینے کے احکامات دیے جن میں امریکی صدر نے بعض مسلم اکثریتی ملکوں کے شہریوں پر امریکا میں امیگریشن پر پابندی ختم کرنے کے بل پر بھی دستخط کر دیے ہیں۔امریکی صدر کے احکامات کے تحت نوجوان تارکین وطن کو تحفظ دیا جائے گا اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر روک دی جائے گی۔امریکی صدر نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پیرس معاہدے کو پھر سے بحال کر دیا جب کہ تمام وفاقی املاک پر ماسک لازمی قرار دینے کے بل پر بھی دستخط کر دیے ہیں۔

[pullquote]بغداد 3 سال بعد خودکش دھماکوں سے لرز اٹھا، 32 ہلاک[/pullquote]

عراق کا دارالحکومت بغداد بم دھماکوں سے لرز اٹھا جس کے نتیجے میں کم سے کم 32 افراد ہلاک اور 110 سے زائد زخمی ہوگئے۔عراقی حکام کے مطابق خودکش جیکٹ پہنے دو حملہ آوروں نے وسطی بغداد کی پُرہجوم مارکیٹ میں لوگوں کے درمیان خود کو دھماکے سے اُڑایا۔حکام کی جانب سے ہلاکتوں میں اٖضافے کا خدشہ بیان کیا جارہا ہے، بغداد میں تین سال بعد کوئی خودکش دھماکا ہوا ہے، کسی گروپ نے ابھی تک دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

[pullquote]زمبابوے کے وزیر خارجہ کورونا وائرس سے انتقال کرگئے[/pullquote]

غیر ملکی میڈیا کے مطابق زمبابوے کی حکومت نے وزیر خارجہ سیبوسیسو مویو کے کورونا سے انتقال کی تصدیق بدھ کے روز کی۔حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ 61 سالہ مویو میں چند روز قبل وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر خارجہ سیبوسیسو مویو سابق فوجی جنرل تھے اور انہیں زمبابوے میں 2017 کی فوجی بغاوت کے بعد شہرت ملی کیونکہ مویو نے ٹیلی ویژن پر سابق صدر رابرٹ موگابے کی حکومت کا تختہ الٹنے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]ایوریل ہینس امریکا کی ڈائریکٹر انٹیلی جنس مقرر[/pullquote]

امریکی سینیٹ سے منظوری کے بعد ایوریل ہینس امریکا کی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جینس مقرر ہو گئیں۔امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے ڈائریکٹر انٹیلی جنس کے لیے منتخب کی گئی ایوریل ہینس کی تقرری کے لیے سینیٹ سے کرائی گئی ووٹنگ میں 84 افراد نے حق اور 10 نے ان کی مخالفت میں ووٹ ڈالا۔ایوریل ہینس کا کہنا ہے کہ وہ ملکی خود مختاری کے لیے ہمیشہ سچ بولیں گی اور انیٹلی جنس ایجنسیز کے کام میں رکاوٹ کے خلاف مزاحمت کریں گی۔

[pullquote]چین نے پومپیو سمیت ٹرمپ کے کئی ساتھیوں پر پابندی عائد کردی[/pullquote]

چین نے امریکا کے سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو سمیت ٹرمپ کےکئی ساتھیوں پر پابندی عائد کردی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین نے سابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سمیت ٹرمپ انتظامیہ کے 28 افراد پر پابندی عائد کی ہے جو امریکا کے نئے صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری کے روز عائد کی گئی۔چین نے امریکا کی جانب سے چین کے خلاف پے در پے لیے جانے والے ایکشن اور انہیں چینی اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے یہ پابندی عائد کی۔چینی وزارت خارجہ کے مطابق جن افراد پر پابندی عائد کی گئی ان میں ٹرمپ کے سابق مشیر تجارت پیٹر نوارو، قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ برائن، مشرقی ایشیا کے لیے اسسٹنٹ سیکرٹری ڈیوڈ اسٹیلول، سیکرٹری صحت الیکس ایزر اور اقوام متحدہ میں امریکا کے نمائندے کیلی کرافٹ بھی شامل ہیں۔

[pullquote]کورونا ویکسین تیار کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے پلانٹ میں آتشزدگی، 5 ہلاک[/pullquote]

بھارت کے شہر پونے میں کورونا ویکسین بنانے والی دواساز فیکٹری میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق آگ فیکٹری کی ایک عمارت کے اندر لگی جس سے فیکٹری کا ایک پروڈکشن پلانٹ متاثر ہوسکتا ہے تاہم فیکٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ سے ویکسین پروڈکشن متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے۔فائر فائٹرز، پولیس اور ریسکیو اہلکار آگ پر قانو پانے اور علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے آپریشن کررہے ہیں۔ آگ سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایس آئی آئی) کے ایک زیر تعمیر حصے میں لگی جس سے کورونا ویکسین کی تیاری کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔ ایس آئی آئی آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ کورونا ویکسین آسٹرازینیکا، امریکا میں تیارہ کردہ نووا ویکس اور مقامی طور پر تیار کردہ ویکسین کے کروڑوں ڈوز تیار کررہی ہے اور یوں یہ دنیا کا کورونا ویکسین تیار والی سب سے بڑی کمپنی ہے۔

[pullquote]چاہتے ہیں ایران دوبارہ جوہری معاہدے میں شامل ہو: امریکا[/pullquote]

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایران دوبارہ سے جوہری معاہدے میں شامل ہو۔ان کا کہنا ہے کہ صدر جوبائیڈن نے سفارت کاری کے ذریعے ایران کے جوہری پروگرام اور دیگر خدشات دور کرنے کے لیے کہا ہے۔جین ساکی نے کہا کہ صدر جوبائیڈن کی پہلی ترجیح دنیا بھر میں اتحادیوں سے تعلقات کی بحالی ہے۔خیال رہے کہ ایران کے صدر حسن روحانی بھی کہہ چکے ہیں کہ جوہری معاہدے کے حوالے سے بال اب امریکا کے کورٹ میں ہے، اگر امریکا نے معاہدے کی پاسداری کی تو ایران بھی معاہدے پر عمل کرے گا۔

[pullquote]امریکا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 اہلکار ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست نیویارک میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک ہو گئے۔نیو یارک اسٹیٹ ڈویژن آف ملٹری اینڈ نیول افیئرز کے مطابق ہیلی کاپٹر نیو یارک کے جنوبی علاقے مینڈن میں گر کرتباہ ہوا اور حادثے میں تین فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔حکام کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹر تربیتی مشن پر تھا اور اس کے تباہ ہونے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]امریکا: نئے صدر کی تقریب حلف برداری کے روز بھی کورونا سے 4 ہزار سے زائد اموات[/pullquote]

امریکا میں نئے صدر کی تقریب حلف برداری کے روز مزید 4 ہزار سے زائد امریکی کورونا کے باعث موت کا شکار ہو گئے۔دنیا بھر میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں مزید ایک لاکھ 76 ہزار نئے مریضوں کے ساتھ کورونا مریضوں کی تعداد 2 کروڑ 49 لاکھ 98 ہزار سے زائد ہو گئی۔دوسری جانب برطانیہ میں مزید 1820 افراد کورونا سے ہلاک ہوگئے جب کہ برازیل، جرمنی اور میکسیکو میں بھی ایک ہی دن میں ایک ایک ہزار سے زائد افراد کورونا کے باعث جان سے گئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے