جمعرات : 28 جنوری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران نے جوہری معاہدے کی مکمل پابندی کا امریکا مطالبہ رد کر دیا[/pullquote]

ایران نے امریکا کی طرف سے جوہری معاہدے کی مکمل پاسداری کے مطالبے کو یہ کہتے ہوئے تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے کہ اس نے محض ’احتیاطی تدابیر‘ اختیار کی ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے گزشتہ روز جوہری معاہدے میں واپسی کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ تاہم امریکی اسٹیٹ سیکرٹری انٹونی بلنکن نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا صرف اسی صورت میں اس معاہدے میں واپس لوٹے گا جب ایران اس معاہدے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اس مطالبے کو رد کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ اس معاہدے کی خلاف ورزی امریکا نے کی تھی لہٰذا اسے ہی پہل کرنی چاہیے۔

[pullquote]ماحولیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کے لیے امریکی صدر جو بائیڈن کا حکم نامے پر دستخط[/pullquote]

نئے امریکی صدر جو بائیڈن نے دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت پر قابو پانے کے لیے متعدد صدارتی حکم ناموں پر دستخط کیے ہیں۔ ان احکامات کے مطابق جو اقدامات اختیار کیے جانے ہیں ان میں ملک میں تیل اور گیس کے استعمال میں کمی لانا اور ساحلوں کے قریب پون چکیوں کے ذریعے حاصل ہونے والی توانائی کو دو گنا کرنا شامل ہے۔ ان صدارتی احکامات کے بعد ماحولیاتی تحفظ امریکا کی قومی اور خارجہ پالیسی کا ایک اہم حصہ بن گئی ہے۔

[pullquote]بائیڈن نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو ہتھیاروں کی فروخت روک دی[/pullquote]

نئے امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کو اربوں ڈالر مالیت کے ہتھیاروں کی فروخت کے معاملے کو روک دیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق اس کا مقصد ہتھاروں کی فروخت کے معاملے کا از سر نو جائزہ لینا ہے۔ ان میں متحدہ عرب امارات کو 23 ارب ڈالر کے ایف 35 جنگی طیاروں کی فروخت کا معاہدہ بھی شامل ہے۔ یہ سودا نومبر میں صدارتی انتخابات کے بعد صدر ٹرمپ کے دور اقتدار کے آخری دنوں میں کیا گیا تھا۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کے فیصلے کا اثر دیگر کن سودوں پر پڑے گا۔

[pullquote]جرمنی ملک میں داخلے پر پابندیاں لگانے کی تیاری میں[/pullquote]

کورونا وائرس کی تبدیل شدہ شکل کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جرمن حکومت ملک میں داخلے پر بھی سخت پابندیاں لاگو کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جرمن اخبار ’بِلڈ‘ کے مطابق ملکی کابینہ نے وزیر داخلہ ہورسٹ زی ہوفر کو اس سلسلے میں ایک حکم نامہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان پابندیوں میں ایسے ممالک سے آنے والی پروازوں پر بندش بھی شامل ہو سکتی ہے جو وائرس کی تبدیل شدہ قسم کے زیادہ خطرات کا شکار ہیں۔ ان میں برطانیہ، جنوبی افریقہ، برازیل اور پرتگال شامل ہیں۔ اخبار کے مطابق اس فہرست میں ہالینڈ اور آئرلینڈ بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

[pullquote]گلوبل کرپشن انڈکس: امریکا اور پاکستان کی رینکنگ مزید گر گئی[/pullquote]

عالمی سطح پر بدعنوانی کے خلاف سرگرم تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں کرپشن کی صورتحال پر اپنا سالانہ کرپشن پرسَیپشنز انڈکس یا CPI جاری کیا ہے جس میں امریکا نے 100 میں سے 67 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ گزشتہ برس امریکا اس انڈکس پر 23 ویں نمبر پر تھا جبکہ نئی درجہ بندی میں اس کی پوزیشن 25 ویں ہو گئی ہے۔ اس عالمی درجہ بندی میں اس سال بھی ڈنمارک اور نیوزی لینڈ سرفہرست ہیں۔ اس انڈکس میں پاکستان کی پوزیشن بھی گزشتہ برس 120 ویں نمبر کے مقابلے میں اب 124 ویں نمبر پر چلی گئی ہے۔ نئے گلوبل کرپشن انڈکس میں بھارت 86 ویں نمبر پر ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی یورپی سرحدوں پر مہاجرین کے ساتھ سلوک پر تنقید[/pullquote]

اقوام متحدہ نے مہاجرین اور سیاسی پناہ کے متلاشیوں کو یورپی سرحدوں پر بزور طاقت روکنے اور ایسے افراد کی ملک بدریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ برلن میں اقوام متحدہ کے مہاجرین کے حوالے سے کمشنر نے کہا ہے کہ ایسے افراد کو بظاہر منظم طریقے سے یورپ سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یو این ایچ سی آر کی طرف سے مزید کہا گیا ہے کہ مہاجرین کی کشتیوں کو سمندر میں ہی واپس موڑ دیا جاتا ہے، یا لوگوں کو گرفتار کر کے انہیں واپس کر دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ خشکی کے راستے پہنچنے والوں کو حراست میں لے کر انہیں زبردستی ہمسایہ ممالک میں واپس دھکیل دیا جاتا ہے۔

[pullquote]امریکی داخلی سلامتی کے ادارے کی طرف سے دہشت گردی سے متعلق انتباہ[/pullquote]

نئے امریکی صدر جو بائیڈن کے اقتدار سنھبالنے کے بعد امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی نے انتباہ جاری کیا ہے کہ ’نظریاتی محرکات سے متاثر شدت پسند‘ ملک میں بڑے پر تشدد اقدامات کر سکتے ہیں، اسی وجہ سے ملک اس وقت اضافی خطرے کی صورتحال سے دو چار ہے۔ دہشت گردی سے متعلق یہ انتباہ ابتدائی طور پر اپریل کے اختتام تک کے لیے ہے۔ داخلی سلامتی کے ادارے کی طرف سے تاہم کسی خاص حملے کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے کیپٹل ہِل پر چڑھائی کے بعد 20 جنوری کو صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری انتہائی سخت سکیورٹی میں منعقد کی گئی تھی۔

[pullquote]پولینڈ میں اسقاط حمل کے قوانین مزید سخت کیے جانے کے خلاف ہزارہا افراد کا احتجاج[/pullquote]

پولینڈ میں اسقاط حمل سے متعلق قوانین میں سختی کے خلاف ہزارہا افراد نے احتحاجی مظاہرہ کیا ہے۔ نئے قوانین گزشتہ روز سے نافذ ہو گئے ہیں۔ گزشتہ برس اکتوبر میں پولینڈ کی سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ شکم مادر میں پلنے والے جنین میں سخت طبی مسائل کے باوجود خواتین کو ابارشن یا اسقاط حمل کرانے کی اجازت نہیں ہے۔ پولینڈ میں پہلے ہی اسقاط حمل کے حوالے سے یورپ کے سخت ترین قوانین لاگو ہیں۔ خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا اندازہ ہے کہ ہر سال دو لاکھ کے قریب خواتین غیر قانونی طور پر یا دوسرے ملکوں میں جا کر اسقاط حمل کراتی ہیں۔

[pullquote]کورونا بحران کے دوران ایپل کمپنی کو ریکارڈ منافع[/pullquote]

معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے کرسمس سیزن کے دوران اپنی مصنوعات کی فروخت اور منافع کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس کمپنی کے مطابق گزشتہ سہ ماہی کے دوران اس کی آمدنی 21 فیصد اضافے کے ساتھ 111.4 بلین ڈالرز رہی۔ اسی طرح منافع بھی 29 فیصد اضافہ کے ساتھ 28.7 بلین ڈالرز رہا۔ کورونا کی وبا کے سبب دنیا کے کئی ملکوں میں لاک ڈاؤن اور ہوم آفس یا گھر سے کام کرنے کے سبب ایپل ڈیوائسز کی خریداری میں اضافہ ہوا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے