پیر : 08 فروری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیلی وزیر اعظم نے کرپشن الزامات کو مسترد کر دیا[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اپنے خلاف لگے بدعنوانی کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ پیر کو یروشلم کی عدالتی کارروائی کے دوران انہوں نے اپنی طرف سے اس کارروائی سے پہلے ہی الزامات کی تردید کے تحریری دعوے کی تصدیق کی۔ نتین یاہو پر اپنے دوستوں سے تحائف وصول کرنے کا الزام عائد ہے۔ مزید برآں نیتن یاہو پر الزام ہے کہ انہوں نے اسرائیل کے میڈیا ’مُغلز‘ کو ان کی ساکھ کے بارے میں مثبت رپورٹنگ کرنے کے بدلے میں قانونی چھوٹ دینے کا وعدہ بھی کیا تھا۔ نیتن یاہو ان الزامات کو اپنے خلاف ’وچ ہنٹ‘ قرار دیتے ہیں ۔

[pullquote]منظم جرائم دہشت گردی سے زیادہ خطرناک ہیں، یوروپول[/pullquote]

یورپ کی پولیس اتھارٹی یوروپول کے سربراہ نے منظم مجرموں کے بڑھتے ہوئے خطرات سے خبر دار کیا ہے۔ نارتھ جرمن ریڈیو این ڈی آر کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے یاری لیوکو نے کہا کہ اس وقت دہشت گردوں سے کہیں زیادہ منظم جرائم کرنے والے پیشہ ور گروہ یورپی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے منظم جرائم پیشہ افراد کے بہت زیادہ متحرک ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ منظم اور سنگین جرائم کے شعبے کے سربراہ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں اس خطرے کی طرف مناسب توجہ نہیں دی گئی۔ ان خطرات کا تعلق منشیات کی اسمگلنگ، انسانوں کی اسمگلنگ، بدعنوانی اور منی لانڈرنگ جیسے جرائم سے ہے۔

[pullquote]میانمار میں سیاسی کارکنوں کی طرف سے عام ہڑتال کی اپیل[/pullquote]

فوجی بغاوت کے ایک ہفتے بعد میانمار میں ممتاز سیاسی کارکنوں نے ملک گیر سطح پرعام ہڑتال کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں مسلسل احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بھی ینگون میں دسیوں ہزار افراد ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے۔ دارالحکومت نیپیڈا میں پولیس نے پہلی بار واٹر کینن کا استعمال کیا۔ مظاہرین نے سیاسی رہنما آنگ سان سوچی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا، جنہیں ایک ہفتہ قبل فوج نے گرفتار کیا تھا۔ مظاہرین ملک میں جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]صومالیہ میں بم دھماکے، کم از کم 13 سکیورٹی اہلکار ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک صومالیہ میں ہونے والے ایک بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 13 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ الشباب ملیشیا نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ ان بم حملوں کا ہدف صومالی ریاست گالمودوگ سے تعلق رکھنے والا ایک سکیورٹی یونٹ کا قافلہ تھا۔ بتایا گیا کہ یہ قافلہ دارالحکومت موغادیشو سے تقریبا 400 کلومیٹر شمال میں دھساماریب شہر کے طوس مریب قصبےکی جانب جا رہا تھا۔ یہ دھماکا ایک ایسے وقت میں ہوا ہے، جب صومالیہ میں نئے صدر کے انتخاب کے مسئلے پر جاری تعطل کو ختم کرنے کے لیے اتوار کے روز سیاست دانوں کے درمیان ہونے والے ہنگامی مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔ اس بحران زدہ ملک میں پیر کو ووٹنگ ہونا تھی تاہم اب یہ ملتوی کر دی گئی ہے اور ابھی انتخاب کی نئی تاریخ طے نہیں کی گئی۔

[pullquote]امریکا فی الحال ایران پر عائد پابندیاں ختم نہیں کرے گا[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے زو دیا ہے کہ ایران جب تک جوہری معاہدے کی شرائط کی پاسداری نہیں کرتا، اس وقت تک اس کے خلاف عائد پابندیاں ختم نہیں کی جائیں گی۔ امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک سی بی ایس کے ساتھ ایک انٹرویو میں بائیڈن نے کہا کہ اگر ایران پہلے یورینیم کی افزودگی روک دیتا ہے تو اُس پر لگی پابندیاں ہٹائے جانے کے امکانات ہیں۔ یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2015 ء کی ایران ایٹمی ڈیل سے امریکا کو نکال لیا تھا۔ اس کے بعد تہران نے جوہری معاہدے کی پاسداری ختم کر دی تھی اور جواباﹰ واشنگٹن نے ایران پر مزید پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

[pullquote]کورونا پابندیوں میں نرمی کی کوئی گنجائش نہیں، جرمن وزیر صحت[/pullquote]

جرمنی کے وفاقی وزیر صحت ژینس اشپاہن نے مہلک وائرس کورونا سے پھیلنے والی بیماری کووڈ انیس سے بچاؤ کے لیے نافذ لاک ڈاؤن میں کسی قسم کی نرمی کے امکان کو رد کر دیا ہے۔ رواں ہفتے جرمنی کےوفاقی اور ریاستی حکام کے مابین کورونا لاک ڈاؤن اور دیگر حفاظتی اقدامات کے سلسلے میں اگلے اجلاس کا انعقاد ہونا ہے۔ اس سے قبل جرمن ٹیلی وژن چینل اے آر ڈی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے جرمن وزیر کہا کہ ابھی چند دشوار ہفتے سب کے سامنے ہیں اور حکومت کو لاک ڈاؤن احکامات کے سلسلے میں لازماً مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ جرمن وزیر صحت نے اپنے بیان میں انگلینڈ سے پھیلنے والے تبدیل شدہ کورونا وائرس کے خطرے پر زور دیا۔

[pullquote]ایکواڈور کے انتخابات میں بائیں بازو کے امیدوار کو برتری حاصل[/pullquote]

ایکواڈور میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں بائیں بازو کے امیدوار آندرس آراؤز سبقت لیے ہوئے ہیں تاہم انہیں انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل نہیں ہو سکی، جس کے سبب اب انہیں دائیں بازو کے قدامت پسند سابق بینکر گیلرمو لاسو کا 11 اپریل کو رن آف الیکشن میں مقابلہ کرنا ہو گا۔ واضح رہے کہ سابق صدر لینن مورینو اس بار کے الیکشن کی دوڑ میں شامل نہیں تھے۔

[pullquote]جرمنی شدید سردی کی لپیٹ میں[/pullquote]

ان دنوں شمالی جرمنی شدید برف باری اور منفی درجہ حرارت کی لپیٹ میں ہے۔ برفباری کی شدت کے سبب آمد و رفت کے ذرائع بُری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ریل اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے۔ جرمن ریلوے ’ڈؤئچے باہن‘ کے مطابق شدید برفباری کی وجہ سے ریل کی پٹریاں خطرناک حد تک پھسلن کا شکار ہیں۔ ریل کے متعدد رابطے بند کر دیے گئے ہیں۔ ملک کے شمالی اور وسطی حصے میں سڑکوں پر سے برف صاف کرنے اور انہیں استعمال کے قابل بنانے کے لیے مستقل خصوصی ٹیمیں خدمات انجام دے رہی ہے۔ اُدھر پڑوسی ملک ہالینڈ میں دس سالوں میں پہلا برفانی طوفان آیا ہے۔

[pullquote]سابق امریکی وزیر خارجہ جارج شُلٹس انتقال کر گئے[/pullquote]

سابق امریکی وزیر خارجہ جارج پریٹ شُلٹس 100 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ شُلٹس 1982ء سے 1989ء تک ریپبلکن صدر رونلڈ ریگن کے دور میں سکریٹری خارجہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے تھے۔ سکریٹری آف اسٹیٹ کی تقرری سے پہلے وہ وائٹ ہاؤس میں وزیر مالیات اور وزیر محنت و روزگار بھی رہ چُکے تھے۔ انہوں نے وائٹ ہاؤس میں بجٹ سکریٹری کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ وہ صرف ایسے دو امریکی سیاستدانوں میں سے ایک تھے، جو حکومت میں چار مختلف عہدوں پر فائز رہے تھے۔

[pullquote]جنوبی افریقہ میں آسٹرا زینیکا ویکسین کا استعمال معطل[/pullquote]

جنوبی افریقی حکام نے کہا ہے کہ وہ برطانوی سویڈش ادویات ساز کمپنی آسٹرا زینیکا کی طرف سے تیار کردہ ویکسین کا استعمال فی الحال معطل کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ ویکسین اُس وقت تک نہیں لگائی جائے گی، جب تک سائنس دان اس ویکسین کی افادیت پر مکمل اعتماد کا اظہار نہیں کرتے۔ جنوبی افریقہ کے وزیر صحت زولی میخیز نے یہ اعلان کیا۔ کمپنی آسٹرا زینیکا نے پہلے ہی تسلیم کیا تھا کہ یہ ویکسین جنوبی افریقہ کے نئے وائرس کے خلاف محدود تحفظ فراہم کرتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے