اسلام آباد سے ہمارے امیدوار سینیٹ الیکشن جیت جائیں گے :فواد چوہدری

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ سینیٹ انتخابات کیلئے نمبر پورے ہیں جبکہ اسلام آباد سے ہمارے دونوں امیدوار محفوظ طریقے سے سینیٹ الیکشن جیت جائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ عمران خان 2013 سے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کی بات کررہے ہیں، ہم جو قانون لے کر آئے یہ وہی ہے جو ن لیگ 2015 میں لے کر آئی تھی اور جب ن لیگ یہ قانون لے کر آئی تھی تو عمران خان نے کہا تھا یہ قانون ٹھیک ہے ہونا چاہیے لیکن اب تحریک انصاف اوپن بیلٹ کیلئے قانون لے کر آئی تو ن لیگ نے مخالف کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ آرٹیکل 226 میں ترمیم کے بغیر یہ نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہاکہ خفیہ رائے دہی حتمی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ٹیکنالوجی سے متعلق الیکشن کمیشن کو اپنی پوری معاونت پیش کی، الیکشن کمیشن نے ہماری گزارشات کو غور سے سنا، آج صبح الیکشن کمیشن نے کہا کہ اتفاق کرتے ہیں کہ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہ کہا کہ وقت نہیں ہے، ہمارے خیال میں الیکشن کمیشن کا یہ مؤقف کمزور ہے۔

سندھ اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پرفواد چوہدری کا کہنا تھاکہ آج ایک رکن سندھ اسمبلی آئے اور انہوں نے داستان سنانے کی کوشش کی جس پر دھکم پیل شروع ہوئی، الیکشن کو شفاف بنانا بھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور امید ہے کہ الیکشن کمیشن سندھ میں ہونے والے واقعے کا نوٹس لے گا۔

سابق صدر آصف زرداری کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ آصف زرداری بیمار تھے عدالت نہیں آسکتے تھے لیکن یوسف گیلانی کی مہم کیلئے کراچی سے اسلام آباد آئے۔

سینیٹ الیکشن کے حوالے سے فوادچوہدری کا کہنا تھاکہ اسلام آباد سے ہمارے دونوں امیدوار محفوظ طریقے سے سینیٹ الیکشن جیت جائیں گے، ہمارے پاس 181 کے لگ بھگ نمبرز ہیں اور آج 181 میں سے 176 لوگوں نے ظہرانے میں شرکت کی لیکن امید ہے کل تک مزید بڑھ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج تمام ایم این ایز سے پوچھا کسی کو ن لیگ کی خاتون امیدوار سے متعلق نہیں پتا تھا، ن لیگ کی قیادت سمجھتی ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے مدرسے کے بچوں کے بل پر انقلاب لے آئیں گے۔

اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فوادچوہدری کا کہنا تھاکہ اپوزیشن نے جو سیاسی چورن بیچنے کی کوشش کی وہ مکمل طور پر ناکام ہے، ان کی حکمت عملی ناکام ہوگئی ہے اور آج اپوزیشن کے دوبارہ بیانات لانگ مارچ کی طرف چلے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم جلسوں اور بلاول ایوان میں ناکام ہوگئے، ان نابالغ سیاستدانوں پر ملک کی سیاست نہیں چھوڑی جاسکتی جبکہ مولانا فضل الرحمان کا وہ قد نہیں ہے۔

خیال رہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی نشست سے تحریک انصاف کے امیدوار حفیظ شیخ اور اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ خواتین کی نشست پر بھی پی ٹی آئی کی امیدوار فوزیہ ارشد اور ن لیگ کی فرزانہ کوثر کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے