پیر : 15 مارچ 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]میانمار میں مزید پانچ مظاہرین ہلاک[/pullquote]

میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف جمہوریت پسندوں کے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور پیر کے روز فوجی کریک ڈاؤن میں مزید پانچ مظاہرین مارے گئے۔ فروری کے آغاز پر فوج کی جانب سے ملکی اقتدار پر قبضے کے بعد سے اتوار کا دن سب سے خون ریز رہا، جب ایک ہی دن میں چوالیس مظاہرین ہلاک ہو گئے تھے۔ اس طرح گزشتہ قریب ڈیڑہ ماہ سے جاری ان مظاہروں میں ہلاک شدگان کی تعداد اب ایک سو بیس سے زائد ہو گئی ہے۔

[pullquote]امریکا ٹرمپ والی غلطیاں نا دوہرانے کی ضمانت دے، ایران[/pullquote]

ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا ایران پر عائد پابندیوں کا خاتمہ کرے اور ضمانت دے کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں کی جانے والی غلطیاں کبھی نہیں دوہرائے گا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق فقط اسی صورت میں امریکا کے ساتھ جوہری معاہدے پر دوبارہ گفتگو ممکن ہو گی۔ سابق امریکی صدر ٹرمپ نے سن 2018 میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے سے امریکا کے یک طرفہ طور پر نکل جانے کا اعلان کر دیا تھا اور ایران پر دوبارہ سخت ترین پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

[pullquote]ہتھیاروں کی بین الاقوامی فروخت میں ایک دہائی میں پہلی بار اضافہ نہیں ہوا[/pullquote]

اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ (سپری) نے پیر کے روز اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سن دو ہزار سولہ تا دو ہزار بیس کے دوران ہتھیاروں کی بین الاقوامی تجارت میں اضافے کا رجحان نہیں دیکھا گیا۔ اس طرح اس دورانیے سے قبل کی ایک دہائی میں ہتھیاروں کی فروخت میں اضافے کے رجحان کا خاتمہ دکھائی دیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق امریکا، فرانس اور جرمنی نے ہتھیاروں کی برآمد میں اضافہ کیا جب کہ روس اور چین کی جانب سے ہتھیاروں کی بین الاقوامی فروخت میں کمی آئی۔ اس رپورٹ کے مطابق بھارت، آسٹریلیا، چین، جنوبی کوریا اور پاکستان ایشیا پیسیفک خطے میں ہتھیاروں کے سب سے بڑے درآمدکنندگان رہے۔

[pullquote]افغان لڑکیوں کے گانا گانے پر پابندی کا نوٹیفیکیشن واپس[/pullquote]

افغان وزارت تعلیم کے حکام کی جانب سے دارالحکومت کابل میں اسکول کی بچیوں کے گانا گانے پر پابندی عائد کرنے کی ہدایات واپس لے لی گئی ہیں۔ لڑکیوں پر ان پابندیوں کے نفاذ کے بعد سوشل میڈیا پر زبردست بحث چھڑ گئی تھی، جس میں حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ لڑکیوں کے گانے پر پابندی کے بعد سوشل میڈیا پر الزام عائد کیا جانے لگا تھا کہ حکومت طالبان کی ڈگر پر چلنے لگی ہے۔ اس موقع پر افغانستان میں سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ ’آئی ایم مائی سونگ‘ یعنی ’میں اپنا گیت خود ہوں‘ کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کرتا رہا تھا۔ وزارت تعلیم کی جانب سے تاہم بعد میں کہا گیا کہ یہ پابندی وزارت کی پوزیشن یا پالیسیوں کی عکاس نہیں ہے۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا انفیکشنز کی تعداد میں نمایاں اضافہ[/pullquote]

جرمنی میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ متعدی بیماریوں کے انسداد کے ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق ایک روز پہلے کے مقابلے میں یہ اضافہ چھ ہزار چھ سو چار تھا۔ اس طرح گزشتہ برس کے اوائل سے جاری اس وبا کے نتیجے میں جرمنی میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد پچیس لاکھ پچھہتر ہزار آٹھ سو انچاس ہو گئی ہے۔ اس جرمن ادارے کے مطابق گزشتہ روز اس وبا کے نتیجے میں مزید سینتالیس افراد ہلاک ہو گئے۔ یوں اس وبا کے نتیجے میں جرمنی میں ہلاک شدگان کی تعداد اب تہتر ہزار چار سو اٹھارہ ہو گئی ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں جمہوریت کے لیے جدوجہد اب بیرون ملک سے[/pullquote]

ہانگ کانگ میں جمہوریت نواز کارکنوں کی جانب سے ایک نئی تحریک کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت ملک میں جمہوریت پسندوں کے خلاف چینی حکومت کے کریک ڈاؤن کے تناظر میں جمہوریت کی جدوجہد بیرون ملک سے جاری رکھی جائے گی۔ جمہوریت پسندوں کے مطابق بیجنگ حکومت نیم خود مختار ہانگ کانگ میں تمام مخالف آوازیں خاموش کروا رہی ہے۔ دو ہزار اکیس ہانگ کانگ چارٹر نامی ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ کریک ڈاؤن کے تناظر میں اس کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں کہ ہانگ کانگ میں جمہوریت کی بقا کی لڑائی کے لیے جلاوطنی اختیار کی جائے۔

[pullquote]فرانسیسی سیاح بینجمن بریئر پر ایران میں جاسوسی کا مقدمہ[/pullquote]

فرانسیسی سیاح بینجمن بریئر پر ایران میں جاسوسی اور ملکی نظام کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کا مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ یہ بات بریئر کے ایک وکیل نے پیر کے روز خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتائی۔ اس فرانسیسی سیاح کو دس ماہ قبل حراست میں لیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار کے روز عدالت میں ان پر یہ دو الزامات عائد کیے گئے۔ اس پیش رفت پر فی الحال ایرانی حکام کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

[pullquote]نیدرلینڈز نے ایسٹرا زینیکا ویکسین کا استعمال روک دیا[/pullquote]

ہالینڈ نے بھی اتوار کے روز کورونا وائرس کے خلاف ایسٹرا زینیکا ویکسین کا استعمال معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس سے قبل ناروے اور ڈنمارک نے بھی ’ممکنہ ضمنی اثرات‘ کے خدشات کے تحت اس ویکیسن کا استعمال روک دیا تھا۔ ڈچ حکام کے مطابق نئی معلومات کے تحت بہ طور ’احتیاطی تدبیر‘ اس ویکسین کا استعمال روکا جا رہا ہے۔ دوسری جانب یورپی ادارہ برائے ادویات اور عالمی ادارہ صحت کہہ چکے ہیں کہ ایسٹرا زینیکا ویکسین کا استعمال روکنے کی کوئی مناسب وجوہات موجود نہیں۔

[pullquote]شامی میزائل حملے میں متعدد عام شہری زخمی، ترک وزارت دفاع[/pullquote]

ترک وزارت دفاع کے مطابق شمالی شام میں ترکی کے زیر انتظام علاقے میں ایک میزائل حملے میں متعدد عام شہری زخمی ہو گئے۔ اس واقعے اور اس میں زخمیوں کی تصدیق شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی اپوزیشن تنظیم سیریین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بھی کر دی ہے۔ ترک حکام کے مطابق یہ میزائل شامی فورسز کے زیر انتظام صوبے حلب میں ایک فوجی اڈے سے داغا گیا۔ ایک بیان کے مطابق اس حملے کا مقصد عام شہریوں اور ایندھن کے ٹینکروں کو نشانہ بنانا تھا۔ اس سے قبل بھی اسی علاقے میں آئل ریفائنریز پر کیے گئے میزائل حملے میں چار افراد ہلاک جب کہ چوبیس دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

[pullquote]آسٹریلیا میں ہزاروں افراد ’صنفی امتیاز‘ کے خلاف سڑکوں پر[/pullquote]

آسٹریلیا میں اتوار اور پیر کو ہزاروں افراد نے صنفی امتیاز اور تشدد کے خلاف سڑکوں پر مظاہرے کیے۔ مارچ فار جسٹس کے نام سے یہ ریلیاں پرتھ، کیئرن نامی شہروں میں اتوار اور سڈنی، کینبرا، برسبین اور میلبورن میں پیر کے روز نکالی گئیں۔ اس مارچ کے منتظمین کے مطابق ان ریلیوں میں مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے۔ یہ احتجاجی ریلیاں آسٹریلوی وزارت دفاع کی ایک سابقہ اہلکار کے اس بیان کے بعد نکالی گئیں، جس میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں پارلیمان کی عمارت میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

[pullquote]افغان فورسز اپنے طور پر بھی ملک کی حفاظت کر سکتی ہیں، وزیر داخلہ[/pullquote]

افغان وزیر داخلہ مسعود اندرابی نے کہا ہے کہ غیرملکی افواج کی طرف سے مدد کے بغیر بھی افغان فورسز اپنے زیر انتظام علاقوں کی حفاظت کرنے کے قابل ہیں۔ اس سے قبل امریکی حکام کی جانب سے اس تشویش کا اظہار کیا گیا تھا کہ اگر امریکی فورسز افغانستان سے نکلیں، تو طالبان جغرافیائی پیش قدمی کر سکتے ہیں۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے ساتھ خصوصی بات چیت میں مسعود اندرابی نے کہا کہ افغان فورسز مختلف علاقوں پر اپنا قبضہ اپنے طور پر برقرار رکھنے کے قابل ہیں البتہ دور دراز کے علاقوں میں امریکی فضائی مدد کے بغیر انہیں زیادہ جانی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

[pullquote]حوثی باغیوں کا ایک ڈرون مار گرایا گیا، سعودی عسکری اتحاد[/pullquote]

سعودی عرب کی قیادت میں عرب عسکری اتحاد کا کہنا ہے کہ یمن میں فعال ایران نواز حوثی باغیوں کا ایک ڈرون مار گرایا گیا ہے۔ پیر کے روز سامنے آنے والے اس بیان کے مطابق اس ڈرون کا رخ جنوبی سعودی شہر خمیس مشیط کی جانب تھا۔ حالیہ کچھ عرصے میں یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر ڈرون اور میزائل حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ چند روز قبل یورپ اور امریکا کی جانب سے بھی حوثی باغیوں کی ان سرگرمیوں کی شدید مذمت کی گئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے