بدھ : 17 مارچ 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکی الیکشن میں مداخلت کا الزام: روسی صدر پوٹن کو قیمت چکانا ہو گی، بائیڈن[/pullquote]

امریکی خفیہ اداروں کی ایک رپورٹ کے مطابق روس نے امریکا میں گزشتہ نومبر میں ہوئے صدارتی الیکشن کے نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔ رپورٹ کے مطابق روسی حکام نے یہ کام صدر ولادیمیر پوٹن اور ان کی حکومت کے حکم پر اور سرپرستی میں کیا۔ روس کی کوشش تھی کہ الیکشن میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کی جائے اور ان کے ڈیموکریٹ حریف جو بائیڈن کو سیاسی نقصان پہنچایا جائے۔ اسی دوران آج بدھ کو نشر ہونے والے اپنے ایک انٹرویو میں نئے امریکی صدر بائیڈن نے کہا کہ روسی صدر پوٹن کو اس مداخلت کی قیمت چکانا ہو گی۔ امریکی انٹیلیجنس اداروں کی رپورٹ کے مطابق روس کے علاوہ کیوبا، وینزویلا، لبنانی شیعہ تحریک حزب اللہ اور ایران نے بھی امریکی صدارتی الیکشن کے نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔

[pullquote]جنوبی ایشیا میں کووڈ انیس کے باعث بچوں کی ہلاکتیں، اقوام متحدہ کو گہری تشویش[/pullquote]

اقوام متحدہ کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا سے پیدا شدہ بحران کے براہ راست اور بالواسطہ نتائج کے باعث دو ہزار بیس میں جنوبی ایشیا میں اضافی طور پر دو لاکھ اٹھائیس ہزار بچے ہلاک ہو گئے۔ اس کے علاوہ گیارہ ہزار خواتین زچگی کے دوران انتقال کر گئیں جبکہ ساڑھے تین ملین خواتین مانع حمل ذرائع دستیاب نا ہونے کی وجہ سے حاملہ ہو گئیں۔ یہ بات اقوام متحدہ کی آج بدھ کو جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہی گئی ہے، جس کی محرک عالمی ادارے کی بچوں کی امدادی تنظیم یونیسیف تھی۔ اس رپورٹ میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران صحت عامہ کے شعبے میں طبی سہولیات کی ناکافی دستیابی کی وجہ سے بھارت، پاکستان، نیپال، بنگلہ دیش، افغانستان اور سری لنکا کی حکومتوں پر تنقید بھی کی گئی۔

[pullquote]بھارت میں ایک دن میں کورونا وائرس کے انتیس ہزار نئے کیسز[/pullquote]

بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس انفیکشن کے اٹھائیس ہزار نو سو سے زائد نئے کیسز رجسٹر کیے گئے۔ یہ پچھلے سال تیرہ دسمبر سے لے کر اب تک کی سب سے بڑی یومیہ تعداد ہے۔ بھارت امریکا اور برازیل کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے۔ وہاں اب تک یہ وائرس تقریباﹰ گیارہ اعشاریہ پانچ ملین افراد کو متاثر کر چکا ہے۔ کووڈ انیس کے باعث انتقال کر جانے والے بھارتی مریضوں کی تعداد بھی مزید تقریباﹰ دو سو کے اضافے کے بعد اب ایک لاکھ انسٹھ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کے وفد کا روہنگیا مہاجرین کے لیے مخصوص بنگلہ دیشی جزیرے کا دورہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ایک وفد نے آج بدھ سے اپنا تین روزہ دورہ بنگلہ دیش شروع کر دیا ہے۔ عالمی ادارہ برائے مہاجرین کا یہ وفد اپنے اس دورے کے دوران خلیج بنگال میں اس جزیرے پر بھی جائے گا، جہاں ڈھاکا حکومت اب تک تیرہ ہزار سے زائد روہنگیا مہاجرین کو عارضی طور پر منتقل کر چکی ہے۔ حکومت ایسے م‍زید دس ہزار مہاجرین کو اس جزیرے پر منتقل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ہمسایہ ملک میانمار کی ریاست راکھین میں روہنگیا مسلم اقلیت کے خلاف مظالم کے دوران چند برس قبل ایک ملین سے زائد مہاجرین نے بنگلہ دیش میں پناہ لے لی تھی۔

[pullquote]برازیل میں کورونا سے صرف ایک دن میں تقریباﹰ تین ہزار ہلاکتیں[/pullquote]

برازیل میں صرف ایک دن میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس جنوبی امریکی ملک میں وزارت صحت نے بتایا گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کی وجہ سے دو ہزار آٹھ سو اکتالیس افراد ہلاک ہو گئے۔ اس سے قبل اس وبا کے دوران ایک دن میں زیادہ سے زیادہ ہلاکتیں دو ہزار دو سو کے قریب ریکارڈ کی گئی تھیں۔ برازیل پوری دنیا میں کورونا وائرس کی وبا سے امریکا کے بعد دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ وہاں یہ وائرس اب تک کئی ملین انسانوں کو بیمار کرنے کے علاوہ دو لاکھ بیاسی ہزار سے زائد شہریوں کی موت کی وجہ بھی بن چکا ہے۔

[pullquote]جاپان میں ہم جنس پرست افراد کی باہمی شادیوں پر پابندی غیر آئینی، عدالتی فیصلہ[/pullquote]

ایک جاپانی عدالت نے فیصلہ سنایا ہے کہ ہم جنس پرست افراد کی باہمی شادیوں پر عائد قانونی پابندی غیر آئینی ہے۔ جاپان ترقی یافتہ ممالک کے جی سیون گروپ کا رکن وہ واحد ملک ہے، جہاں ہم جنس پرست افراد کی آپس میں شادیوں کو قانوناﹰ تسلیم نہیں کیا جاتا۔ ساپورو کی ایک عدالت نے آج اپنے فیصلے میں کہا کہ جاپانی آئین کے آرٹیکل نمبر چودہ کے تحت کسی بھی شہری سے اس کی ’نسل، رنگت، صنف، سماجی حیثیت یا خاندانی پس منظر‘ کی بنیاد پر امتیازی برتاؤ کی ممانعت ہے۔

[pullquote]بلغاریہ میں تقریباﹰ آٹھ ملین مالیت کے نقلی یورو اور ڈالر پکڑے گئے[/pullquote]

یورپی یونین کے رکن ملک بلغاریہ میں حکام نے امریکی خفیہ اداروں کے ساتھ مل کر نقلی یورو اور امریکی ڈالر چھاپنے والے ایک گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ یہ چھاپہ بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ کی ایک یونیورسٹی میں لگائے گئے ایک پرنٹنگ پریس پر مارا گیا۔ دو افراد کو گرفتار کرنے کے علاوہ بہت اعلیٰ معیار کی جعلی کرنسی چھاپنے والی ایک مشین اور دیگر ساز و سامان بھی قبضے میں لے لیے گئے۔ صوفیہ میں ریاستی دفتر استغاثہ کے مطابق اس چھاپے کے دوران چار ملین مالیت کے نقلی امریکی ڈالر اور تین اعشاریہ چھ ملین مالیت کے جعلی یورو بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

[pullquote]امریکا تحفظ ماحول کے لیے دوبارہ اپنے قائدانہ کردار کا خواہش مند[/pullquote]

صدر جو بائیڈن کی قیادت میں نئی امریکی انتظامیہ چاہتی ہے کہ امریکا عالمی سطح پر تحفظ ماحول کی کوششوں میں دوبارہ قائدانہ کردار ادا کرے۔ وفاقی جرمن حکومت کی طرف سے اہتمام کردہ آن لائن کانگریس برلن انرجی ٹرانزیشن ڈائیلاگ میں تحفظ ماحول کے لیے بائیڈن انتظامیہ کے خصوصی نمائندے جان کیری نے کہا کہ امریکا کو اپنی اس ذمے داری کا احساس ہے کہ اسے عالمی سطح پر تحفظ ماحول کی کوششوں میں اور زیادہ فعال اور فیصلہ کن کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس سلسلے میں سابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے جرمنی میں توانائی کے شعبے میں لائی جانے والی تبدیلیوں کی مثال بھی دی۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا متاثرین کی تعداد تقریباﹰ چھبیس لاکھ ہو گئی[/pullquote]

جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں تقریباﹰ ساڑھے تیرہ ہزار کا اضافہ ہوا۔ برلن میں متعدی بیماریوں کی روک تھام کے ذمے دار جرمن ادارے روبرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق آج بدھ کے دن ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد پچیس لاکھ پچانوے ہزار کے قریب ہو گئی۔ اسی دوران مزید دو سو انچاس ہلاکتوں کے ساتھ اب ملک میں کووڈ انیس کے باعث ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بھی تہتر ہزار نو سو پانچ ہو گئی۔

[pullquote]افریقی ملک نائجر میں مسلح حملے، ساٹھ سے زائد افراد مارے گئے[/pullquote]

مغربی افریقی ملک نائجر میں کیے جانے والے کئی مسلح حملوں میں ساٹھ سے زائد افراد مارے گئے۔ حملہ آوروں کی طرف سے یہ خونریزی ہمسایہ ملک مالی کے ساتھ سرحد کے قریب تِلابیری کے علاقے میں منگل کی شام کی گئی۔ عینی شاہدین اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے پہلے ایک مسافر بس پر حملہ کر کے بیس افراد کو قتل کر دیا۔ پھر چند قریبی دیہات پر بھی حملے کیے گئے، جن میں چالیس کے قریب افراد ہلاک ہو گئے۔ حکومت نے اس قتل عام کی تصدیق اور مذمت کرتے ہوئے تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]دمشق کے نواح میں اسرائیلی راکٹ حملے ناکام بنا دیے گئے، شامی فوج[/pullquote]

شامی فوج کے مطابق ملکی دارالحکومت دمشق کے نواح میں متعدد اسرائیلی راکٹ حملے ناکام بنا دیے گئے۔ شام کے سرکاری خبر رساں ادارے نے ملکی فوج کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ منگل کی شام کیے جانے والے ان راکٹ حملوں کا ہدف شامی دارالحکومت اور نواحی علاقوں میں مختلف مقامات تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ان اسرائیلی حملوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور زیادہ تر راکٹ فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے۔ شامی اپوزیشن تنظیم سیریئن آبزوریٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ان اسرائیلی راکٹ حملوں کا ہدف شام میں ایرانی جنگجوؤں کے گولہ بارود کے دو ذخیرے تھے۔ اسرائیل شام میں مختلف اہداف پر بار بار فضائی حملے کرتا رہتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے