ڈسکہ الیکشن اور دھاندلی

[pullquote]ڈسکہ الیکشن، دھاندلی میں ملوث افسران کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے : حمزہ[/pullquote]

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ڈسکہ الیکشن میں دھاندلی میں ملوث سرکاری افسران اور مینڈیٹ پر شب خون مارنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

ایک بیان میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ڈسکہ میں الیکشن ڈیوٹی پر تعینات افسران اور عملہ ڈسکہ کے عوام اور ووٹ کی حفاظت یقینی بنائیں تاہم دھاندلی کرانے کا حکومتی حکم ملے تو الیکشن ڈیوٹی پر مامور افسران اور عملہ اسے ماننے سے انکار کردے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی ووٹ اور ڈبے کے ساتھ کھلواڑ عوام اور پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہو گا۔

حمزہ کا کہنا تھاکہ خبردار کرتا ہوں کہ عوام ایسی کسی بھی کوشش کی سخت مزاحمت کریں گے۔

انہوں نے الیکشن کمیشن سے درخواست کہ کہ کاؤنٹر فائلز کی کڑی نگرانی کی جائے، الیکشن کمیشن کا عملہ یقینی بنائے کہ کاؤنٹر فائلز ووٹ کی پرچی کے سیریل نمبر کے ساتھ میچ ہو۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ یہ صرف ڈسکہ کا نہیں، پورے پاکستان کا الیکشن ہے، ووٹ چوروں کی شکست ان کی اقتدار سے روانگی کا ذریعہ بنے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام ووٹ کے ذریعے مہنگائی اور بے روزگاری کا ظلم ڈھانے والے لٹیرے حکمرانوں کو مسترد کرے، ڈسکہ کے عوام کا ہر ووٹ کشمیر فروش، آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چور کرپٹ ٹولے سے نجات کا باعث بنے گا، ہر شہری، کارکن اور سپورٹر ووٹ کا پہرہ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت غنڈہ گردی، غیرقانونی اور چور ہتھکنڈے استعمال کرنے سے باز رہے۔

[pullquote]ڈسکہ میں کارنر میٹنگ، ق لیگی رہنما کا علاقے کیلئے 50 کروڑ کے پیکج کا اعلان[/pullquote]

ڈسکہ میں ضمنی الیکشن کے دوران کارنر میٹنگ میں حکومتی اتحاد میں شامل مسلم لیگ (ق) کے سینیئر نائب صدر سلیم بریار نے علاقے کیلئے 50 کروڑ روپے کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔

ڈسکہ کےکالج روڈ پرگزشتہ رات پی ٹی آئی کی کارنرمیٹنگ میں ق لیگ کےسینیئر نائب صدرسلیم بریارکی جانب سےڈسکہ کیلئے 50 کروڑ روپے کے پیکج کا اعلان کیاگیا۔

پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی بھی کارنر میٹنگ میں موجود تھے۔

50 کروڑ روپےکے اعلان کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلیم بریارنےکہاکہ ڈسکہ آنے سے 2 دن پہلےانھوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی تھی۔

ویڈیو بیان میں سلیم بریار نے یہ بھی کہا کہ 50 کروڑ روپے کا پیکج لیکرآیا ہوں، اگر الیکشن جیت گئے تو یہ پیکج ڈبل ہو جائے گا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ویڈیو بیان پر کہاہےکہ انتخابی مہم میں ترقیاتی پیکج کے اعلانات کی اجازت نہیں ہے، سلیم بریار کے ویڈیو بیان کا جائزہ لے رہیں ہیں۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں کل پولنگ ہوگی۔

[pullquote]ڈسکہ الیکشن: لیگی امیدوار کا حلقے کی تمام سڑکوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کا مطالبہ[/pullquote]

این اے 75 ڈسکہ میں انتخابی دنگل کل ہو گا جس میں مسلم لیگ ن کی نوشین افتخار اور پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

مسلم لیگ ن کی امیدوار نوشین افتخار نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے شہر کی تمام اہم سڑکوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

نوشین افتخار نے کہا کہ پلان کے مطابق مرکزی شاہراہوں پر کیمرے نصب کیے جانا تھے، خدشہ ہے کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر 100، 100 بوگس ووٹ ڈالے جائیں گے، شفاف الیکشن کے لیے حلقے میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے