پیر : 19 اپریل 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]البانیہ کی مسجد میں چاقو حملے سے 5 نمازی زخمی ہوگئے[/pullquote]

مشرقی یورپ کے ملک البانیہ کی مسجد میں چاقو حملے سے 5 نمازی زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق چاقو سے مسلح شخص نے ترانا کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران نمازیوں پر حملہ کیا۔پولیس کے مطابق 34 سالہ حملہ آور کو حملے کے فوری بعد گرفتار کر لیا گیا۔حملہ آور پولیس کو مارچ میں کیے گئے ایک اور چاقو حملے میں بھی مطلوب تھا۔زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے، پولیس کی جانب سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

[pullquote]ایران سعودی عرب کے ساتھ ڈائیلاگ کا ہمیشہ خیر مقدم کرتا ہے، ایرانی وزارت خارجہ[/pullquote]

ایران اور سعودی عرب کےعہدیداران کے درمیان عراق میں ملاقات کی خبروں پر ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ ایران سعودی عرب کے ساتھ ڈائیلاگ کا ہمیشہ خیر مقدم کرتا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے معمول کی بریفنگ کے دوران کہا کہ انہوں نے ایران اور سعودی عرب کے مابین ہونے والی بات چیت کے بارے میں میڈیا رپورٹس کو دیکھا ہے۔ترجمان نے ملاقات کی خبروں کی نہ ہی تصدیق کی اور نہ ہی تردید،کہا کہ ایران سعودی عرب کیساتھ ڈائیلاگ کا ہمیشہ خیر مقدم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران اسے دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے طور پر دیکھتا ہے۔سعودی حکام کی جانب سے بھی ان خبروں پر کوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔

[pullquote]فلوریڈا میں دوران پرواز فنی خرابی پرپائلٹ نے طیارہ ساحل سمندر پر ہی اتارلیا[/pullquote]

امریکی ریاست فلوریڈا میں جنگ عظیم دوئم کے زمانے کے ایک انجن والے طیارے میں دوران پرواز فنی خرابی پیدا ہوگئی اور ساحل سمندر پر طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلوریڈا کے مشہور کوکوا بیچ پر لوگوں کی بڑی تعداد سمندر میں تفریح کیلئے جمع تھی۔ اس دوان ساحل پر پانی میں نہاتے ہوئے افراد کے سر کے اوپر سے جنگ عظیم دوئم کے زمانے کے ایک انجن والے طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ طیارے میں دوران پرواز فنی خرابی ہوئی جس کے باعث پائلٹ نے جہاز ساحل سمندر پرہی اتارلیا۔ساحل پرتفریح کرتے عوام جہازکی زد میں آنے سے بچ گئے جبکہ پائلٹ بھی محفوظ رہا۔

[pullquote]کورونا کا بحران شدید تر، بھارتی دارالحکومت میں مکمل لاک ڈاؤن[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر کے دوران صورت حال سنگین تر ہو جانے کے باعث حکومت نے آج پیر کی رات سے نئی دہلی میں ایک ہفتے کے بہت سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ کئی یونین ریاستوں میں آکسیجن کی شدید قلت ہے اور ملکی نظام صحت بھی زبردست دباؤ کا شکار ہے۔ نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے مطابق بھارتی نظام صحت لمحہ بہ لمہ نازک شکل اختیار کرتا جا رہا ہے اور اگر لاک ڈاؤن نافذ نہ کیا جاتا تو ملک ایک بڑی تباہی کی جانب گامزن ہوتا۔ بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تقریباﹰ پونے تین لاکھ نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ پچھلے پانچ دنوں سے اس ملک میں نئی انفیکشنز کی یومیہ تعداد دو لاکھ سے زیادہ ہے۔ مہاراشٹر اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ بھارتی ریاست ہے۔

[pullquote]برطانوی وزیر اعظم جانسن نے بھارت کا دورہ منسوخ کر دیا[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی بحرانی صورت حال کے باعث بھارت کا اپنا آئندہ دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ جانسن کے اس دورے کو بریگزٹ کے بعد برطانیہ کی ایک تجارتی مہم کے حصے کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔ جانسن کو بھارت کا یہ ایک روزہ دورہ چھبیس اپریل کو کرنا تھا۔ اس سے قبل جنوری میں بھی برطانوی وزیر اعظم نے اپنا دورہ بھارت ملتوی کر دیا تھا۔ سال رواں کے دوران اس دوسرے طے شدہ دورے کی منسوخی کا اعلان نئی دہلی اور لندن کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں آج پیر کے روز کیا گیا۔

[pullquote]جرمنی میں یونین جماعتوں کے چانسلرشپ کے امیدوار کے نام پر ہنوز عدم اتفاق[/pullquote]

جرمن دارالحکومت برلن میں ہونے والے ایک نئے اجلاس میں کرسچن ڈیموکریٹک یونین سی ڈی یو کے سربراہ آرمین لاشیٹ اور کرسچن سوشل یونین کے لیڈر مارکوس زوئڈر کے مابین وفاقی چانسلرشپ کے لیے دونوں یونین جماعتوں کے متفقہ امیدوار کے نام پر کوئی اتفاق نا ہو سکا۔ دونوں وزرائے اعلیٰ نے کل اتوار تک چانسلرشپ کی امیدواری کے لیے ایک حتمی فیصلے تک پہنچنے کی امید ظاہر کی تھی۔ تاہم برلن منعقدہ اجلاس میں ان دونوں رہنماؤں میں سے کوئی بھی دستبرداری پر آمادہ نا ہوا۔ دریں اثناء کرسچن سوشل یونین کے نوجوان سیاست دانوں نے مارکوس زوئڈر کی حمایت کی ہے جو متعدد سیاسی جائزوں کے مطابق اب تک کچھ بہتر پوزیشن میں دکھائی دیتے ہیں۔

[pullquote]داعش سے وابستہ گروہ کا قبطی مسیحی اور دو قبائلیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ[/pullquote]

دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش سے وابستہ ایک شدت پسند گروہ نے مصر میں بدامنی سے متاثرہ جزیرہ نما سینائی میں ایک قبطی مسیحی باشندے اور دو قبائلیوں کو ہلاک کر دینے کا دعویٰ کیا ہے۔ داعش نے ہفتے کو رات دیر گئے سوشل میڈیا ایپ ٹیلیگرام پر تیرہ منٹ دورانیے کی ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں ایک 62 سالہ قبطی مسیحی باشندے کو، جس کا تعلق شمالی سینائی کے علاقے بیر العبد سے تھا، گولی مار کر ہلاک کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اسی ویڈیو میں سینائی کے دو قبائلی نوجوانوں کا ایک بنجر صحرائی علاقے میں قتل بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس ویڈیو میں شدت پسندوں کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ان قبائلیوں کو مصری فوج کی حمایت کی سزا دی گئی۔

[pullquote]چاڈ میں تین سو باغی اور پانچ فوجی ہلاک[/pullquote]

افریقی ریاست چاڈ کی فوج نے آج پیر کے روز ایک بیان میں بتایا کہ آٹھ روز قبل ملک کے شمال میں ایک بڑے کریک ڈاؤن کے دوران تین سو باغیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ اس کارروائی میں پانچ فوجی بھی مارے گئے۔ گیارہ اپریل کو چاڈ میں صدارتی انتخابات کے انعقاد کے دن ایک بڑے باغی گروہ کے مسلح ارکان نے لیبیا میں اپنے ایک اڈے سے نکل کر چاڈ میں حملہ شروع کر دیا تھا۔

[pullquote]امریکا میں سیلف ڈرائیونگ ٹیسلا کار کے حادثے میں دو افراد ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست ٹیکساس کے سب سے بڑے شہر ہیوسٹن میں ٹیسلا کمپنی کی بنائی ہوئی ایک سیلف ڈرائیونگ کار کے حادثے میں دو افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ میڈیا رپوٹوں کے مطابق ہیوسٹن کے شمالی حصے میں یہ کار انتہائی تیز رفتاری سے ایک درخت سے جا ٹکرائی۔ پولیس کو جائے حادثہ پر پہنچنے کے بعد پتا چلا کہ اس گاڑی میں ایک شخص ڈرائیونگ سیٹ پر جبکہ دوسرا پچھلی سیٹ پر بیٹھا ہوا تھا۔ اس گاڑی کے تیار کنندہ ادارے ٹیسلا نے واضح کیا ہے کہ ایسی گاڑیوں کا نظام مکمل طور پر آٹومیٹک نہیں ہوتا اور اسے ڈرائیور کے ذریعے نگرانی کی ضرورت ہوتی ہے۔

[pullquote]امریکا میں ہر دوسرے بالغ فرد کو کورونا ویکسین کا پہلا ٹیکا لگ گیا[/pullquote]

امریکی محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے چار ماہ سے جاری ویکسینیشن مہم کے تحت ملک کی بالغ آبادی کے نصف سے زائد حصے کو کورونا کے خلاف پہلی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ وبائی امراض کی روک تھام کے مرکز یا سی ٹی ڈی کے مطابق بالغ امریکی شہریوں میں سے پچاس اعشاریہ چار فیصد کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک دی جا چکی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ 130 ملین امریکی باشندوں کو پہلی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ دریں اثناء کل اتوار تک امریکا میں تقریباﹰ ایک تہائی بالغ افراد کو کورونا ویکسین کے دونوں ٹیکے لگائے جا چکے تھے۔

[pullquote]مصر میں ٹرین حادثہ: گیارہ افراد ہلاک، سو کے قریب زخمی[/pullquote]

مصری دارالحکومت قاہرہ کے نواح میں ایک مسافر ریل گاڑی کے پٹڑی سے اتر جانے کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 98 زخمی ہو گئے۔ ملکی وزارت صحت کے مطابق یہ مسافر ریل گاڑی قاہرہ سے ساحلی شہر المنصورہ جا رہی تھی کہ دارالحکومت سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر شہر القلوبیہ میں اس ٹرین کی چار بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں۔ زخمیوں میں سے 14 افراد معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ یہ مصر میں ہونے والے ٹرین حادثوں میں سے انتہائی ہلاکت خیز حادثات میں سے ایک ہے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق اس حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے چھان بین جاری ہے۔

[pullquote]نائجر میں دہشت گردانہ حملہ، کم از کم انیس افراد مارے گئے[/pullquote]

مغربی افریقی ملک نائجر کے ایک گاؤں میں کیے گئے ایک بڑے دہشت گردانہ حملے میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے۔ جرمن پریس ایجنسی کے مطابق تیلابیری کے گورنر نے بتایا کہ درجنوں مسلح حملہ آوروں نے، جن کا تعلق مبینہ طور پر مالی سے تھا، اس علاقے میں یہ دہشت گردانہ خونریزی کی۔ 23 ملین کی آبادی والے مغربی افریقی ملک نائجر اور ساحل کے خطے کی کئی دیگر ریاستوں میں متعدد دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں۔ مالی میں اقوام متحدہ کے ایک امن مشن کے علاوہ یورپی یونین کا ایک تربیتی مشن بھی کام کر رہا ہے، جس میں جرمن فوجی بھی شامل ہیں۔ تیلابیری میں گزشتہ ماہ بھی مسلح موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ایک مارکیٹ میں اندھا دھند فائرنگ کر کے 58 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

[pullquote]عراقی تیل تنصیبات پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی[/pullquote]

دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش نے ہفتے کے روز عراق میں کیے گئے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ داعش نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے روز شمالی عراق میں خلیج حسن کے دو آئل فیلڈز پر حملے اس کے جنگجوؤں نے کیے تھے۔ یہ اعلان اس دہشت گرد تنظیم کی نیوز ایجنسی ’ناشر‘ نے سوشل میڈیا ایپ ٹیلیگرام پر آج پیر کی صبح کیا۔ اسی دوران عراقی وزیر تیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس حملے میں کوئی نقصان ہوا، نا ہی تیل تنصیبات میں کوئی آگ لگی اور نا ہی تیل کی پیداوار متاثر ہوئی۔

[pullquote]بغداد میں فوجی اڈے پر راکٹ حملے، پانچ افراد زخمی[/pullquote]

عراقی دارالحکومت بغداد میں اتوار کو اس فضائی اڈے پر راکٹوں سے پھر حملے کیے گئے، جہاں امریکی فوجی مقیم ہیں۔ عراقی سکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ شمالی بغداد کی بلاد ایئر بیس پر پانچ راکٹ گرے۔ ان میں سے دو اس فوجی اڈے کے رہائشی علاقے میں گرے جبکہ ایک راکٹ ایک امریکی کمپنی کی کنٹین پر گرا۔ ذرائع کے مطابق اس حملے میں دو غیر ملکی کنٹریکٹرز اور تین عراقی فوجی زخمی ہوئے۔ بغداد ایئر بیس کے کمانڈر نے ملک کی سرکاری نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اس حملے میں زخمی ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ تاہم ان کے بقول اس حملے سے ایئر بیس کو کوئی خاص نقصان نہیں پہنچا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے