بدھ : 21 اپریل 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طالبان کی غیر حاضری کے سبب ترکی میں افغان امن مذاکرات ملتوی[/pullquote]

ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اولو کے مطابق ترکی میں افغان حکومت اور طالبان کے مابین ہونے والی مجوزہ امن کانفرنس ملتوی کر دی گئی ہے۔ انہوں نے سرکاری نشریاتی ادارے ہیبر ترک سے بات چیت میں کہا کہ ہفتے کے روز استنبول میں منعقد ہونے والی یہ امن کانفرنس رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس بات چیت کو اس لیے مؤخر کیا گیا ہے کیونکہ طالبان نے اس میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔ امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے افغانستان سے ستمبر کے وسط تک امریکی افواج کے انخلاء کے اعلان کے بعد ترکی، قطر اور اقوام متحدہ کے زیر اہتمام اِن مذاکرات میں کابل حکومت اور طالبان کے مابین کسی معاہدے پر زور دیا جا رہا تھا۔

[pullquote]افغانستان سے جرمن افواج کی جولائی میں واپسی کا امکان[/pullquote]

افغانستان میں تعينات جرمن فوجی دستے اپنے متعین وقت سے قبل چار جولائی تک واپس بلا لیے جائیں گے۔ جرمن خبر رساں ادارے کی اطلاعات کے مطابق جرمن وزارت دفاع نے وفاقی پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ نیٹو کی اپنے اتحادیوں کے ساتھ اس بارے میں بات چیت جاری ہے۔ امریکا کی جانب سے القاعدہ کے خلاف دہشت گردی کی جنگ کے بیس برس مکمل ہونے پر ستمبر تک اپنے فوجی دستے واپس بلانے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ جرمن وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق نیٹو اتحادی ممالک فی الحال غیرملکی افواج کے مکمل انخلا کے نتائج پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ تاہم حتمی فیصلہ نیٹو کی جانب سے ہی کیا جائے گا۔

[pullquote]جارج فلائیڈ قتل کیس، سابق امریکی پولیس اہلکار مجرم قرار[/pullquote]

سابق امریکی پولیس افسر ڈیرک شاوین سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائیڈ کو قتل کرنے کے کيس ميں مجرم قرار پائے ہیں۔ امریکی شہر منیاپولس کی عدالت کے بارہ ججوں پر مشتمل ایک جیوری نے منگل کے روز سابق پولیس اہلکار کو جارج فلائیڈ کے قتل کا مجرم قرار دیا۔ جیوری نے شاوین کو غیر ارادی قتل، اقدام قتل اور جان بوجھ کر قتل کرنے کے تینوں الزامات ميں قصور وار قرار دیا۔ ان الزامات کے تحت شاوین کو چالیس برس تک جیل کی سزا ہو سکتی ہے۔ پینتالیس سالہ شاوین نے گزشتہ برس پچیس مئی کو جارج فلائیڈ کو زمین پر گرا کر ان کی گردن کو اپنے گھٹنے سے ساڑھے نو منٹ تک دبائے رکھا تھا جس سے ان کا دم گھٹ گیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ منظم نسل پرستی امریکی قوم پر دھبہ ہے اور یہ فیصلہ تبدیلی کی جانب ایک قدم ہوگا۔

[pullquote]يوکرائن کے ليڈر کی پوٹن کو ملاقات کی دعوت[/pullquote]

يوکرائن کے ليڈر وولوديمير زيلنسکی نے روسی صدر ولاديمير پوٹن کو ملاقات کی دعوت دی ہے۔ وہ پوٹن سے يوکرائن کے جنگ زدہ مشرقی حصے ميں ملاقات کے خواہاں ہيں تاکہ جنگ کے خاتمے کے ليے تبادلہ خيال کيا جا سکے۔ زيلنسکی نے مغربی ممالک سے مدد کی اپيل بھی کی ہے۔

[pullquote]ميانمار ميں سياسی قيديوں کی رہائی کے ليے تازہ مظاہرے[/pullquote]

ميانمار ميں جمہوریت کے حامی کارکنوں نے سياسی قيديوں کی رہائی کے ليے تازہ مظاہرے شروع کر ديے ہيں۔ ان کارکنوں نے پڑوسی ملکوں پر بھی زور ديا ہے کہ وہ ان کے ملک ميں جاری پرتشدد کارروائيوں کا کسی جامعہ حکمت عملی کے تحت جواب ديں۔ دريں اثناء ملٹری جنتا کے ليڈر نے کہا ہے کہ سياسی افراتفری پر عنقريب ہونے والی ايک علاقائی سمٹ ميں بات کريں گے۔ يکم فروری کو فوجی جنتا نے منتخب حکومت کا تختہ پلٹ ديا تھا۔

[pullquote]یورپی یونین میں 2030ء تک کے ليے موسمياتی اہداف پر اتفاق[/pullquote]

یورپی یونین کے رکن ممالک اور یورپی پارلیمنٹ کے مذاکرات کاروں نے سن 2030 تک کے لیے کلائمیٹ اہداف پر اتفاق کر لیا ہے۔ یورپی یونین آئندہ دس سالوں میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں گزشتہ تیس سالوں کے مقابلے میں پچپن فیصد تک کمی لائے گی۔ تاہم یورپی پارلیمنٹ ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں ساٹھ فیصد تک کمی کے ہدف کو حاصل کرنا چاہتی تھی۔ دوسری جانب یورپی گرین پارٹی نے ای یو کے کلائمیٹ اہداف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح یورپی یونین دنیا میں تحفظ ماحول میں اپنا سربراہی کردار کھو دے گی۔ اس کے برعکس یورپی یونین کے ایک عہدیدار فرانس ٹِمرمانس ان اہداف کے تحت دنیا میں ایک مضبوظ پیغام بھیجنے کی بات کی۔

[pullquote]عالمی سطح پر سزائے موت میں کمی واقع ہوئی ہے، ایمنسٹی[/pullquote]

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق دنیا بھر میں گزشتہ برس سزائے موت دینے کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے آج اکیس اپریل بروز بدھ اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا کہ سن 2020 کے دوران اٹھارہ ممالک میں تقریباً چار سو تراسی افراد کو موت کی سزائیں دی گئیں، جس میں زیادہ تر سزائیں ایران، مصر، عراق اور سعودی عرب میں دی گئی تھیں۔ ایمنسٹی کے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ دس برسوں کے دوران ایک برس میں سزائے موت کی یہ سب سے کم تعداد ہے تاہم کچھ ملکوں میں سزائے موت پر عملدرآمد میں اضافہ بھی درج کیا گیا ہے جن میں مصر، بھارت، عمان، قطر اور تائیوان شامل ہیں۔ ادھر امریکا میں سابق صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے تقریباً 17 برس کے وقفے کے بعد چھ ماہ کے دوران 10 افراد کو موت کی سزا دی تھی۔ دوسری جانب بحرین، بیلا روس، جاپان، پاکستان، سنگاپور اور سوڈان جیسے ممالک میں 2020ء میں کسی ایک بھی شخص کو موت کی سزا نہیں دی گئی۔

[pullquote]ہالینڈ میں کورونا پابندیوں میں نرمی، جرمنی میں نائٹ کرفیو پر غور[/pullquote]

یورپی ملک ہالینڈ کی حکومت ملک میں کورونا انفیکشن کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باوجود آئندہ ہفتے سماجی پابندیوں میں نرمی کرنا چاہتی ہے۔ وزیراعظم مارک روٹے نے اعلان کیا کہ اٹھائیس اپریل سے گزشتہ تین ماہ سے جاری رات کے کرفیو کو ختم کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ریستوران اور بارز کو بارہ بجے سے چھ بجے تک گاہکوں کی محدود تعداد کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ جرمنی میں آج وفاقی پارلیمان کی جانب سے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں یکساں قوائد کی منظوری متوقع ہے۔ ان ہنگامی پابندیوں میں رات دس بجے سے صبح پانچ بجے تک نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔

[pullquote]یورپی میڈیسن ایجنسی نے جانسن اینڈ جانسن ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی[/pullquote]

یورپی یونین کی میڈیسن ایجنسی ای ایم اے نے امریکی دوا ساز کمپنی جانسن اینڈ جانسن کی تیار کردہ کووڈ ویکسین کے نتیجے میں خون جم جانے کے واقعات کی جانچ پڑتال کے بعد اس ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ ایمسٹرڈیم میں واقع ای ایم اے کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیفٹی کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس ویکسین کے استعمال کے مضر اثرات کے بارے میں انتباہ جاری کرنا کافی ہوگا، جیسا کہ ايسٹرا زینیکا کی ویکسین کے لیے کیا گیا تھا۔ ای ایم اے کے مطابق جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین سے خون جمنے کے مضر اثرات بہت غیر معمولی صورتحال میں سامنے آتے ہیں۔ ای ایم اے کا خیال ہے کہ پھیپھڑوں کی بیماری COVID-19 کی روک تھام میں اس امریکی ویکسین کے فوائد کو اس کے ضمنی مضر اثرات سے کہیں زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے۔

[pullquote]روس اپنا خلائی اسٹیشن قائم کرنا چاہتا ہے[/pullquote]

روس نے اپنے پہلے خلائی اسٹیشن کی تعمیر کا کام شروع کر دیا ہے۔ ٹیلی گرام پر روسی خلائی ایجنسی روسکوسموس کے سربراہ دیمتری روگوزین نے لکھا کہ روسی خلائی اسٹیشن کا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جا رہا ہے۔ روسی خلائی اسٹیشن کی شروعات کو یقینی بنانے کی ذمہ داری راکٹ ساز کمپنی اینرجیا کو سونپی گئی ہے۔ مدار میں روسی خلائی اسٹیشن قائم ہونے کے بعد بیس سالوں سے زائد عرصے سے جاری بین الاقوامی خلائی اسٹیشن آئی ایس ایس کا اختتام جلد متوقع ہو سکتا ہے۔ آئی ایس ایس پر بین الاقوامی شراکت کا معاہدہ سن 2024 تک ہے۔ ماسکو نے حال ہی میں سن 2030 تک اس معاہدے میں توسیع کا اعلان کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے