جمعہ المبارک : 23 اپریل 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت میں ايک دن ميں کورونا کے تين لاکھ سے زائد نئے کيسز، نیا ریکارڈ[/pullquote]

بھارت ميں گزشتہ چوبيس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے تین لاکھ بتیس ہزار سات سو سے زائد نئے کيسز کی تشخيص ہوئی، جو اب تک ايک دن ميں سب سے زيادہ کيسز کا نيا ريکارڈ ہے۔ طبی حکام کے مطابق اس وقت بيشتر ہسپتالوں ميں آکسيجن کی شديد قلت ہے جو کئی اموات کا باعث بن رہی ہے۔ ملکی عدالت عظمیٰ نے نئی دہلی حکومت پر زور ديا ہے کہ آکسيجن اور ضروری ادويات کی سپلائی يقينی بنانے کے ليے قومی سطح کے کسی منصوبے کو حتمی شکل دی جائے۔ دريں اثناء آج جمعے کی صبح ممبئی کے نواح ميں ايک ہسپتال ميں آتش زدگی کے نتيجے ميں کووڈ انيس کے تيرہ مريض ہلاک ہو گئے۔ وجے ولبھ نامی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ ميں لگنے والی آگ پر اب قابو پا ليا گيا ہے اور زخمی مريضوں کو ديگر ہسپتالوں میں منتقل کر ديا گيا ہے۔ بھارت ميں کورونا کے متاثرين کی مجموعی تعداد سولہ ملين کے قريب جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقریباﹰ ایک لاکھ ستاسی ہزار ہو گئی ہے۔

[pullquote]بھارت ميں دنيا کے سب سے بڑے جوہری پلانٹ کی تعمير کا منصوبہ[/pullquote]

فرانسيسی انرجی گروپ ای ڈی ايف نے بتايا ہے کہ بھارت ميں دنيا کے سب سے بڑے جوہری پلانٹ کی تعمير کی راہ ميں حائل اہم رکاوٹيں دور ہو گئی ہيں۔ کمپنی کے مطابق اس نے مغربی بھارت کے شہر جيتاپور ميں تيسری جنريشن کے ری ايکٹرز کی تعمير کے ليے ساز و سامان اور مطالعاتی مواد فراہم کرنے کی پيشکش کر دی ہے۔ اس مجوزہ منصوبے کی تکميل کے بعد وہاں دس گيگا واٹ بجلی پيدا ہو سکے گی، جس سے ستر ملين گھرانوں کی توانائی کی ضروريات پوری ہوں گی۔ اب تک مقامی سطح پر مزاحمت کی وجہ سے يہ منصوبہ بے يقينی کا شکار تھا۔ ای ڈی ايف کے مطابق کاغذی کارروائی آئندہ کچھ دنوں ميں متوقع ہے۔

[pullquote]مصر اور روس کے درميان مسافر پروازوں کی بحالی کا اعلان[/pullquote]

مصر اور روس نے آپس میں تمام مسافر پروازوں کی بحالی پر اتفاق کر ليا ہے۔ مصری صدر عبدالفاتح السيسی اور ان کے روسی ہم منصب ولاديمير پوٹن کے مابین جمعے کو ٹيلی فون پر بات چيت کے بعد اس پيش رفت کا باقاعدہ اعلان کيا گيا۔ روسی ذرائع کے مطابق پروازوں کی بحالی مئی کے دوسرے نصف حصے سے ممکن ہو گی۔ اکتوبر سن 2015 ميں ايک روسی مسافر طيارہ مصر ميں سينائی کے خطے ميں گر کر تباہ ہو گيا تھا، جس کے بعد سے دونوں ممالک کے مابین مسافر پروازيں معطل تھيں۔ اس واقعے ميں طيارے میں سوار تمام 224 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]بحيرہ روم ميں درجنوں مہاجرين کے ڈوب جانے کا خدشہ[/pullquote]

ايک فرانسيسی امدادی تنظيم کو بحیرہ روم ميں تلاش کے دوران دس مہاجرين کی لاشيں ملی ہيں۔ امکان ظاہر کيا جا رہا ہے کہ ايک چھوٹے بحری جہاز پر 130 مہاجرين اور تارکين وطن سوار تھے، جو حادثے کا شکار ہوگيا۔ دريں اثناء بحيرہ روم کے اسی حصے ميں لکڑی کی ايک غیر محفوظ کشتی کے ڈوب جانے کی بھی اطلاع ہے، جس میں چاليس مہاجرين سوار تھے۔ يہ دونوں واقعات غالباﹰ اسی ہفتے بدھ کے روز پیش آئے۔ امدادی اداروں کے مطابق لیبیا میں طرابلس سے يورپ کی طرف سفر کرنے والی يہ کشتياں بظاہر بہت خراب موسم کی وجہ سے سمندر میں الٹ گئی تھيں۔

[pullquote]روس نے يوکرائن کی سرحد سے اپنی فوجيں واپس بلا ليں[/pullquote]

روسی حکومت نے کہا ہے کہ يوکرائن کی سرحد پر تعينات روسی فوجی دستوں کو واپس بلا ليا گيا ہے۔ اطلاع ہے کہ کريميا کے متنازعہ خطے ميں فوجی مشقوں کے غير اعلانيہ معائنے کے بعد روسی وزير دفاع نے يہ فیصلہ کیا۔ دوسری جانب امريکا نے اس روسی دعوے پر شبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ابھی اس فیصلے پر عمل درآمد کا منتظر ہے۔ يوکرائن کی مشرقی سرحد پر روسی افواج کے جمع ہونے سے مغربی ممالک ميں خاصی تشویش پیدا ہو گئی تھی۔

[pullquote]عراق ميں امريکی فوجی اڈے پر راکٹوں سے حملہ[/pullquote]

عراقی دارالحکومت بغداد کے ایئر پورٹ پر قائم ايک فوجی اڈے پر آج صبح تين ميزائل داغے گئے۔ اس حملے ميں ايک عراقی فوجی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ اس فوجے اڈے پر عراقی اور امريکی فوجی دستے تعينات ہيں اور غير مصدقہ اطلاعات ہيں کہ ميزائل اس اڈے کے اس حصے میں گرے، جہاں عراقی فوجی موجود تھے۔ يہ عراق ميں امريکی عسکری تنصيبات اور فوجی مفادات پر گزشتہ ايک ہفتے کے دوران اپنی طرز کا دوسرا حملہ ہے۔ اتوار کو بغداد کے شمال ميں واقع ايک اور فوجی بيس پر پانچ راکٹوں سے حملہ کيا گيا تھا، جس ميں تين عراقی فوجی اور دو غير ملکی کنٹريکٹرز زخمی ہو گئے تھے۔ عموماً امريکا ايسے حملوں کا الزام ايرانی حمايت يافتہ فورسز پر عائد کرتا ہے۔

[pullquote]روس ميں سينکڑوں مظاہرين گرفتار[/pullquote]

روسی حکومت کے ناقد اليکسی ناوالنی کی حمايت ميں سڑکوں پر نکلنے والے سينکڑوں مظاہرين کو گرفتار کر ليا گيا۔ ناوالنی ان دنوں جيل ميں سزا کاٹ رہے ہيں اور ان کی صحت اچھی نہیں ہے۔ ناوالنی کی رہائی کے ليے روس ميں ملک گير سطح پر مظاہرے جاری ہيں۔ ادھر صدر ولاديمير پوٹن نے اپنے خطاب ميں بيرونی قوتوں کو خبردار کيا کہ وہ اشتعال انگيز اقدامات سے گريز کريں۔ امريکا نے روس کو تنبيہ کر رکھی ہے کہ اگر ناوالنی کو جيل ميں کچھ ہوا، تو اس کی ذمہ دار ماسکو حکومت ہو گی۔

[pullquote]امريکا: زہريلی گيسوں کے اخراج ميں پچاس فيصد کمی کا ہدف[/pullquote]

امريکی صدر جو بائيڈن نے زہريلی کاربن گيسوں کے اخراج ميں سن 2030 تک پچاس فيصد کمی لانے کے عزم کا اظہار کيا ہے۔ انہوں نے دو روزہ ورچوئل کلائميٹ سمٹ ميں جمعرات کو اس ہدف کا باقاعدہ اعلان کيا۔ اس سربراہی اجلاس ميں چاليس ممالک کے سربراہان شريک ہيں۔ چين اور روس نے بھی موسمياتی تبديليوں سے نمٹنے ميں تعاون کی يقين دہانی کرائی ہے۔

[pullquote]انخلا کے بعد بھی افغانستان کی مدد جاری رکھيں گے، ہائيکو ماس[/pullquote]

جرمن وزير خارجہ ہائيکو ماس نے کہا ہے کہ افغانستان سے غير ملکی افواج کے انخلا کے بعد بھی اس ملک کی معاونت جاری رکھی جائے گی۔ ايک جرمن ميڈيا گروپ سے بات چيت کے دوران ماس نے کہا کہ فوجی آپريشن افغانستان کی مدد کا صرف ايک حصہ تھا۔ انہوں نے مزيد کہا کہ افغانستان ميں قيام امن اور اس ملک کے شہريوں کے ليے بہتر مواقع يورپ کے بھی مفاد ميں ہيں۔ اسی دوران جرمن وزير برائے ترقياتی امور گيئرڈ ميولر نے بھی عنديہ ديا ہے کہ انخلا کے بعد افغانستان ميں فعال غير سرکاری تنظيموں اور فلاحی کاموں ميں مصروف اداروں کی مدد بڑھائی جا سکتی ہے۔ امريکا اور نيٹو نے رواں سال ستمبر تک افغانستان سے اپنے تمام فوجی دستوں کے انخلا کا اعلان کر رکھا ہے۔

[pullquote]کينيڈا نے پاکستان اور بھارت سے آنے والی تمام مسافر پروازيں معطل کر ديں[/pullquote]

کينيڈا نے پاکستان اور بھارت سے آنے والی تمام مسافر پروازيں معطل کر دی ہيں۔ ان ملکوں ميں کورونا وائرس کی وبا کی ابتر صورتحال کی وجہ سے یہ پابندی تيس دنوں کے ليے لگائی گئی ہے۔ کينيڈا کے وزير برائے ٹرانسپورٹ نے جمعرات کی رات اس پابندی کا اعلان کيا اور يہ بھی بتايا کہ اس پر فوری طور پر عمل درآمد شروع کر ديا گيا ہے۔ دونوں ملکوں سے البتہ کارگو پروازيں جاری رہيں گی۔ کينيڈا ميں کئی ملين بھارتی اور پاکستانی نژاد باشندے آباد ہیں۔

[pullquote]آسيان سمٹ ميں ميانمار کے قانون سازوں کو دعوت دينے پر زور[/pullquote]

جنوب مشرقی ايشيا کے خطے ميں سرگرم پينتاليس غير سرکاری تنظيموں نے علاقائی رہنماؤں پر زور ديا ہے کہ وہ ميانمار کے قانون سازوں کو کل ہفتے کے روز ہونے والی سمٹ ميں شرکت کی دعوت ديں۔ کل سے جکارتہ ميں آسيان کا ایک سربراہی اجلاس شروع ہو رہا ہے۔ منتظمين اور سفارت کاروں نے تصديق کی ہے کہ ميانمار کی فوج کے سربراہ بھی اس سمٹ ميں شامل ہوں گے۔ اسی تناظر ميں غير سرکاری تنظيموں نے اپنے ایک خط ميں لکھا ہے کہ ميانمار کے عوام کے حقيقی نمائندوں کی شرکت کے بغير اس تنازعے کا حل ممکن نہيں۔ ميانمار ميں يکم فروری کو فوج نے منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر ليا تھا۔ تب سے وہاں خونریز احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

[pullquote]اسرائيلی پوليس کے ساتھ جھڑپوں ميں درجنوں فلسطينی زخمی[/pullquote]

جمعرات اور جمعے کی درميانی شب اسرائيلی پوليس کے ساتھ جھڑپوں ميں کم از کم سو فلسطينيوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ فلسطينی ہلال احمر نے 105 زخميوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی تصديق کی ہے، جن ميں سے بيس کو ہسپتال ميں داخل بھی کر ليا گيا۔ دوسری جانب اسرائيلی پوليس نے اپنے بيس اہلکاروں کے زخمی ہونے کا تصدیق کی ہے۔ رمضان کے آغاز سے لے کر اب تک کا يہ سب سے بڑا واقعہ ہے۔ رمضان کے آغاز سے يروشلم کے مرکز ميں اسرائيلی پوليس نے رکاوٹيں کھڑی کر رکھی ہيں اور يوميہ بنيادوں پر يہوديوں اور مسلمانوں کے مابين جھڑپيں جاری ہيں۔

[pullquote]جنوبی افغانستان ميں ٹريفک حادثہ، پندرہ افراد ہلاک[/pullquote]

جنوبی افغان صوبے زابل ميں ايک بڑے ٹريفک حادثے ميں کم از کم پندرہ افراد مارے گئے۔ يہ حادثہ جمعرات کی رات ايک مسافر بس اور ايک آئل ٹينکر کے درميان تصادم کی وجہ سے پیش آیا۔ مقامی حکام نے اس کی وجہ ٹوٹی ہوئی سڑک بتائی ہے اور يہ بھی کہا ہے کہ بہت سی سڑکيں طالبان کی وجہ سے بری حالت میں ہيں۔ اس حادثے ميں بارہ افراد زخمی بھی ہوئے۔ مسافر بس میں سوار افراد ہلمند سے واپس جا رہے تھے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے