پیر : 26 اپریل 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت میں کورونا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد اب ایک لاکھ پچانوے ہزار سے متجاوز[/pullquote]

بھارت میں آج پیر کے روز ایک دن میں کورونا وائرس کی نئی انفیکشنز کا ایک نیا عالمی ریکارڈ دیکھا گیا۔ ملکی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تین لاکھ باون ہزار نو سو اکانوے نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ یوں اس جنوبی ایشیائی ملک میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد اب سترہ ملین کی حد پار کر گئی ہے۔ آج مسلسل پانچواں دن ہے کہ بھارت میں یومیہ بنیادوں پر کورونا وائرس کے نئے متاثرین کی تعداد کا ایک اور نیا عالمی ریکارڈ دیکھنے میں آیا۔ اس دوران ملک میں کووڈ انیس کے باعث مزید دو ہزار آٹھ سو بارہ مریض انتقال کر گئے۔ یوں بھارت میں اس عالمی وبا کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب ایک لاکھ پچانوے ہزار ایک سو تیئیس ہو گئی ہے۔

[pullquote]حوثی باغیوں کا سعودی فوجی اڈے پر ڈرون حملے کا دعویٰ[/pullquote]

یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں نے آج پیر کو سعودی عرب کے ایک فوجی اڈے پر ایک ڈرون حملہ کیا۔ حوثی باغیوں کے عسکری ترجمان نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ یہ حملہ طلوع آفتاب سے قبل جنوبی سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط کی ایک ملٹری بیس پر کیا گیا۔ اس حملے میں ہونے والے ممکنہ جانی یا مالی نقصان کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ خود سعودی عرب نے اس حملے کے بارے میں فوری طور پر کچھ بھی کہنے سے احتراز کیا۔

[pullquote]دفاعی شعبے کے عالمی اخراجات میں وبا کے باوجود کمی نا ہوئی، سِپری[/pullquote]

گزشتہ برس دنیا بھر میں کورونا کی عالمی وبا کے باوجود دفاعی شعبے کے اخراجات میں مزید اضافہ ہوا۔ دو ہزار بیس میں بین الاقوامی سطح پر فوجی اخراجات کی مد میں مجموعی طور پر ایک ہزار نو سو اکیاسی بلین ڈالر خرچ کیے گئے۔ یہ بات سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں قائم امن پر تحقیق کرنے والے انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ سِپری کی طرف سے بتائی گئی۔ اس ادارے کے مطابق یہ رقوم دو ہزار انیس کے مقابلے میں دو اعشاریہ چھ فیصد زیادہ ہیں۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کے مطابق گزشتہ برس کورونا کی وبا کے باعث عالمی اقتصادی پیداوار میں چار اعشاریہ چار فیصد کی کمی ہوئی۔ دنیا بھر میں فوجی اخراجات میں سے باسٹھ فیصد رقوم صرف پانچ ممالک امریکا، چین، بھارت، روس اور برطانیہ نے خرچ کیں۔

[pullquote]افغانستان میں طالبان کے حملوں میں بارہ پولیس اہلکار مارے گئے[/pullquote]

افغانستان میں طالبان عسکریت پسندوں کی طرف سے کیے گئے مختلف خونریز حملوں میں بارہ پولیس اہلکار مارے گئے۔ ان میں سے سات اہلکار اس وقت ہلاک ہو گئے، جب طالبان نے کابل کے جنوب میں انہیں گھات لگا کر ہدف بنایا۔ اس کے علاوہ دو دیگر مسلح حملے لوگر اور قندھار کے صوبوں میں بھی کیے گئے، جن میں کئی افراد کے زخمی ہونے کے علاوہ کم از کم پانچ پولیس اہلکار مارے گئے۔ یہ حملے اس وقت کیے گئے جب افغانستان میں امریکا کے اعلیٰ ترین فوجی کمانڈر، جنرل اسکاٹ مِلر نے کہا کہ ہندوکش کی اس ریاست سے امریکا کے باقی ماندہ فوجی دستوں کے انخلا کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

[pullquote]البانیہ کے پارلیمانی الیکشن میں حکمران سوشلسٹ پارٹی دیگر جماعتوں سے آگے[/pullquote]

یورپی ملک البانیہ میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی غیر سرکاری اور جزوی نتائج کے مطابق اب تک حکمران سوشلسٹ پارٹی دیگر تمام جماعتوں سے آگے ہے۔ ملکی نشریاتی ادارے ٹاپ چینل ٹی وی کے مطابق سوشلسٹ پارٹی کو اب تک چھیالیس اعشاریہ نو فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ اپوزیشن کی ڈیموکریٹک پارٹی کو ملنے والے ووٹوں کی شرح تینتالیس اعشاریہ پانچ فیصد بنتی ہے۔ سوشلسٹ پارٹی کی اتحادی جماعت تحریک برائے سماجی انضمام کو ملنے والی عوامی تائید تقریباﹰ چھ فیصد ہے۔ یوں یہ بات اب تک غیر یقینی ہے کہ آیا سوشلسٹ وزیر اعظم ایڈی راما مسلسل تیسری مرتبہ سربراہ حکومت بن سکیں گے۔

[pullquote]یوکرائن میں چرنوبل کے جوہری حادثے کو پینتیس برس ہو گئے[/pullquote]

سابق سوویت یونین کی ریاست یوکرائن میں چرنوبل کے ایٹمی حادثے کو آج پیر کے روز ٹھیک پینتیس برس ہو گئے۔ یہ حادثہ چھبیس اپریل انیس سو چھیاسی کے روز پیش آیا تھا، جب چرنوبل کے ایٹمی مرکز میں بہت بڑا دھماکا ہوا تھا۔ اس سال کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث اس مناسبت سے کوئی بڑی یادگاری تقریبات منعقد نہیں کی جا رہیں۔ یہ حادثہ جوہری توانائی کے شہری مقاصد کے لیے استعمال کے حوالے سے دنیا کا سب سے تباہ کن حادثہ سمجھا جاتا ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں انسان ہلاک یا زخمی ہوئے تھے۔ اس سانحے کے باوجود موجودہ یوکرائن اور اس کے ہمسایہ ملک روس میں جوہری توانائی کا استعمال ممکنہ طور پر ترک کر دینا ابھی تک کوئی بڑا موضوع نہیں بن سکا۔

[pullquote]انڈونیشی صدر کا آبدوز حادثے کے ہلاک شدگان کے لواحقین سے اظہار تعزیت[/pullquote]

انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے ملکی بحریہ کی حادثے کا شکار ہونے والی آبدوز کے عملے کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ اس آبدوز کا نام ننگ گالا چار سو دو تھا، اور یہ کئی روز پہلے لاپتہ ہو گئی تھی۔ یہ آبدوز حادثے کا شکار ہو کر تین ٹکڑوں میں بٹ گئی تھی اور اس کا ملبہ ایک روز قبل بحیرہ بالی کی تہہ سے ملا تھا۔ اس آبدوز میں عملے کے تریپن ارکان سوار تھے، جو سب کے سب مارے گئے تھے۔ صدر ویدودو نے قوم سے اپنے خطاب میں مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک المناک حادثہ ہے اور وہ ہلاک شدگان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات حکومت ادا کرے گی۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا کے متاثرین کی تعداد تقریباﹰ تینتیس لاکھ ہو گئی[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کے متاثرین کے تعداد بڑھ کر تقریباﹰ تینتیس لاکھ ہو گئی ہے۔ وبائی امراض کی روک تھام کے جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے پیر کی صبح برلن میں بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کی تقریباﹰ بارہ ہزار نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ یوں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر بتیس لاکھ ننانوے ہزار سے بھی زیادہ ہو گئی۔ اسی دوران کووڈ انیس کی وجہ سے مزید ساٹھ مریضوں کا انتقال ہو گیا اور ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد اب اکیاسی ہزار چھ سو چوبیس ہو گئی ہے۔

[pullquote]بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ روڈ مووی ’نومیڈلینڈ‘ کے لیے[/pullquote]

امریکی فلمی صنعت کے مشہور آسکر ایوارڈز کی امسالہ تقریب میں بہترین فلم کا حق دار روڈ مووی ’نومیڈلیند‘ کو قرار دیا گیا۔ یہ فلم ایک سوشل ڈرامہ ہے، جو امریکا میں کام کرنے والے کارکنوں سے متعلق ہے۔ اس فلم کی چینی نژاد ہدایت کارہ کلوئے ژاؤ کو بہترین ڈائریکٹر کے ایوارڈ کا حق دار ٹھہرایا گیا۔ کلوئے ژاؤ پہلی غیر سفید فام اور کیتھرین بِیگیلَو کے بعد صرف دوسری ایسی خاتون ہیں، جنہیں بہترین ہدایت کار کا آسکر ایوارڈ دیا گیا ہے۔ اسی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی فرانچیس میکڈورمنڈ کو بہترین اداکارہ کا اکیڈمی ایوارڈ دیا گیا۔ بہترین اداکار کا آسکر ایوارڈ معروف اداکار اینتھونی ہاپکنز کو فلم ’دا فادر‘ میں ان کی اداکاری پر دیا گیا۔ بہترین بین الاقوامی فلم کا اعزاز ڈنمارک کے ہدایت کار ٹوماس ونٹربرگ کی فلم Another Round کے حصے میں آیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے