جمعہ : 30 اپریل 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 150 ملین سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

کورونا کی وبا کے آغاز سے اب تک دنیا بھر میں اس وائرس سے انفیکشن کا شکار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 150 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ کورونا کی وبا پر نظر رکھنے والی امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار کے مطابق محض تین ماہ قبل یعنی 26 جنوری کو ہی ان انفیکشنز کی تعداد 100 ملین ہوئی تھی۔ کووڈ انیس کے سبب تصدیق شدہ ہلاکتوں کی تعداد 3.17 ملین کے قریب ہے۔ یہ تعداد جنوری کے آخر کے مقابلے میں ایک ملین زیادہ ہے۔ اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا اور اس کے بعد بھارت ہے جو ان دنوں اس وبا کی شدید لپیٹ میں ہے۔

[pullquote]بھارت میں ویکسین کی کمی، ممبئی میں تمام ویکسینیشن مرکز بند[/pullquote]

بھارت میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین میں کمی واقع ہو گئی ہے اسی سبب بھارت کے معاشی حب ممبئی میں تمام ویکسینیشن سنٹر تین دن کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب ملک میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی یومیہ تعداد ایک نئی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔ آج جمعہ کو بھارتی وزارت صحت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 386,452 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اسی عرصے کے دوران کووڈ انیس کے سبب 3,498 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔

[pullquote]چین کی طرف سے بھارت کو مدد کی پیشکش[/pullquote]

چین نے کورونا کی وبا کے تناظر میں بھارت کو مدد کی پیشکش کی ہے۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین بھارت کے ساتھ کووڈ انیس کے انسداد کے لیے تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے۔ ساتھی ہی انہوں نے بھارت کو امدادی ساز وسامان کے ساتھ مدد کی بھی پیشکش کی ہے۔ دوسری طرف امریکا کی طرف سے پہلی ایمرجنسی امدادی کھیپ آج بھارت پہنچی ہے۔ امریکی کا ایک سپر گلیکسی ملٹری ٹرانسپورٹ طیارہ چار سو آکسیجن سیلنڈرز، قریب ایک لاکھ کورونا ویکسین کی ڈوزز اور دیگر طبی ساز وسامان لے کر نئی دہلی کے ہوائی اڈے پر پہنچا ہے۔

[pullquote]اسرائیل میں ایک یہودی مذہبی اجتماع میں بگھدڑ، کم از کم 44 ہلاک[/pullquote]

اسرائیل کے شمالی حصے میں انتہائی راسخ العقیدہ یہودیوں کے ایک مذہبی اجتماع میں بھگدڑ پڑنے کے نتیجے میں کم از کم 44 افراد ہلاک جبکہ 150 کے قریب دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ کوہ میرون کے علاقے میں ہونے والے اس مذہبی اجتماع میں بگھدڑ اس وقت پڑی جب وہاں سے واپسی کے لیے ایک سرنگ نما راستے سے بہت زیادہ لوگوں نے ایک ساتھ نکلنے کی کوشش کی۔ اسرائیلی اخبار ہاریٹز کے مطابق پولیس کی طرف سے کھڑی کی گئیں رکاوٹیں بھی لوگوں کے وہاں سے نکلنے میں مشکلات کا باعث بنیں۔

[pullquote]رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں یورو زون کی معیشت میں منفی شرح نمو[/pullquote]

رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں یورو زون کی معیشت میں گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں صفر اعشاریہ چھ فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ یہ بات یورپی یونین کے شماریاتی دفتر کی جانب سے بتائی گئی۔ 27 رکنی یورپی یونین کی مجموعی معیشت میں گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں کمی البتہ نسبتاﹰ کم یعنی صفر اعشاریہ چار فیصد رہی۔ سال 2020ء کے آخری مہینوں کے بعد یورپی معیشت میں مسلسل منفی رحجان برقرار ہے۔

[pullquote]کرغزستان اور تاجکستان کی سرحد پر جھڑپیں، کم از کم 23 ہلاک[/pullquote]

کرغزستان اور تاجکستان کے درمیان سرحدی تنازعے پر ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ کرغزستان کا کہنا ہے کہ قریب 11,500 لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان دونوں سابقہ سویت ریاستوں میں پانی کے ذرائع کے حوالے سے تنازعہ ہے۔ دونوں ممالک کے فوجیوں کے درمیان تازہ جھڑپیں پانی کی تقسیم کے مقام پر سویلین افراد میں تنازعے کے بعد شروع ہوئیں۔ 1991ء میں سوویت یونین کے خاتمے کے بعد سے کرغزستان اور تاجکستان میں کئی بار جھڑپیں ہو چکی ہیں۔

[pullquote]ایران کی طرف سے مصالحت کی سعودی خواہش کا خیر مقدم[/pullquote]

ایران نے سعودی عرب کی طرف سے مصالحت کی خواہش کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اختلافات جلد ہی ختم ہو سکیں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایران اور سعودی عرب دونوں ہی اسلامی دنیا کی اہم ریاستیں ہیں اور ان کے اختلافات کا خاتمہ خطے میں امن اور استحکام کا باعث بنے گا۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے قبل ازیں کہا تھا کہ ایران ایک ہمسایہ ملک ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ ایران کے ساتھ اچھے اور خصوصی تعلقات قائم ہوں گے۔

[pullquote]فسلطینی انتخابات مؤخر کر دیے گئے[/pullquote]

فلسطینی علاقوں میں گزشتہ 15 برس کے دوران ہونے والے اولین پارلیمانی انتخابات، انعقاد سے کچھ وقت پہلے ہی مؤخر کر دیے گئے ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے التوا کی وجہ اسرائیل کے ساتھ یروشلم کی حیثیت کے حوالے سے تنازعے کو قرار دیا۔ مختلف فلسطینی گروپوں کے نمائندوں سے ملاقاتوں کے بعد محمود عباس نے کہا کہ اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ جب تک یروشلم کے مشرقی حصے کے لوگوں کی انتخابات میں شمولیت کو یقینی نہیں بنا لیا جاتا اس وقت انتخابات نہ کرائے جائیں۔ یہ انتخابات 22 مئی کو ہونا تھے۔ شدت پسند گروپ حماس نے اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

[pullquote]چیک ری پبلک میں صدر کے خلاف مظاہرے[/pullquote]

یورپی ریاست چیک ری پبلک کے دارالحکومت پراگ میں ہزاروں افراد نے گزشتہ روز صدر میلوش زیمان کے خلاف مظاہرہ کیا۔ اس مظاہرے کی کال دینے والی ’اے ملین مومنٹس فار ڈیموکریسی‘ نامی تحریک کے منتظمین کا کہنا ہے کہ چیک صدر روسی کٹھ پتلی ہیں۔ چیک ری پبلک نے ملک میں 2014ء میں ایک اسلحہ ڈپو میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری رواں ماہ روس پر عائد کی تھی اور روسی سفارتی عملے کے درجنوں اہلکاروں کو ملک سے نکال دیا تھا۔ روس نواز سمجھے جانے والے صدر میلوش زیمان نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے