بدھ : 09 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپی مرکزی بینک سے متعلق جرمن عدالتی فیصلہ: یورپی کمیشن نے کارروائی شروع کر دی[/pullquote]

یورپی کمیشن نے آج بدھ کے روز جرمنی کے خلاف قانونی اقدامات کا آغاز کر دیا۔ اس کارروائی کے دوران اس بارے میں چھان بین کی جائے گی کہ آیا ایک جرمن عدالت کا یورپی مرکزی بینک سے متعلق فیصلہ یورپی یونین کے قوانین کے منافی تھا۔ اس فیصلے میں جرمن عدالت نے یورپی مرکزی بینک کی طرف سے مالیاتی بانڈز خریدے جانے کو چیلنج کر دیا تھا، حالانکہ یورپی عدالت انصاف اس خریداری کی منظوری دے چکی تھی۔ یورپی کمیشن نے اب جرمن حکومت کا باقاعدہ خط لکھ دیا ہے کہ وہ یہ طے کرنے کی کوشش میں ہے کہ آیا یہ جرمن عدالتی فیصلہ یونین کے قوانین کے منافی تھا۔ اس عمل کے نتیجے میں یورپی عدالت انصاف جرمنی کو جرمانہ بھی کر سکتی ہے۔

[pullquote]امریکی صدر بائیڈن کی اولین غیر ملکی دورے پر یورپ کے لیے روانگی[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن اپنے اولین غیر ملکی دورے پر آج بدھ کو یورپ کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ اس دورے کے دوران فرسٹ لیڈی جِل بائیڈن بھی امریکی صدر کے ہمراہ ہوں گی۔ برطانیہ پہنچنے کے بعد بائیڈن پہلے وہاں امریکی فوجیوں سے ملاقات کریں گے، جس کے بعد جمعرات کو وہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے ملیں گے۔ جمعے سے اتوار تک وہ جی سیون سمٹ میں شرکت کریں گے، جس دوران ان کی جرمن چانسلر میرکل سے علیحدہ ملاقات بھی متوقع ہے۔ اپنے دورے کے اختتام سے قبل امریکی صدر اپنی اہلیہ کے ہمراہ اتوار کے روز برطانوی ملکہ الزبتھ سے بھی ملیں گے۔ اس کے بعد بائیڈن یورپی امریکی سمٹ کے لیے برسلز روانہ ہو جائیں گے۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مزید کمی[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کی پھیلاؤ کی رفتار اور اس وبا کا شکار ہونے والے افراد کی اوسط تعداد مزید کم ہو گئی ہے۔ وبائی امراض کی روک تھام کے نگران ملکی ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے بدھ کے روز برلن میں بتایا کہ کل منگل کے دن ملک میں کورونا کی تین ہزار دو سو چون نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ یوں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد سینتیس لاکھ چھ ہزار کے قریب ہو گئی ہے۔ اسی دوران ملک بھر میں ہفتہ وار بنیادوں پر فی ایک لاکھ آبادی میں اس وائرس کے نئے متاثرین کی اوسط تعداد مزید کم ہو کر اب بیس اعشاریہ آٹھ ہو گئی ہے۔ دریں اثناء گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے مزید ایک سو سات مریضوں کے انتقال کے بعد جرمنی میں ایسی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد اب تقریباﹰ نواسی ہزار پانچ سو ہو گئی ہے۔

[pullquote]مالٹا کی تاریخ میں کوکین کی سب سے بڑی مقدار پکڑی گئی[/pullquote]

یورپی یونین کی رکن جزیرہ ریاست مالٹا میں کسٹمز حکام نے 740 کلو گرام کوکین ضبط کر لی ہے، جو اس ملک میں آج تک پکڑی گئی منشیات کی ریکارڈ مقدار ہے۔ یہ کوکین مالٹا کی فری پورٹ سے پکڑی گئی۔ اسے ایک ایک کلو گرام کے سینکڑوں پیکٹوں میں بند کر کے ایسے کارگو کنٹینر میں چھپایا گیا تھا، جس میں کیلے لدے ہوئے تھے۔ یہ کیلے لاطینی امریکی ملک ایکواڈور سے بحری جہاز کے ذریعے مالٹا کے راستے سلووینیہ پہنچائے جانا تھے۔ پکڑی گئی کوکین کی قیمت 90 اور 100 ملین یورو کے درمیان بنتی ہے۔ یہ مالٹا کی تاریخ میں کوکین کی اسمگلنگ کے خلاف آج تک کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ گزشتہ سال کے اواخر میں بھی وہاں 612 کلو گرام کوکین پکڑی گئی تھی۔

[pullquote]برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین شمالی آئرلینڈ سے متعلق بات چیت آج لندن میں[/pullquote]

برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین بریگزٹ معاہدے کے پس منظر میں شمالی آئرلینڈ سے متعلق پروٹوکول کے بارے میں بات چیت آج بدھ کے روز لندن میں ہو رہی ہے۔ اس مکالمت میں برطانیہ کے بریگزٹ امور کے وزیر ڈیوڈ فراسٹ اور یورپی کمیشن کے نائب صدر ماروس سَیفکووِچ حصہ لیں گے۔ آئرلینڈ کے جزیرے کا شمالی حصہ برطانیہ کا ایک صوبہ ہے اور باقی ماندہ حصے پر مشتمل جمہوریہ آئرلینڈ یورپی یونین کی رکن ریاست ہے۔ شمالی آئرلینڈ سے متعلق پروٹوکول کا مقصد آئرلینڈ کے دونوں حصوں کے مابین کڑی نگرانی والے ’ہارڈ بارڈر‘ سے بچنا ہے تاکہ ماضی میں خانہ جنگی کا شکار رہنے والے اس خطے میں بریگزٹ ضابطوں کے باعث کوئی نئی کشیدگی پیدا نہ ہو۔

[pullquote]شمالی بھارت میں بس اور وین کے تصادم میں سترہ مزدور ہلاک[/pullquote]

شمالی بھارت میں ایک مسافر بس اور ایک وین کے مابین تصادم کے نتیجے میں کم از کم سترہ افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والے ملک کے مختلف حصوں سے آ کر محنت مزدوری کرنے والے ایسے کارکن تھے، جو حادثے کا شکار ہونے والی وین میں سوار تھے۔ ایک بسکٹ فیکٹری کے یہ کارکن کام کے بعد گھروں کو جا رہے تھے۔ مسافر بس مخالف سمت سے آنے والی وین سے ٹکرا کر الٹ گئی تھی۔ اس حادثے میں اٹھارہ افراد زخمی بھی ہوئے۔ ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ سے اسّی کلومیٹر دور کانپور شہر کے قریب یہ حادثہ منگل کو رات گئے پیش آیا۔

[pullquote]اسرائیلی جنگی طیاروں کے وسطی اور جنوبی شام میں نئے مبینہ حملے[/pullquote]

شام کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب وسطی اور جنوبی شام کے کئی علاقوں میں نئے مبینہ حملے کیے۔ سرکاری نیوز ایجنسی نے شامی فوج کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ان فضائی حملوں میں کئی علاقوں کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔ ان رپورٹوں پر اسرائیل کی طرف سے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا۔ شام کی صورت حال پر نظر رکھنے والی اپوزیشن تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا کہ منگل کو رات گئے اسرائیلی جنگی طیاورں کے شامی صوبے حمص میں کیے گئے حملوں میں کم از کم آٹھ افراد مارے گئے۔ آبزرویٹری کے سربراہ رامی عبدالرحمان کے مطابق مرنے والوں میں سے پانچ شامی فوجی اور باقی تین دمشق حکومت کے حامی فائٹر تھے۔

[pullquote]افغانستان میں بارودی سرنگیں صاف کرنے والے کارکنوں پر حملے میں دس افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں بارودی سرنگیں صاف کرنے والے کارکنوں پر کیے گئے ایک بڑے حملے میں کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے۔ ان ہلاکتوں کی کابل میں افغان وزارت داخلہ نے بدھ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں تصدیق کر دی۔ بیان کے مطابق اس واقعے میں صوبے کے بغلانِ مرکزی نامی ضلع میں بارودی سرنگیں صاف کرنے والے کارکنوں کے ایک کیمپ پر منگل کو رات گئے حملہ کیا گیا، جس میں دس افراد ہلاک اور چودہ زخمی ہو گئے۔ کسی مسلح گروپ نے اس کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ ملکی وزارت داخلہ نے اس کے لیے طالبان عسکریت پسندوں کو ذمے دار قرار دیا ہے مگر طالبان کے ترجمان نے ایک ٹویٹ میں اس حملے کی مذمت کی ہے۔

[pullquote]واشنگٹن وسطی امریکا سے وسیع تر نقل مکانی کے اسباب کے خاتمے کا خواہش مند[/pullquote]

امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے اپنے اولین غیر ملکی دورے کے دوران میکسکو میں ملکی قیادت کے ساتھ ملاقات میں ترک وطن سے متعلقہ امور میں قریبی اشتراک عمل پر اتفاق کر لیا۔ کملا ہیرس نے میکسیکو سٹی میں ایک ایسے اعلامیے پر دستخط بھی کر دیے، جس کے تحت امریکا میکسیکو کے ساتھ مل کر وسطی امریکا سے شمالی امریکا کی طرف وسیع تر عوامی نقل مکانی کے اسباب کا خاتمہ کرنا چاہتا ہے۔ اس مقصد کے لیے گوئٹے مالا، ہنڈوراس اور السلواڈور جیسے ممالک کے شہریوں کے لیے ان کے اپنے ممالک میں بہتر اقتصادی حالات پیدا کرنے کی خاطر مدد کی جائے گی۔ میکسیکو کے راستے ہر ماہ جو ہزارہا انسان امریکا داخلے کی کوشش کرتے ہیں، ان کا تعلق میکسیکو یا انہی تین ممالک میں سے کسی ایک سے ہوتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے