مندر پر حملہ: پاکستان میں کوئی فاشسٹ نظریہ حکمرانی نہیں کر سکتا،فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے رحیم یار خان میں مندر پر حملے کے واقعے پر ردِعمل دیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان بھارت نہیں ہے، یہاں کوئی فاشسٹ نظریہ حکمرانی نہیں کر سکتا، ہمیں نسل، رنگ یا عقیدے کی بنیاد پر نشانہ بنانے والے عناصر کیخلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس نے بھی معاملے کا نوٹس لیا ہے، ہندو برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے افراد کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔

[pullquote]ملزمان کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگئی: شیخ رشید[/pullquote]

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ رحیم یار خان میں مندر کے واقعے میں ملوث افراد کو پکڑنےکیلئے پنجاب حکومت کی معاونت کررہے ہیں، مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام مذہبی اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنائیں گے، مندر کی بےحرمتی کا واقعہ قابل مذمت اورافسوسناک ہے، ایسے واقعات دنیا بھر میں اسلام اور پاکستان کی بدنامی کاباعث بنتے ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دوسرے مذہب کی عبادت گاہ کی بے حرمتی اسلام کی تعلیمات کے یکسر منافی ہے۔

چند روز پہلے سوشل میڈیا پر مندر پر حملے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی، رپورٹس کے مطابق مندر پر حملے کا واقعہ رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ میں پیش آیا، لاٹھیوں سے مسلح افراد نے مندر میں توڑ پھوڑ کی اور نعرے بھی لگائے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اس واقعے کا نوٹس لیا جب کہ چیف جسٹس پاکستان نے بھی واقعے کا نوٹس لے کر ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

[pullquote]مندر کی تعمیر کے اخراجات ملزمان سے لینے کا حکم[/pullquote]

جسٹس گلزار احمد نے رحیم یار خان میں مندر پر حملہ کرنے والے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور مندر کی تعمیر اور مرمت کے اخراجات ملزمان سے لینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے