لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دورہ سمبڑیال اورسیالکوٹ میں ناقص کارکردگی اور عوامی شکایات پر متعدد افسران کو معطل کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دورہ سمبڑیال اور سیالکوٹ کے دوران اسپتالوں سمیت مختلف سرکاری دفاتر میں ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور عوام کی شکایات سنیں اور موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
وزیراعلیٰ نے نااہلی، بدانتظامی، غفلت اورعوامی شکایات پر اے سی سمبڑیال، سی او میونسپل کارپوریشن سمبڑیال، ایم ایس ٹی ایچ کیو اسپتال اوراے ڈی ایل آر سمبڑیال کو بھی معطل کردیا۔
اس کے علاوہ معطل ہونے والوں میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسرسیالکوٹ، سب رجسٹرار رورل سیالکوٹ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سیالکوٹ، ایکسیئن ایری گیشن مرالہ سب ڈویژن اور سی او تحصیل کونسل سیالکوٹ بھی شامل ہیں۔
عثمان بزدار نے سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ لیڈی سپرنٹنڈنٹ سیالکوٹ جیل، سی او تحصیل پسرور و ڈسکہ، ڈی ایس پی ڈسکہ اور ڈی ایس پی ٹریفک سیالکوٹ کو بھی معطل کردیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ تمام اضلاع کے سرپرائز دوروں کے ذریعے انتظامی معیار کا جائزہ لیں گے، سروس ڈیلیوری میں کوتاہی پر سخت ایکشن لیا جائےگا۔