ٹی ٹی پی سے مذاکرات: جو ہتھیار ڈال دے اس سے لڑنا جائز نہیں، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے کہنا ہے کہ جو ہتھیار ڈال دے اس سے لڑنا جائز نہیں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا ہمارے پڑوس میں 42 ممالک کی فوج اور ایجنسیاں لگی ہوئی تھیں انہیں حالات کا پتا ہی نہیں چلا، عالمی منظر نامہ تبدیل ہونے جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کو کسی قیمت پر واپس نہیں آنے دیں گے، دہشتگردی کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے، ہم پاکستان کے دشمنوں سے کونے کونے میں نمٹیں گے اور انہیں ختم کر کے دم لیں گے۔

کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا طالبان سے بات چیت کی ابتدا ہو رہی ہے ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچے لیکن اگر کوئی ہتھیار ڈال دے تو اس کے خلاف لڑنا جائز نہیں ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا ہمیں معلوم ہے کہ کون اچھا ہے اور کون برا ہے، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہمیں علم نہیں کہ گڈ کون ہے اور بیڈ کون ہے تو وہ عقل کا اندھا ہے، ہماری منصوبہ بندی دو چار سال کی نہیں 20 سال کی ہے۔

چیئرمین نیب کی تقرری کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسی ہفتے چیئرمین نیب کا فیصلہ بھی ہو جائے گا، پیپلز پارٹی سمجھدار ہے کہ سمجھوتا ایکسپریس پر چڑھ گئی ہے جبکہ ن لیگ لتر بھی کھائے گی اور سمجھوتا ایکسپریس پر بھی چڑھے گی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا غریب کو کھانے پینےکی اشیا اور سستی دواؤں کی فراہمی ہماری قومی ذمہ داری ہے اور عمران خان کو معلوم ہے کہ آٹا، دال اور چینی کی قیمتیں زیادہ ہیں، عمران خان کو مہنگائی کی زیادہ فکر ہے، لوگوں نے اگلا الیکشن عمران خان کی قیادت میں لڑنا ہے اور اگلے الیکشن میں بھی ہم کامیاب ہوں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے