وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں فوجی نہیں سیاسی حل کی طرف جانا ہے جبکہ لڑائی کا آخر میں اختتام بات چیت سے ہی ہوتا ہے۔
جہلم میں شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ نواز شریف اور زرداری کی وجہ سے معاشی بحران ہے، بلاول اور مریم کو اس ریجن کی پیچیدگیوں کا پتہ نہیں، پاکستان کی باگ دوڑ ان بچوں کے حوالے نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھاکہ افغانستان کے مسئلے پر پوری دنیا عمران خان کی بات سنتی ہے، افغانستان کی جنگ میں ہمارے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں جبکہ افغانستان میں فوجی نہیں سیاسی حل کی طرف جانا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ پاکستان ہی تھا جس نے امریکا اور طالبان کے درمیان بات چیت کرائی اور ایک قطرہ خون بہائے بغیر افغانستان میں اقتدار منتقل ہوا۔
ان کا کہنا تھاکہ جو پاکستانی بہک گئے چاہے وہ بلوچستان میں ہوں ان کو واپس راستے پر لائیں گے، لڑائی کا آخر میں اختتام بات چیت سے ہی ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ وزیراعظم نے ایجنڈا پیش کیا ہے جو آئین کو مانیں گے ان سے بات ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی باتیں کرتے ہیں مہنگائی ہوگئی ہے مشکلات ہیں مگر عمران خان دنیا کی بات کرتے ہیں۔