کراچی: کامیڈی کنگ عمر شریف کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

کراچی: لیجنڈ اداکار عمر شریف کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

عمر شریف کی میت کو ایدھی سردخانے سے گلشن اقبال میں واقع ان کی رہائش گاہ پر لایا گیا جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، علاقہ پولیس کی نفری اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔

عمر شریف کی نماز جنازہ کلفٹن میں واقع عمر شریف پارک میں ادا کردی گئی جس میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

پولیس کے مطابق جنازے کی سکیورٹی کے لیے دو ڈی ایس پیز کی سربراہی میں 200 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے، پارک کے مین گیٹ پر واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے جب کہ پارک میں جنریٹر اوراسپیکر لگائے گئے ۔

اس کے علاوہ عمر شریف پارک میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے سرچنگ بھی کی گئی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میت کو عبداللّہ شاہ غازی مزارکے احاطے میں پہنچا دیا گیا ہے جہاں تدفین کا عمل جاری ہے۔[pullquote]عمر شریف کی میت علی الصبح کراچی پہنچائی گئی[/pullquote]

اس سے قبل ترک ائیر لائن کی پرواز TK-708نے رات 12 بج کر 53 منٹ پر استنبول سے ٹیک آف کیا جو صبح 5 بجکر 33 منٹ پر کراچی ائیرپورٹ پہنچی۔

عمر شریف کی بیوہ زرین غزل بھی میت کے ہمراہ کراچی پہنچیں۔

کراچی پہنچنے کے بعد عمر شریف کی میت ائیر پورٹ کارگو ٹرمینل سے ان کے بیٹوں کے حوالے کردی گئی جس کےبعد میت کو کراچی کے ایدھی سرد خانے منتقل کیا گیا ہے۔

عمر شریف کی میت لے جانے والی ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جب کہ میت کی سرد خانے روانگی کے دوران قافلے میں عزیز و اقارب، مداحوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہےکہ عمر شریف کی نمازجنازہ سہ پہر تین بجے عمر شریف پارک میں ادا کی جائےگی اور ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی جائےگی۔

عمر شریف کے بیٹے کے مطابق ان کے والد کی نماز جنازہ مولانا بشیر فاروقی پڑھائیں گے۔

خیال رہےکہ عمر شریف ہفتہ دو اکتوبر کو جرمنی کے اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔

امریکا میں عمر شریف کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق جرمنی کے اسپتال میں ڈائیلیسز کے 4 گھنٹے بعد عمر شریف کی طبیعت اچانک بگڑی اور دل کا دورہ پڑا جس سے وہ انتقال کرگئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے