وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، دو چار مہینےکامشکل وقت ہے، یہ ٹھیک ہوجائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ کا کہنا تھاکہ عام آدمی دباؤ میں ہے، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مہنگائی عالمی سطح پر بڑھ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ڈومیسٹک مہنگائی پچھلے سال سے کم ہے جو چیزیں مہنگی ہوئی وہ درآمدی اشیا ہیں، معیشت اور معاشی حالت درست سمت میں ہے، گزشتہ سال کی نسبت اس وقت ریونیو 36 فیصد زیادہ ہے، ریونیو میں اضافے کا مطلب ہے کہ ملک کی معیشت ترقی کررہی ہے۔
انہوں نے عوام کو تسلیاں دیتے ہوئے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں، تھوڑا اور صبر کریں، قیمتیں نیچے آئیں گی۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ احساس ہے کہ نچلا اور درمیانہ طبقہ دباؤ میں ہے ، سبسڈی دینے کیلئے پروگرام لارہےہیں، مارکیٹ گرتی ہے تو ہیڈلائن لگتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ ریکوری پر نہیں، درآمدات کا حجم اتنا نہیں بڑھا جتنی قیمتیں بڑھی ہیں، جیسی ہی قیمتیں نیچے آئیں گی، خسارہ کم ہونا شروع ہوجائےگا۔