جمعہ : 21 جنوری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]فوری پیش رفت کی توقع نہیں، امریکی و روسی وزرائے خارجہ[/pullquote]

روسی اور امریکی وزرائے خارجہ نے کہا ہے کہ یوکرائن کے بحران کے حل کے حوالے سے کسی فوری پیش رفت کی توقع نہیں۔ سیرگئی لاوروف اور انٹونی بلنکن باہمی اختلافات کو دور کرنے کی خاطر آج جمعے کو سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ملاقات کر رہے ہیں۔ امریکا میں بائیڈن انتظامیہ نے البتہ کہا ہے کہ اس ملاقات سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے میں مدد ضرور ملے گی۔ یورپ اور امریکا کو خدشہ ہے کہ روس یوکرائن پر ایک اور حملہ کر سکتا ہے جبکہ روس چاہتا ہے کہ نیٹو یوکرائن سمیت کسی بھی سابق سوویت ریاست میں اپنے فوجی یا عسکری آلات تعینات یا نصب نہ کرے۔

[pullquote]روس یورپی طاقت کا مقابلہ نہں کر سکتا[/pullquote]

امریکا اور اس کے یورپی اتحادیوں نے روس کو یوکرائن پر حملہ کرنے سے خبردار کیا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ لز ٹروس نے بھی کہا ہے کہ اگر کوئی نیا حملہ ہوا تو روس کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے یورپی ممالک کے ہنگامی دوروں کے دوران فرانس، برطانیہ، جرمنی اور یوکرائن کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد کہا کہ روس یورپی طاقت کا مقابلہ نہیں کر سکتا ہے۔ روس نے یوکرائن کی سرحدوں پر ہزاروں فوجی اور بھاری اسلحہ تعینات کر رکھا ہے اور خدشہ ہے کہ وہ یوکرائن پر ایک نیا حملہ کر سکتا ہے۔ تاہم ماسکو نے ان الزامات کو مسترد کر رکھا ہے۔

[pullquote]یوکرائن اور روس دونوں ہی ترکی کی ثالثی پر متفق[/pullquote]

یوکرائن اور روس دونوں متفق ہیں کہ ترکی ان دونوں ممالک کے مابین کشیدگی کو کم کرنے میں ثالث کا کردار نبھا سکتا ہے۔ ترک سفارتی ذرائع کے مطابق ترکی نے نومبر میں یہ تجویز دی تھی، جس پر دونوں ممالک متقق ہیں۔ ترکی اس تناظر میں مذاکراتی عمل شروع کر رہا ہے لیکن روس نے کہا ہے کہ یہ مرحلہ ابھی ابتدائی سطح پر ہے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ وہ فروری میں یوکرائن جائیں گے۔

[pullquote]شامی جیل پر داعش کا حملہ، اٹھارہ سکیورٹی اہلکار مارے گئے[/pullquote]

شامی شہر الحسکہ کی ایک جیل پر داعش کے ایک حملے کے نتیجے میں کرد سکیورٹی فورسز کے اٹھارہ اہلکار مارے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ شمالی شام میں واقع اس جیل میں ہزاروں مشتبہ جہادی قید ہیں، جنہیں آزاد کرانے کی خاطر داعش کے جنگجوؤں نے جمعرات کو رات گئے یہ کارروائی شروع کی۔ آخری اطلاعات ملنے تک وہاں مسلح تصادم جاری ہے اور اس دوران سولہ حملہ آور بھی ہلاک کر دیے گئے ہیں۔ اس جیل میں داعش کے کچھ انتہائی سنیئر کمانڈر بھی مقید ہیں۔

[pullquote]گیارہ تارکین وطن بحیرہ روم میں ڈوب گئے[/pullquote]

تیونس سے یورپ جانے کی کوشش میں گیارہ مہاجرین بحیرہ روم میں ڈوب گئے ہیں۔ تیونس کے ساحلی محافظوں نے بتایا کہ یہ مہاجرین ایک کشتی میں سوار تھے، جو سمندر کی لہروں کا مقابلہ نہ کر سکی اور غرق ہو گئی۔ امدادی کارکنوں نے کشتی میں سوار اکیس افراد کو زندہ بچا لیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق پانچ لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

[pullquote]گھانا میں بارودی مواد سے بھرا ٹرک حادثے کا شکار، سترہ ہلاکتیں[/pullquote]

مغربی گھانا میں ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کم از کم سترہ افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت رونما ہوا، جب سونے کی ایک کان کے لیے بارودی مواد لے کر جانے والا ایک ٹرک ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا۔ اس حادثے کے بعد ٹرک میں ایک دھماکا ہوا اور قریبی علاقہ بھی اس کے اثرات کی لپیٹ میں آ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ بارود سے بھرے ٹرک میں ہونے والے دھماکے کے باعث پانچ سو سے زائد قریبی عمارتوں کو نقصان بھی پہنچا۔

[pullquote]ایرانی جوہری معاہدے پر گفتگو کرنا چاہیے، جرمن اور امریکی وزرائے خارجہ کا موقف[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور جرمن وزیر خارجہ انالینا بیربوک نے مشترکہ طور پر زور دیا ہے کہ ایرانی جوہری پروگرام پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔ برلن میں ایک ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے کہا کہ ایران کے ساتھ سن 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ مغربی ممالک اور تہران کے درمیان کافی دنوں سے ویانا میں مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے تاہم ابھی تک کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ امریکی صدر بائیڈن بھی کہہ چکے ہیں کہ ابھی ان کوششوں کو ترک کرنے کا وقت نہیں آیا۔

[pullquote]یورپی یونین افغانستان میں سفارتی عملہ تعینات کرے گا[/pullquote]

یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ کابل میں اپنے سفارتی عملے کو تعینات کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ امدادی کاموں میں مدد مل سکے۔ خارجہ امور کے ترجمان کے ایک بیان میں البتہ اس امر کو واضح کر دیا گیا ہے کہ افغانستان میں یورپی سفارت کاروں کی موجودگی طالبان کے اقتدار کو تسلیم کرنے کے مترادف نہیں ہے۔ گزشتہ برس اگست میں طالبان کی طرف سے اس وسطی ایشیائی ملک کا انتظام سنبھالنے کے بعد عالمی طاقتوں کی طرف سے امداد رک جانے کی وجہ سے اس ملک میں انسانی بحران شدید ہو چکا ہے۔

[pullquote]حوثی باغیوں کے متعدد حملے ناکام بنا دیے، متحدہ عرب امارات[/pullquote]

یمن میں فعال حوثی باغیوں نے متحدہ عرب امارات پر نئے حملوں میں کروز اور بیلسٹک میزائلوں کا اسعتمال بھی کیا ہے۔ اس خلیجی ملک کے اقوام متحدہ میں سفیر نے مزید کہا ہے کہ ان ایران نواز باغیوں نے ڈرون حملے بھی کیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کچھ حملوں کو ناکام بھی بنا دیا گیا۔ حوثی باغیوں نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ متحدہ عرب امارات اس سعودی عسکری اتحاد کا حصہ ہے، جو یمن میں ان باغیوں کے خلاف سن دو ہزار پندرہ سے کارروائی کر رہا ہے۔ ادھر امریکی انتظامیہ حوثی باغی تحریک کو ایک مرتبہ پھر دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے پر غور کر رہی ہے۔

[pullquote]جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کا ایک اہم کمانڈر ہلاک[/pullquote]

خفیہ مانیٹرنگ گروپ سائٹ کا کہنا ہے کہ یمن میں ایک امریکی فضائی حملے کے نتیجے میں جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کا ایک اہم کمانڈر ہلاک ہو گیا ہے۔ جنگجو گروہوں کی سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے والے اس عالمی ادارے کی سربراہ ریٹا کاٹز کے بقول البتہ جنگجوؤں نے صالح بن سلیم بن عبید کی ہلاکت کی تاریخ اور وقت کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی ہے۔ یہ جنگجو القاعدہ کے سابق رہنما اسامہ بن لادن کا ایک قریبی ساتھی بھی تھا۔

[pullquote]جو بائیڈن کی عوامی مقبولیت کم ترین سطح پر[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن کی عوامی مقبولیت کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ انیس اور بیس جنوری کو کرائے گئے ایک نئے سروے کے مطابق باون فیصد رائے دہندگان نے کووڈ انیس اور اقتصادی ترقی پر امریکی صدر کی پالیسیوں کو مسترد کر دیا ہے۔ جو بائیڈن نے بدھ کے دن ہی اعتراف کیا تھا کہ ان کو اقتدار کے پہلے برس عالمی وبا اور افراط زر پر قابو پانے میں مشکلات درپیش رہیں لیکن وہ ان مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

[pullquote]شام: الحسکہ جیل پر ‘اسلامک اسٹیٹ’ کے جنگجوؤں کا حملہ[/pullquote]

شامی کردوں نے داعش کا ایک حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شدت پسند ”اسلامک اسٹیٹ” گروپ کے جنگجوؤں نے اپنے گروپ سے وابستہ جہادیوں کو رہا کرانے کے مقصد سے کرد فورسز کے زیر انتظام جیل الحسکہ پر حملہ کیا تھا۔ برطانیہ میں قائم شامی مبصر گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ اس حملے کی وجہ سے، کئی قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ لیکن ایس ڈی ایف نے اپنے بیان میں قیدیوں کے فرار ہونے کا ذکر تک نہیں کیا۔ بعض غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ایس ڈی ایف کے زیر کنٹرول جیلوں میں بغاوت بھی ہوئی، جس میں بعض قیدی ہلاک ہو گئے۔

[pullquote]ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے ڈراز، پاکستان اور بھارت ایک گروپ میں[/pullquote]

ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ سن دو ہزار بائیس کے ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں تئیس اکتوبر کو گروپ میچ میں مدمقابل آئیں گی۔ اس عالمی کپ کے ڈراز کا اعلان جمعے کو کیا گیا، جس کے مطابق رواں سال اکتوبر اور نومبر میں منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین اولین مقابلہ ہو گا۔ پاکستان کی ٹیم گروپ ٹو میں آئی ہے، جس میں بھارت، جنوبی افریقہ اور سری لنکا جیسی مضبوط ٹیمیں بھی موجود ہیں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے