اتوار : 30 جنوری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیلی صدر متحدہ عرب امارت کے اولین دورے پر[/pullquote]

اسرائیل کے صدر آئزک ہیرزوگ دو روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔ ابوظہبی کے ہوائی اڈے پر اسرائیلی صدر اور ان کی اہلیہ کا یو اے ای کے وزیر خارجہ اور کراؤن پرنس شیخ عدباللہ بن زید النیہان نے استقبال کیا۔ صدر ہیرزوگ نے ابو ظہبی روانہ ہونے سے قبل صحافیوں کو بتایا کہ وہ امن، پیار اور سلامتی کا پیغام لے کر متحدہ عرب امارات جا رہے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ مستقبل میں خطے میں استحکام اور ترقی کو فروغ ملے گا۔ اسرائیلی صدر کا یہ تاریخی دورہ ایک ایسے وقت پر عمل میں آیا ہے، جب خطے میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ پر علاقائی سطح پر ایک تناؤ واضح ہے۔ ساتھ ہی عالمی طاقتیں ایران کی عالمی جوہری ڈیل کی بحالی کی کوشش میں ہیں، تاہم اسرائیل اس کے خلاف ہے۔

[pullquote]ماکروں اور رئیسی کی ایرانی جوہری مذاکرات پر بات چیت[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے اپنے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی سے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران ویانا میں جاری ایرانی جوہری مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔ ماکروں نے مذاکراتی عمل میں تیزی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی جوہری سرگرمیوں سے متعلق سفارتی حل ابھی بھی ممکن ہے لیکن اس کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تہران کی طرف سے تعمیری طرز عمل کا مظاہرہ کرنے اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ایرانی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق صدر ابراہیم رئیسی نے تہران پر عائد پابندیوں کے خاتمے اور اس کی ضمانتوں کی تصدیق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ایران پر امریکی پابندیوں کا دباؤ بے اثر رہا ہے۔‘ ویانا میں تقریباً دو ماہ قبل ایرانی جوہری مذاکرات دوبارہ شروع ہوئے تھے، تاہم ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچا جا سکا ہے۔

[pullquote]برطانیہ کی یورپ میں مزید فوجیں تعینات کرنے کی پیشکش[/pullquote]

برطانیہ یورپ میں بڑے پیمانے پر فوجی دستے، ہتھیار، بحری جنگی جہاز اور فائٹر جیٹس بھیجنے کو تیار ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ یوکرائن کی جانب بڑھتی روسی جارحیت کا جواب ہے۔ بیان کے مطابق یہ کریملن کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ عدم استحکام کی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور برطانیہ روسی جارحیت کے خلاف نیٹو کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ یہ پیشکش نیٹو کے رکن ممالک کے ملٹری چیفس کو آئندہ ہفتے کی جائے گی۔ اس طرح مشرقی یورپ میں موجود ایک ہزار ایک سو پچاس برطانوی فوجیوں کی تعداد دوگنا کردی جائے گی۔ اس کے علاوہ ایسٹونیا میں دفاعی ہتھیار بھی بھیجے جائیں گے۔

[pullquote]بحری مشقیں آئرش ساحل سے دور منتقل کی جائیں گی، روس[/pullquote]

روس نے کہا ہے کہ وہ اپنی بحری مشقوں کو آئرلینڈ کے ساحل سے دور منتقل کردے گا۔ ڈبلن میں روسی سفیر نے بیان میں کہا کہ ان بحری مشقوں کو آئرش اقتصادی زون سے باہر منتقل کیا جائے گا، تاکہ ماہی گیری کی سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ نہ پیش آئے۔ یہ مشقیں تین سے پانچ فروری سے آئرلینڈ کے جنوبی مغربی ساحل سے دو سو چالیس کلومیٹر دور بین الاقوامی پانیوں میں آئرش اکنامک زون کی حدود میں شروع ہونا ہیں۔ نیٹو اتحاد اور یورپی یونین کے ارکان ممالک نے روسی بحریہ کی مشقوں پر خدشہ ظاہر کیا تھا کہ روس یوکرائن پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ آئرلینڈ یورپی بلاک کا حصہ ہے تاہم نیٹو اتحاد کا رکن نہیں ہے۔

[pullquote]شمالی جرمنی میں طوفان کے سبب سیلاب کی وارننگ جاری[/pullquote]

جرمنی کے شمالی حصے کے ساحلی علاقوں میں آنے والے تیز ہواؤں کے طوفان کے نتیجے میں حکام نے سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔ تیز ہواؤں کے سبب شمالی جرمنی کے علاقوں میں معمول کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ ٹرین سروسز تاخیر کا شکار ہیں اور درخت گرنے کی وجہ سے کئی سڑکیں بھی بلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بندرگاہی شہر ہیمبرگ میں واقع دریائے ایلبے میں پانی کی سطح میں پانچ میٹر سے زائد اضافے کا بھی بتایا گیا ہے۔ اس وجہ سے ہیمبرگ شہر کی معروف فِش مارکیٹ میں پانی داخل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید طوفانی ہواؤں سے خبردار کیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارکنوں کو گزشتہ شب کے دوران تقریباﹰ ساڑھے چار سو ایمرجنسی کالز بھی موصول ہوئی ہیں۔

[pullquote]بیجنگ ونٹر اولمپکس سے قبل درجنوں کووڈ کیسز سامنے آگئے[/pullquote]

بیجنگ میں شروع ہونے والے سرمائی اولمپک مقابلوں سے قبل مزید چونتیس شرکا میں کووڈ انیس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ونٹر اولمپکس کی انتظامی کمیٹی نے بتایا ہے کہ ہفتے کے روز چین میں داخل ہونے والے تئیس افراد کورونا پازیٹو تھے۔ اِن میں تیرہ ایتھلیٹس یا پھر ان کے ٹیم ممبرز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گیارہ دیگر افراد میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جو پہلے سے اولمپکس کے بند نظام کا حصہ ہیں۔ ایک دن پہلے، کل 36 مثبت ٹیسٹ نوٹ کیے گئے تھے، اور 23 جنوری سے اب تک کورونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد 139 ہو گئی ہے۔ ادھر بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے ایتھلیٹس کمیشن کی خاتون چیئرپرسن ایما ٹیرہو نے بھی کورونا ٹیسٹ کے مثبت نتائج کے بعد خود کو بیجنگ میں آئسولیٹ کردیا ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کا اہم ترین میزائل تجربہ، رپورٹ[/pullquote]

شمالی کوریا نے پچھلے پانچ سالوں کے دوران پہلی مرتبہ سب سے بڑا میزائل تجربہ کیا ہے۔ اس کمیونسٹ ریاست کی طرف سے طویل فاصلے کے اس بیلسٹک میزائل کے تجربے پر عالمی سطح پر تنقید کی جا رہی ہے۔ جنوبی کوریا اور جاپانی فوج کے بیان کے مطابق یہ میزائل آج بروز اتوار دو ہزار کلومیٹر کی بلندی تک پرواز کرتے ہوئے آٹھ سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد سمندر میں گرا۔ اِن فلائٹ تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ پیونگ یانگ کا سن 2017 کے بعد طویل ترین فاصلہ طے کرنا والا بیلسٹک میزائل ہے۔ رواں ماہ کے دوران شمالی کوریا اقوام متحدہ اور امریکی پابندیوں کے باوجود ایسے سات ہتھیاروں کے تجربے کر چکا ہے۔

[pullquote]اٹلی کے صدر ماتاریلا دوبارہ منتخب ہوگئے[/pullquote]

اٹلی کے موجودہ سربراہ مملکت سرجیو ماتاریلا کو ایک مرتبہ پھر ملکی صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ اسی سالہ ماتاریلا ایک ہزار نو اطالوی قانون سازوں اور علاقائی نمائندوں میں سے سات سو انسٹھ کی حمایت کے ساتھ آئندہ سات سالوں کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ اٹلی کے وزیراعظم ماریو دراگی نے صدارتی انتخابی عمل کے دوران پیدا ہونے والے سیاسی بحران کو ختم کرنے کے سلسلے میں اسے اطالوی عوام کے لیے ایک زبردست خبر قرار دیا ہے۔ ووٹنگ کے آٹھویں مرحلے سے قبل ماتاریلا نے کہا تھا کہ مستقبل کے لیے ان کے کچھ اور ارادے ہیں، لیکن ضرورت پڑنے پر وہ دستیاب ہوں گے۔ صدر ماتاریلا آئندہ ہفتے بدھ یا جمعرات کو صدارتی عہدے کا دوبارہ حلف اٹھائیں گے۔

[pullquote]یمن تنازعے میں حوثیوں کے دو ہزار جنگجو بچے ہلاک ہو گئے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ماہرین کی ایک رپورٹ کے مطابق یمن میں حوثی باغیوں کی طرف سے بھرتی کیے گئے تقریباﹰ دو ہزار نوعمر بچوں کی لڑائی کے دوران ہلاکت ہو چکی ہے۔ یہ اموات جنوری سن 2020 سے مئی 2021ء کے دوران ہوئی تھیں۔ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں پیش کردہ رپورٹ کے مطابق حوثی باغی مساجد اور اسکولوں میں اپنے نظریات کا پرچار کرتے ہوئے ان نوجوان طالب علموں کو جنگ میں شمولیت کے لیے اکساتے تھے۔ حوثی باغی گزشتہ سات سالوں سے یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ سعودی عرب کی سربراہی میں عسکری اتحاد ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف مارچ سن دو ہزار پندرہ سے برسرپیکار ہے۔

[pullquote]اسرائیلی صدر ہیرزوگ دورہ امارات کے لیے روانہ[/pullquote]

اسرائیل کے صدر آئزک ہیرزوگ آج متحدہ عرب امارات کا دورہ کر رہے ہیں۔ صدارتی دفتر کے مطابق یہ ایسا پہلا موقع ہے کہ اسرائیلی صدر کسی خلیجی ملک کا دورہ کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس دورے کا مقصد باہمی تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مضبوط کرنا ہے۔ صدر ہیرزوگ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید کی دعوت پر اماراتی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ یہ دورہ اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس وقت عالمی طاقتیں خطے کی دوسری بڑی طاقت ایران کے ساتھ سن 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کے سلسلے میں مذاکرات کر رہی ہیں۔ سن 2020 میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات دوبارہ قائم کرنے بعد گزشتہ دسمبر میں اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینٹ نے بھی متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے