منگل : یکم فروری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]میانمار میں فوجی بغاوت، ايک سال بیت گیا[/pullquote]

میانمار میں جمہوری رہنما آنگ سان سوچی کی حکومت کے خلاف فوجی بغاوت کو ایک برس کا عرصہ مکمل ہو گیا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں فوجی جنتا کے خلاف خاموش احتجاج میں بازار بند رہے اور کاروبار زندگی معطل رہا۔ ٹھیک ایک برس قبل یکم فروری کو فوج نے سوچی کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر ليا تھا۔ نوبل امن انعام یافتہ سوچی اور ان کے سیاسی ساتھی تب سے گرفتار ہیں۔ سوچی اور معزول ملکی صدرکو متعدد متنازعہ مقدموں میں سزائیں بھی سنائی جا چکی ہیں۔ عالمی برداری کا مطالبہ ہے کہ فوجی جنتا سیاسی قیدیوں کو رہا کرے اور اقتدار سول حکومت کو سونپے۔

[pullquote]یوکرائن نے فوج بڑھانے کا فیصلہ کر لیا[/pullquote]

روس کے ساتھ تنازعے کے بیچ یوکرائنی صدر ولودومیر زیلنسکی نے ملکی فوج میں وسعت دینے کے ایک حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔ بتایا گیا ہے یہ سابق سوویت ریاست آئندہ تین برسوں کے دوران ایک لاکھ نئے فوجی بھرتی کرے گی۔ تاہم زیلسنکی نے واضح کیا ہے کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ روس کے ساتھ جنگ کا خطرہ ہے۔ انہوں نے اپنی حکومت اور عوام سے کہا ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ روس کے ساتھ بڑے پیمانے پر مسلح تنازعے کا اندیشہ نہیں ہے۔

[pullquote]میانمار پر تازہ امریکی پابندیاں، چیف جسٹس بھی نشانہ[/pullquote]

امریکا نے میانمار کی فوجی حکومت پر مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ يہ پابندياں فوجی بغاوت کا ایک برس مکمل ہونے پر عائد کی گئی ہیں اور انہيں ایک علامتی قدم قرار دیا جا رہا ہے کہ عالمی طاقتیں میانمار کے عوام کو نہیں بھولی ہیں۔ تازہ امریکی پابندیوں میں ملکی عدلیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں اٹارنی جنرل اور چیف جسٹس بھی شامل ہیں۔ دریں اثنا ایسی اطلاعات ہیں کہ موجودہ صورتحال میں پیدا ہونے والے سیاسی خلا کے باعث فوجی جنتا اور منظم پیشہ ور گروہوں کے مابین خونریز تصادم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

[pullquote]ہنگری کے وزیر اعظم کا متنازعہ دورہ روس[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن منگل کے دن ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اوربان نے یوکرائنی تنازعے پر دیگر یورپی یونین اور نیٹو رکن ممالک کے مقابلے میں قدرے نرم مؤقف اختیار کر رکھا ہے۔ کریملن نے بتایا کہ ماسکو میں ہونے والی اس ملاقات میں یوکرائن تنازعے پر گفتگو کے علاوہ باہمی تعلقات اور تجارتی امور پر بات چیت کی جائے گی۔ ہنگری کی اپوزیشن نے اوربان کے اس دورے کو ملکی مفادات کے خلاف قرار دے دیا ہے۔

[pullquote]بھارت اپنی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرائے گا[/pullquote]

بھارت نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی ڈیجیٹل کرنسی کا اجرا کرے گا۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رامن نے منگل کے دن ملکی بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں کرپٹو کرنسیوں پر ٹیکس کا نفاذ بھی ممکن بنایا جائے گا۔ نرملا کے بقول اپریل میں بھارتی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرائی جائے گی، جس سے ملک میں اس شعبے سے وابستہ معیشت کو جلا ملے گی۔ کووڈ انیس کی عالمی وبا سے پریشان بھارتی حکومت نے آئندہ مالی بجٹ میں صحت کے شعبے کے لیے 30.6 بلین ڈالر مختص کیے ہیں۔

[pullquote]مالی سے فرانسیسی سفیر کی بیدخلی، جرمنی کی مذمت[/pullquote]

فرانس نے کہا ہے کہ مالی کی طرف سے سفیر کو بیدخل کرنے پر وہ اس مغربی افریقی ملک میں تعینات اپنے فوجی مشن پر نظر ثانی کرے گا۔ وزارت خارجہ کے مطابق یورپی اتحادیوں سے مشاورت کے بعد وسط فروری تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ مالی میں فوج کی حمایت یافتہ حکومت نے گزشتہ روز فرانسیسی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ ادھر جرمنی نے مالی کے اس اقدام کو ناقابل جواز قرار دیتے ہوئے فرانس سے یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]قطر غیر نیٹو اتحادی ملک، امریکی صدر کا اعلان[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ وہ قطر کو مغربی دفاعی عسکری اتحاد نیٹو کا ایک اہم اتحادی نامزد کر رہے ہیں۔ غیر نیٹو اتحادی ہونا اگرچہ ایک رسمی اعزاز ہے تاہم یہ کسی بھی ملک کے لیے عزت کی بات تصور کی جاتی ہے۔ قطر نے افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلاء کے علاوہ غزہ میں حماس جنگجوؤں اور اسرائیل کے مابین جنگ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ علاوہ ازیں امریکا قدرتی گیس سے مالا مال اس ملک کے ساتھ تجارتی فائدے بھی دیکھ رہا ہے۔

[pullquote]ایکواڈور میں شدید بارش، گیارہ افراد ہلاک بتیس لاپتہ[/pullquote]

ایکواڈور کے دارالحکومت میں سیلابی ریلوں کی وجہ سے گیارہ افراد ہلاک جبکہ بتیس لاپتہ ہو گئے ہیں۔ گزشتہ دو دہائیوں کے بعد ہونے والی ریکارڈ شدید بارش کیٹو میں نہ صرف سیلاب کا باعث بنی بلکہ لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ ماہرین عالمی سطح پر شدید موسمی حالات کی وجہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو قرار دیتے ہیں۔

[pullquote]متحدہ عرب امارات نے یمنی باغیوں کا ایک اور حملہ ناکام بنا دیا[/pullquote]

متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ یمنی حوثی باغیوں کی طرف سے کیا گیا ایک اور میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ ایران نواز ان باغیوں نے یہ نیا حملہ ایک ایسے وقت پر کیا، جب اسرائیلی صدر آئزک ہیرزوگ متحدہ عرب امارات کا اپنا اولین دورہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران حوثی باغیوں نے امریکی اتحادی اس خلیجی ملک پر تیسری بار حملہ کیا ہے۔ باغیوں کا دعویٰ ہے کہ ابو ظہبی کی طرف راکٹ فائر کیے گئے جبکہ دبئی پر ڈرون حملے کیے گئے۔

[pullquote]ایرانی جوہری ڈیل، مذاکراتی عمل کی بحالی میں زیادہ تاخیر ممکن نہیں، امریکی سفارت کار[/pullquote]

ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کی بحالی کی خاطر امریکا نے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ محکمہ خارجہ کے ایک اعلیٰ اہلکار کے بقول اس حوالے سے زیادہ تاخیر نہیں کی جا سکتی کیونکہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو وسعت دیتا جا رہا ہے۔ جرمنی، فرانس اور برطانیہ سن دو ہزار پندرہ میں طے پانے والی عالمی جوہری ڈیل کو بچانے کی کوشش میں ہیں اور اس مقصد کی خاطر وہ روس اور چین کے ساتھ مل کر امریکا اور ایران کے مابین ثالث کا کردار بھی نبھا رہے ہیں۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سن دو ہزار اٹھارہ میں اس ڈیل سے یک طرفہ طور پر علحیدگی اختیار کر لی تھی۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ کا فلسطینی اتھارٹی کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے فلسطینی رہنما محمود عباس سے ٹیلی فون پر گفتگو میں فلسطینی اتھارٹی میں اصلاحات کی ضرورت پر زور ديا ہے۔ بلنکن کے مطابق یوں باہمی تعلقات میں بہتری ممکن ہو سکے گی۔ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی کوشش میں ہے اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے کیے گئے کئی ایسے اقدامات کو واپس لے لیا گيا ہے، جن سے فلسطینی اتھارٹی کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ تھا۔

[pullquote]یوکرائن پر سکیورٹی کونسل کا اجلاس بے نتیجہ[/pullquote]

امریکا نے یوکرائن کی سرحد پر روسی فوجیوں کی تعیناتی کو ‘بین الاقوامی امن’ کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دے دیا ہے۔ تاہم روس نے ان الزامات کو ایک مرتبہ پھر مسترد کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں یوکرائن بحران پر ہونے والے ایک اجلاس میں دونوں ممالک کے سفارت کاروں کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ اگرچہ اس اہم فورم پر دونوں ممالک کے مابین کشیدگی دیکھی گئی تاہم توقع ہے کہ یوکرائن کے معاملے پر سفارت کاری کا سلسلہ جاری رہے گا۔

[pullquote]طالبان نے اقوام متحدہ کی تنقیدی رپورٹ مسترد کر دی[/pullquote]

افغان طالبان نے اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس جنگجو گروہ نے ملک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سابقہ حکومت سے منسلک سو سے زائد سکیورٹی اور سول اہلکاروں کو ہلاک کیا ہے۔ طالبان نے اس رپورٹ کو نادرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہلاکتیں دراصل ذاتی دشمنیوں کی وجہ سے ہوئیں، جن کی تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیاسی قتل کی واردتوں میں اضافے کے ساتھ خواتین کے حقوق سلب کیے گئے جبکہ احتجاج پر بھی پابندی لگا دی گئی۔

[pullquote]بھارت میں کورونا سے نمٹنے کی نئی کوشش[/pullquote]

بھارت میں کووڈ انیس کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے تناظر میں ملک بھر میں عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والوں پر جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ سڑکوں پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے، جو کورونا ضوابط پر عمل درآمد کرا رہی ہے۔ دارالحکومت نئی دہلی کے علاوہ کئی شہروں میں سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری بھرتی کی گئی ہے، تاکہ شہریوں کی نگرانی کی جا سکے۔ بھارت میں یومیہ نئے کووڈ کیسوں کی اوسط تعداد ڈھائی لاکھ کے قریب ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے