پیر : 07 فروری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایرانی جوہری مذاکرات کا نیا دور کل منگل سے، یورپی یونین[/pullquote]

ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے مذاکرات کا اگلا دور کل منگل آٹھ فروری سے ویانا میں شروع ہو گا۔ یہ اعلان یورپی یونین کی جانب سے آج پیر کے روز کیا گیا۔ یورپی یونین ان مذاکرات کی قیادت کر رہی ہے۔ اس مکالمت کا آخری دور اٹھائیس جنوری کو ختم ہوا تھا، جس کے بعد مذاکراتی نمائندے مشاورت کے لیے اپنے اپنے ممالک چلے گئے تھے۔ یہ مذاکرات اس وقت اپنے آخری مرحلے میں ہیں۔

[pullquote]فرانسیسی صدر ماکروں روس کے دورے پر[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں آج پیر کے روز ماسکو پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ یوکرائن کے معاملے میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔ اپنی روانگی سے قبل ماکروں نے ایک اخباری انٹرویو میں کہا تھا کہ صدر پوٹن کے ساتھ کشیدگی میں کمی کی بات کی جائے گی کیونکہ ان کا ہدف یوکرائن نہیں بلکہ روس کے یورپی یونین اور نیٹو کے ساتھ نئے سکیورٹی معاہدے ہیں۔ دریں اثناء کریملن نے کہا ہے کہ پوٹن اور ماکروں کی ملاقات کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے مگر اس میں کسی بڑی پیش رفت کی کوئی توقع نہیں۔

[pullquote]جرمن وزیر خارجہ کا یوکرائن کا دورہ[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک آج پیر کے روز یوکرائن کا دورہ کر رہی ہیں۔ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ان کا بحران زدہ یوکرائن کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ جرمنی یوکرائن اور روس کے مابین کشیدگی اور تنازعے کے حل کے لیے ثالث کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ اس دورے پر یوکرائن ایسے وقت پر پہنچ رہی ہیں، جب نئے جرمن چانسلر اولاف شولس امریکا کے اپنے پہلے دورے پر واشنگٹن پہنچے ہیں۔ یوکرائن سمیت چند اہم امور پر امریکا اور جرمنی کے مابین گزشتہ کچھ عرصے سے اختلافات دیکھنے میں آئے ہیں تاہم جرمن چانسلر ایک طرف برلن اور واشنگٹن کے تعلقات میں بہتری اور ٹرانس اٹلانٹک تعلقات کے فروغ کی کوشش میں ہیں تو دوسری جانب روس اور مغرب کے مابین تعلقات میں کشیدگی کم کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

[pullquote]افغانستان سے پاکستانی سرحدی علاقے میں چوکی پر فائرنگ، پانچ فوجی ہلاک[/pullquote]

پاکستانی صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں افغان سرزمین سے کی گئی فائرنگ میں پانچ پاکستانی فوجی ہلاک ہو گئے۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کرم میں سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ فوجی ہلاک ہو گئے۔ اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان ٹی ٹی پی نے قبول کر لی ہے۔ ٹی ٹی پی نے دعویٰ کیا تھا کہ اس حملے میں چھ پاکستانی فوجی مارے گئے۔ پاکستانی فوج کے مطابق اس کی طرف سے جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو بھی بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ پاکستانی حکومت اور ٹی ٹی پی کے مابین نومبر میں ایک جنگ بندی معاہدہ ہوا تھا، جو چند ہی روز بعد ناکام ہو گیا تھا۔

[pullquote]آسٹریلیا کا سیاحوں کے لیے اپنی سرحدیں دوبارہ کھولنے کا اعلان[/pullquote]

آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں ملکی سرحدیں دوبارہ کھول دی جائیں گی اور اپنی ویکسینیشن کروا چکنے والے سیاحوں کو آسٹریلیا میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ ملکی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے کینبرا میں کہا کہ وہ آسٹریلیا میں تعطیلات کے لیے آنے والے ایسے تمام غیر ملکیوں کا خیر مقدم کریں گے، جو کورونا وائرس کے خلاف دونوں ٹیکے لگوا چکے ہوں۔ آسٹریلیا نے مارچ 2020ء میں کووڈ انیس کی وبا کے پیش نظر غیر ملکیوں کے لیے اپنی سرحدیں بند کر دی تھیں۔ بیرونی ممالک میں آباد آسٹریلوی باشندوں کو بھی بالعموم وطن لوٹنے کی اجازت نہیں تھی۔ اسکاٹ موریسن کی حکومت طویل عرصے سے ’زیرو کورونا‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے تاہم کورونا ویریئنٹ اومیکرون کے غیر معمولی پھیلاؤ کے سبب اسے اپنی پالیسی تبدیل کرنا پڑی۔

[pullquote]تکبر کیتھولک چرچ کے لیے سب سے بڑا خطرہ، پاپائے روم کا غیر معمولی بیان[/pullquote]

کیتھولک مسیحییوں کے روحانی پیشوا پاپائے روم نے کہا ہے کہ تکبر اور سخت رویہ کیتھولک چرچ کے لیے سب سے بڑے خطرات ہیں۔ پوپ نے یہ بات ایک اطالوی ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ 85 سالہ پاپائے روم نے پادریوں اور چرچ کے دیگر عہدیداروں یا مذہبی شخصیات کو عام انسانوں سے بلند سمجھنے اور ان کی بہت زیادہ قدر کرنے کے رویے کے خلاف خبردار بھی کیا۔ پوپ فرانسس نے اس رویے کو چرچ میں بگاڑ پیدا کرنے کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے رویوں میں سختی پیدا ہو رہی ہے۔

[pullquote]چینی صدر کی پاکستان اور پولینڈ کے رہنماؤں سے ملاقاتیں[/pullquote]

چینی صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں سرمائی اولمپک مقابلوں کے دوران پاکستان اور پولینڈ کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کی۔ چینی صدر نے پولش ہم منصب ڈُوڈا کو بتایا کہ چین پولینڈ کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری کی کوشش میں ہے۔ پولینڈ یورپی یونین کا رکن وہ واحد ملک ہے، جس کے صدر امریکی قیادت میں متعدد ممالک کی طرف سے اولمپک مقابلوں کے سفارتی بائیکاٹ کے باوجود بیجنگ گئے۔ چینی اور پولش صدور کی ملاقات ایک ایسے وقت پر ہوئی، جب یوکرائن پر ممکنہ روسی فوجی حملے کا خطرہ موجود ہے۔ نیٹو کے رکن ملک پولینڈ کی سرحد یوکرائن سے بھی ملتی ہے۔ چينی صدر شی جن پنگ نے اتوار کے روز بيجنگ ميں پاکستانی وزير اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات ميں صدر شی نے عمران خان کو سی پيک منصوبے ميں مزيد تعاون اور سرمايہ کاری کی يقين دہانی کرائی۔

[pullquote]ایرانی جوہری معاہدے کی بحالی ممکن ہے، خصوصی امریکی مندوب[/pullquote]

ایران کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب رابرٹ میلے نے کہا ہے کہ وہ تہران کے ساتھ جوہری معاہدے کی بحالی کی امید کے ساتھ مزید مذاکرات کے لیے جلد ہی ویانا لوٹیں گے۔ میلے کے مطابق انہیں امید ہے کہ 2015ء کے جوہری معاہدے کو مذاکرات کے ذریعے بحال کیا جا سکتا ہے۔ صدر بائیڈن کی قیادت میں امریکی انتظامیہ ایران کے ساتھ اس معاہدے کی بحالی چاہتی ہے، جس کے تحت تہران کی جوہری سرگرمیاں محدود کیے جانے کے بدلے ایران پر عائد پابندیاں اُٹھا لی گئی تھیں۔ تاہم سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018ء میں یک طرفہ طور پر واشنگٹن کے اس معاہدے سے اخراج کا اعلان کر دیا تھا۔ رابرٹ میلے نے اتوار کی رات ایک امریکی ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ صدر بائیڈن چاہتے ہیں کہ ویانا میں تہران حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رہیں۔

[pullquote]کینیڈا میں کورونا پالیسی کے خلاف ٹرک ڈرائیوروں کا مظاہرہ، اوٹاوا میں ہنگامی حالت کا اعلان[/pullquote]

کینیڈا میں کورونا کی وبا کے خلاف اقدامات کے مخالفین کا احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ دارالحکومت اوٹاوا کے میئر جم واٹسن نے اس صورت حال کو مقامی باشندوں کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔ اوٹاوا کے وسط میں ٹرک ڈرائیوروں کی طرف سے متعدد سڑکوں کو سینکڑوں ٹرکوں کے ذریعے بلاک کر دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ کینیڈا بھر میں جنوری سے ٹرک ڈرائیوروں کے لیے کورونا ویکسینیشن لازمی قرار دیے جانے کے خلاف عام شہریوں اور ٹرک ڈرائیوروں کے مظاہرے جاری ہیں۔ یہ مظاہرے اب وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی حکومت کی کورونا پالیسی کے خلاف احتجاج کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔

[pullquote]یوکرائن کے بحران میں امریکا کے ساتھ ہیں، جرمن چانسلر شولس[/pullquote]

جرمن چانسلر اولاف شولس نے امریکا کے اپنے اولین سرکاری دورے سے قبل ہی ایک بیان میں روس کو سخت الفاظ میں متنبہ کیا ہے کہ اگر ماسکو نے یوکرائن میں کوئی فوجی مداخلت کی، تو اسے اس کی بھاری قیمت ادا کرنا ہو گی۔ جرمن چانسلر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوکرائن کے تنازعے میں روس کو دیا جانے والا پیغام بہت واضح ہے۔ اولاف شولس کے امریکا کے اس دورے کا مقصد بحر اوقیانوس کے آر پار پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران جرمنی اور امریکا کے مابین کچھ اختلافات بھی واضح طور پر سامنے آئے تھے، جن میں روس کے خلاف ممکنہ پابندیوں کا معاملہ بھی شامل ہے۔

[pullquote]اسرائیلی وزیر اعظم اور امریکی صدر کے مابین اہم امور پر تبادلہ خیال[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن اور اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے شام، ایران اور دیگر اہم علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ بات چیت ٹیلی فون پر اتوار کے روز ہوئی، جس میں اسرائیلی وزیر اعظم نے ’ٹھوس حمایت‘ اور آئرن ڈوم کے لیے امریکی تعاون پر صدر بائیڈن کا شکریہ ادا کیا۔ بائیڈن نے بینیٹ کو بتایا کہ وہ اس سال کے اواخر میں اسرائیل کا دور ہ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے شام میں امریکی فوجی کارروائی میں داعش کے رہنما ابو ابراہیم الہاشمی القریشی کی ہلاکت پر بھی گفتگو کی۔ بیان کے مطابق صدر بائیڈن نے کہا کہ آئرن ڈوم سسٹم کو دوبارہ تیار کرنے میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔ آئرن ڈوم ڈیفنس سسٹم تھوڑے فاصلے تک مار کرنے والے راکٹوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے