بدھ : 16 فروری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یوکرائن کا بحران: نیٹو کے وزارئے دفاع کا اجلاس[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے وزرائے دفاع نے برسلز میں ایک اجلاس میں شرکت کی جس میں یوکرائن کی سرحد پر روسی فوجیوں کی تعیناتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دو روزہ اجلاس میں روس کو جارحیت سے باز رکھنے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اشٹولٹن برگ پہلے ہی محتاط امید کا اظہار کر چُکے ہیں کہ یوکرائن کے تنازعے کو ابھی سفارتی ذرائع سے حل کیا جا سکتا ہے۔ اس اجلاس میں جنوب مشرقی اتحادی ریاستوں رومانیہ اور بلغاریہ میں فوجی موجودگی کا فیصلہ کر لیا جائے گا۔

[pullquote]برازیل میں شدید بارشیں، مٹی کے تودے گرنے سے متعدد ہلاکتیں[/pullquote]

برازیل میں شدید بارشوں کے سبب ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ تیز بارش کے نتیجے میں سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ریو ڈی جینیرو کا پہاڑی علاقہ ہوا جہاں مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں متعدد ہلاکتیں ہوئیں۔ ریو ڈی جینیرو سے شمال کی طرف واقع شہر پیٹروپولیس سے موصول ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں تباہ شدہ مکانات، ڈوبی ہوئی کاریں اور دکانیں دکھائی دے رہی ہیں۔ برازیل کے صدر، جو روس کے سرکاری دورے پر ہیں، نے اپنے وزراء سے متاثرین کی فوری امداد کے لیے کہا ہے۔ حال ہی میں برازیل کی جنوب مشرقی پڑوسی جزیرہ ریاست میناس گیریس میں آنے والے طوفان میں کم از کم گیازہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

[pullquote]’’آپ ہمارے دشمن نہیں ہیں‘‘، جوبائیڈن کا روسی عوام کو پیغام[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن کے مطابق یوکرائن پر روسی حملے کے اب بھی ’قوی امکانات ‘ پائے جاتے ہیں۔ امریکا اب تک اس امر کی تصدیق نہیں کر پایا ہے کہ آیا ماسکو یوکرائنی سرحد سے اپنی فوجی یونٹس ہٹا رہا ہے۔ اس امر کا اعلان اگرچہ کریملن کی طرف سے کیا جا چُکا ہے۔ ایک ٹیلی وژن خطاب میں جو بائیڈن نے از سر نوامریکی موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ روس کی طرف سے یوکرائن پر حملے کی صورت میں ماسکو کے خلاف سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ ساتھ ہی امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ یوکرائن اور امریکا روس کے لیے خطرہ نہیں ہیں۔ جوبائیڈن نے روسی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہ امریکا ان کا دشمن نہیں ہے۔

[pullquote]ہنڈوراس کے سابق صدر گرفتار[/pullquote]

اپنے عہدے کی مدت ختم ہونے کے چند ہفتے بعد ہونڈوراس کے سابق صدر اورلانڈو ہرنانڈیز کو امریکا کی جانب سے حوالگی کی درخواست کے بعد گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ٹیلی ویژن کی تصاویر میں قدامت پسند سیاست دان کو دارالحکومت تیگوسی گالپا میں اپنے گھر کے سامنے جمع ہونے والی سیکورٹی فورسز کا سامنا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ 53 سالہ اورلانڈو ہرنانڈیز پر بدعنوانی اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ سابق صدر کے بھائی جان انتونیو ہرنانڈیز کو گزشتہ برس مارچ میں نیویارک میں ایک عدالت کی جانب سے بڑے پیمانے پر کوکین کی امریکا اسمگلنگ کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

[pullquote]اٹلی میں ’ موت کو آسان بنانے‘ کے معاملے پر ریفرنڈم مسترد[/pullquote]

اٹلی کی آئینی عدالت نے موت کو آسان بنانے کے معاملے پر ریفرنڈم کے اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔ ججںوں نے اس فیصلے میں اطالوی آئین کا حوالہ دیا۔ عدالت کے اس فیصلے کے بعد اطالوی باشندوں کو موت کو سہل بنانے کے بارے میں ووٹنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔ عدالتی بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ معاشرے کے کمزور ترین افراد کا بھی خاص خیال رکھا جانا چاہیے۔ گذشتہ سال اٹلی میں ایک اینی شی ایٹییو کے تحت ’’ کلنگ آن ڈیمانڈ‘‘ یا درخواست پر موت کے بارے میں عوامی ریفرنڈم کروانے کے لیے قریب 1,2 ملین ووٹ اکھٹے کیے گئے تھے تاہم ’’کلنگ آن ڈیمانڈ‘‘ پر اٹلی میں اب بھی پابندی عائد ہے۔

[pullquote]ایتھوپیا میں ہنگامی حالت کا خاتمہ[/pullquote]

تین ماہ سے زائد عرصے کے بعد، ایتھوپیا کی پارلیمنٹ نے ہنگامی حالت کو جلد ختم کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ ملک بھر میں ہنگامی حالت گذشتہ نومبر میں چھ ماہ کے لیے نافذ کی گئی تھی۔ اُس وقت تیگرائی ​​پیپلز لبریشن فرنٹ (TPLF) کے باغیوں نے دارالحکومت ادیس ابابا کی طرف پیش قدمی کی دھمکی دی تھی۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے ہنگامی حالت پر کڑی تنقید کی تھی۔ ایمرجنسی یا ہنگامی حالت کے تحت دیگر چیزوں کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر گرفتاریاں بھی ممکن ہو گئی تھیں ۔ مرکزی حکومت اور ٹی پی ایل ایف کے درمیان تنازعہ 2020 ء میں شدت اختیار کر گیا تھا۔ اُس کے بعد سے اقوام متحدہ کے مطابق کئی ہزار افراد مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]برطانوی شہزادہ اینڈریو جنسی زیادتی کے مقدمے سے بچ گئے[/pullquote]

برطانیہ کے شہزادہ اینڈریو، جنہیں جنسی زیادتی کے الزامات کے تحت دیوانی مقدمے کا سامنا تھا، نیو یارک کی ایک ڈسٹرکٹ عدالت سے باہر ایک تصفیے پر پہنچ گئے ہیں۔ ایک امریکی خاتون ورجینیا جیفری کے وکیل کی مجاز وفاقی عدالت کو لکھے گئے ایک خط میں ’’ بنیادی تصفیے‘‘ کا اعلان کیا گیا ہے تاہم اس امر کا انکشاف نہیں کیا گیا کہ شہزادہ اینڈریو مدعی ورجینیا جیفری کو کتنی رقم بطور ہرجانہ ادا کریں گے۔ جیفری 2022 ء سے آسٹریلیا میں رہ رہی ہیں۔ اس وقت ان کی عمر 38 سال ہے۔ انہوں نے ملکہ الزبتھ دوم کے دوسرے بڑے بیٹے پر الزام عائد کیا تھا کہ جب وہ نابالغ تھیں تب پرنس اینڈریو نے انہیں متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ پرنس اینڈریو ان مجرمانہ سرگرمیوں می ملوث ہونے کی تردید کرتے آئے ہیں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے