اتوار : 06 مارچ 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روس پر مغربی پابندیاں اعلان جنگ کے مترادف ہیں، پوٹن[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے خبردار کیا ہے کہ روس پر مغربی پابندیاں اعلان جنگ کے مترادف ہیں۔ روسی صدر کا کہنا ہے کہ یوکرین پر نو فلائی زون مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کو نیٹو کا اس جنگ میں شریک ہونے کے طور پر دیکھا جائے گا۔ گیارہ روز قبل روس کے یوکرین پر حملے کرنے کے بعد سے مغربی ممالک نے روس پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ ان پابندیوں نے روسی کرنسی روبل کی قدر گرا دی ہے اور روسی مرکزی بینک کو شرح سود کو دگنا کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ پوٹن نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ اپنی فوجی کارروائی کے تمام اہداف کو پورا کر لیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا روس میں مارشل لا لگانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

[pullquote]یوکرین جنگ: دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کا سب سے بڑا مہاجرین بحران[/pullquote]

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ روس کے حملے کے بعد یوکرین چھوڑنے ہونے والے افراد کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جو دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کا سب سے تیزی سے بڑھتا ہوا مہاجرین کا بحران ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق توقع ہے کہ یہ لہر مزید شدت اختیار کرے گی کیونکہ روسی فوج نے دارالحکومت کییف میں جنگی کارروائیوں کو بڑھا دیا ہے۔ پولینڈ کے مطابق 24 فروری کو روس کے حملے کے بعد سے نو لاکھ سے زائد افراد یوکرین سے پولینڈ داخل ہو چکے ہیں۔ جرمنی، ہنگری، مالدووا، رومانیہ اور سلواکیہ میں بھی یوکرائنی مہاجرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

[pullquote]اسرائیلی وزیراعظم کی جرمن چانسلر سے ملاقات[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے برلن میں جرمن چانسلر اولاف شولز سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے ان کی روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بارے میں جرمن چانسلر کو آگاہ کیا گیا ہے۔ جرمن حکومت کے مطابق بینیٹ اور شولز دونوں کا مقصد یوکرین میں جاری جنگ کا فوری خاتمہ ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم پوٹن کے ساتھ بات چیت کے فوری بعد برلن پہنچے تھے اور وہ اب یوکرینی صدر سے بات چیت کریں گے۔

[pullquote]چین، کوئلے کی کان میں پھنسے تمام 14 مزدور ہلاک[/pullquote]

چین میں ایک کوئلے کی کان میں پھنسے تمام 14 مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔ اتوار کی دوپہر لاشوں کو کان سے نکالنے کے بعد ریسکیو آپریشن ختم کر دیا گیا ہے۔ یہ کان کن دس روز قبل چین کے گوئزہو صوبے میں کوئلے کی کان کے ایک حصے کی چھت گر جانے سے وہاں پھنس گئے تھے۔ مقامی حکام نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ چینی کوئلے کی کانوں کو دنیا کی انتہائی خطرناک کانیں تصور کیا جاتا ہے۔ یہاں گیس کے لیک ہو جانے اور دھماکوں کے باعث کئی حادثات پیش آتے ہیں۔

[pullquote]یوکرین پر نو فلائی زون قائم کیا جائے، زیلنسکی[/pullquote]

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے امریکی قانون سازوں پر زور دیا ہے کہ وہ ان کے ملک پر نو فلائی زون کی حمایت کریں یا یوکرین کو مزید طیارے فراہم کریں۔ زیلنسکی نے طیاروں، ڈرونز اور طیارہ شکن میزائلوں سمیت مزید فوجی امداد کی درخواست کی۔ دوسری جانب نیٹو نے زیلنسکی کی اپنے ملک پر نو فلائی زون نافذ کرنے کی اپیل کی مزاحمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے تنازعہ بڑھے گا۔ لیکن امریکی کانگریس یوکرین کو ہنگامی فوجی اور انسانی امداد کی مد میں دس ارب ڈالر فراہم کرنے پر متفق ہے۔ زیلنسکی نے روس کے خلاف پابندیاں عائد کرنے پر امریکیوں کا شکریہ ادا کیا لیکن کہا کہ ماسکو کی تیل کی برآمدات پر پابندی عائد کی جائے۔ زیلنسکی نے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ روسی فوجیں یوکرین کے بندرگاہی شہر اوڈیسا پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔

[pullquote]روس کو یوکرین کی طاقت ور مزاحمت کا سامنا ہے، برطانوی ملڑی انٹیلی جنس[/pullquote]

برطانوی ملٹری انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ روسی افواج یوکرین میں زیادہ آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ لیکن یوکرین کی جانب سے طاقت ور مزاحمت روس کی پیش قدمی کو سست کر رہی ہے۔ برطانوی ملٹری انٹیلی جنس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین مزاحمت کی وسعت اور قوت روس کو مسلسل حیران کر رہی ہے۔ اور روس جواباﹰ خارکیف اور ماریوپول میں زیادہ آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ برطانوی فوجی انٹیلی جنس کی جانب سے کہا گیا کہ روس نے انیس سو ننانوے میں چیچنیا میں اور سن دو ہزار سولہ میں شام میں یہی طریقہء کار اپنایا تھا۔ تاہم روس بار ہا کہہ چکا ہے کہ وہ عام شہریوں کو نشانہ نہیں بنا رہا۔

[pullquote]روس اور یوکرین کے مابین امن مذاکرات کا تیسرا دور[/pullquote]

یوکرینی اور روسی حکام پیر کو امن کے قیام کے مقصد سے مذاکرات کے ایک اور دور کے لیے ملاقات کریں گے۔ جمعرات کو دونوں فریقوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راہداری کھولنے پر اتفاق کیا تا کہ شہریوں کو کچھ جنگی علاقوں سے نکلنے کی اجازت دی جا سکے۔ تاہم ماریوپول اور وولونواخا سے شہریوں کے انخلاء کا منصوبہ کامیاب نہ ہو سکا۔ دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا الزام لگایا۔ یوکرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ امن مذاکرات کے پہلے دو دور سے مثبت نتائج سامنے نہیں آئے لیکن وہ مذاکرات کو جاری رکھے گا۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ صدر زیلنسکی کی نیٹو سے مدد کی درخواستیں مذاکرات میں مدد نہیں کر رہی ہیں لیکن لاوروف کا کہنا تھا کہ ماسکو تیسرے دور کے لیے تیار ہے۔

[pullquote]امریکی ریاست آئیووا میں طوفان، چھ افراد ہلاک[/pullquote]

ہفتے کو امریکہ کی وسطی ریاست آئیووا میں ایک زور دار طوفان کے باعث چھ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ کئی عمارتوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق تیز ہواؤں سے کئی درخت اور بجلی کی تاریں گر گئیں۔ طوفان کے باعث چھ افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ آئیووا کے گورنر کم رینالڈز نے طوفان کی تباہ کاری کے پیش نظر ریاست میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی پولیس نے ایک فلسطینی حملہ آور کو ہلاک کر دیا[/pullquote]

اسرائیلی پولیس نے ایک فلسطینی حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کو اس حملہ آور نے یروشلم کے پرانے حصے میں ایک پولیس افسر پر چاقو سے حملہ کر دیا تھا۔ اسرائیلی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور نے یروشلم کے قدیم حصے میں ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی طرف بڑھ کر ان میں سے ایک پر حملہ کر دیا تھا۔ دیگر اہلکاروں نے اس حملہ آور پر فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا۔ انیس سالہ حملہ آور مشرقی یروشلم کا رہائشی تھا۔ گزشتہ کچھ برسوں میں فلسطینیوں کی جانب سے کئی اسرائیلی شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ فلسطین اور انسانی حقوق کی تنظیمیں الزام عائد کرتی ہیں کہ اسرائیل ان حملوں میں ملوث افراد پر ضرورت سے زیادہ طاقت کا استعمال کرتا ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے