جمعرات : 10 مارچ 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یوکرین جنگ میں پانچ سو سے زائد شہری ہلاک ، دو ملین ملک بدر[/pullquote]

یوکرین پر روسی حملے کے نتیجے میں دو لاکھ سے زائد شہری ملک سے فرار ہونے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ متعدد یورپی ممالک میں پناہ حاصل کرنے والے ان مہاجرین کی طرف سے فراہم کی جانے والی معلومات کی بنیاد پر روسی فوج پر جنگی جرائم کا مرتکب ہونے کا کیس بنایا جا سکتا ہے۔ شاہدین کے مطابق روسی افواج شہریوں پر براہ راست فائرنگ کر رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق دو ہفتے میں پانچ سو سے زائد شہری مارے جا چکے ہیں۔ ادھر کییف نے ماریوپول سے شہریوں کے انخلا کے لیے محفوظ راہداری بنانے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔

[pullquote]روس سیز فائر نہیں چاہتا، یوکرینی وزیر خارجہ[/pullquote]

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ترکی میں اپنے یوکرینی ہم منصب سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ یوکرین کے حوالے سے مغرب کا رویہ خطرناک ہے، جس کے نتائج طویل عرصے تک دیکھے جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس تنازعے کے حل کی خاطر کییف حکومت سے مذاکرات جاری رکھیں گے تاہم یوکرینی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ روس کے رویے میں کوئی لچک پیدا نہیں ہوئی ہے اور وہ یوکرینی فوج سے سرنڈر چاہتا ہے، جو کبھی بھی نہیں کیا جائے گا۔

[pullquote]کییف کے دفاع کے لیے یوکرینی فوج کا مبینہ جوابی حملہ[/pullquote]

یوکرین کی جنگ تیسرے ہفتے میں داخل ہو گئی ہے لیکن روس ابھی تک اپنے مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ یوکرینی وزارت دفاع کے مطابق روسی فوج کی پیش قدمی سست ہو چکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یوکرینی فوج نے دارالحکومت کییف کے دفاع کے لیے روسی فوج پر جوابی حملہ کیا ہے۔ روسی فوج کی طرف سے کییف پر حملے اور اسے ناکام بنانے کے دعوؤں کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ عالمی طاقتیں روسی جارحیت پر اس کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]ہسپتال پر روسی حملہ جنگی جرم ہے، یوکرینی صدر[/pullquote]

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے بچوں کے ایک ہسپتال پر مبینہ روسی حملے کو جنگی جرم قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ روس کی طرف سے یوکرین میں جاری اس ’نسل کشیُ کو روکنے کی خاطر اس پر مزید پابندیاں عائد کی جائیں۔ ماریوپول شہر میں گزشتہ روز بمباری کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں مقامی حکام نے بتایا کہ ایک ہسپتال کا میٹرنٹی وارڈ تباہ ہو گیا۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق یوکرین میں روس کی فوجی کارروائیوں کی وجہ سے کم ازکم اٹھارہ طبی مراکز متاثر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]جرمنی: پہلی بار یومیہ کووڈ انیس کیسز کا ڈھائی لاکھ سے تجاوز[/pullquote]

جرمنی میں پہلی بار ایک دن کے اندر اندر کووڈ انیس کا شکار ہونے والوں کی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ جرمن دارالحکومت برلن میں قائم متعدی امراض کے تحقیقی ادارے رابرٹ کاخ انسٹیٹیوٹ نے جمعرات کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو لاکھ باسٹھ ہزار سات سو باون افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے۔ اس تصدیق شدہ تعداد کی بنا پر کہا جا رہا ہے کہ یہ تعداد ایک ہفتہ پہلے ریکارڈ کی گئی تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں کے دوران کووڈ انیس کیسز کی تعداد میں مزید اضافے کے قوی امکانات پائے جاتے ہیں کیونکہ جرمنی میں پچھلے دنوں بہت سے کورونا ٹیسٹ سینٹرز میں ٹیسٹ کی سہولیات بہت محدود تھیں۔

[pullquote]تین برس بعد نومبر میں عرب لیگ سمٹ کا انعقاد[/pullquote]

عرب لیگ کی آئندہ سالانہ کانفرنس نومبر میں الجزائر میں منعقد ہوگی۔ گزشتہ تین برسوں بعد مسلم ممالک کی اس نمائندہ تنظیم کی یہ پہلی کانفرنس ہوگی۔ بدھ کوقاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے بعد بتایا گیا ہے کہ اس دو روزہ کانفرنس میں علاقائی مسائل پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس میٹنگ میں یوکرین میں روسی حملے اور عرب ممالک پراس کے ممکنہ اثرات کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ اعلامیے کے مطابق البتہ یوکرین جنگ کی وجہ سے اُن علاقائی بحرانوں کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے، جوابھی تک حل طلب ہیں۔

[pullquote]صومالیہ کو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ فنڈز کی کمی کے نتیجے میں صومالیہ کا تباہ کن قحط شدید بحرانی صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔ عالمی ادارے نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ کے ساتھ دیگر عالمی بحرانوں میں صومالیہ کو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے اور اس افریقی ملک کی مدد کے لیے امدادی رقوم دستیاب ہونی چاہییں۔ صومالیہ میں صرف پانی کی تلاش میں ہی قریب پونے سات لاکھ افراد مہاجرت پر مجبور ہو چکے ہیں۔ جنگ سے تباہ حال قرن افریقہ کا یہ ملک ماحولیاتی تبدیلیوں سے بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

[pullquote]بچوں کے ہسپتال پر حملہ ’فیک نیوز‘ ہے، روس کا دعویٰ[/pullquote]

روس نے یوکرین میں ایک چلڈرن ہسپتال پر روسی حملے کے الزامات کو ‘فیک نیوز‘ قرار دے دیا ہے۔ جمعرات کے دن روسی حکام نے ان الزامات کے جواب میں کہا کہ ماریوپول میں واقع سابقہ میٹرنٹی ہسپتال کی یہ عمارت ایک طویل عرصے سے فوجیوں کے زیراستعمال تھی۔ اقوام متحدہ کے پہلے مستقل روسی نمائندے دیمتری پولیانسکائی نے کہا کہ اس طرح جھوٹی خبریں جنم لیتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس نے 7 مارچ کو ہی خبر دار کر دیا تھا کہ یہ ہسپتال ایک عسکری مقام بن چُکا ہے اور یہاں سے یوکرینی فائرنگ کر رہے ہیں۔ روس کا کہنا ہے کہ یوکرین میں اس کا ’خصوصی آپریشن‘ طے شدہ نظام الاوقات کے مطابق چل رہا ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریائی صدارتی الیکشن کا جاپان کی طرف سے محتاط خیر مقدم[/pullquote]

جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیڈا نے جنوبی کوریائی سیاستدان یون سوک یئول کی صدارتی انتخابات میں کامیابی پر محتاط انداز میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا خیر مقدم کیا ہے۔ جاپان کے ماہرین و حکومتی اہلکاروں کی طرف سے توقع کی جا رہی ہے کہ قدامت پسند یون کی حکومت ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی تعلقات میں بہتری کا باعث بنے گی۔ سبک دوش ہونے والے جنوبی کوریائی صدر مون جے ان کے اقتدار میں سیئول اور ٹوکیو کے باہمی و سفارتی تعلقات انتہائی خراب ہو گئے تھے۔ کشیڈا نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی اشد ضرورت ہے۔ _

[pullquote]امریکہ مضبوط جوہری ڈیل نہیں چاہتا، ایرانی اہلکار[/pullquote]

ایران کا کہنا ہے کہ امریکہ کی طرف سے جوہری ڈیل کو جلدی میں طے کرنے کی کوشش دراصل اشارہ ہے کہ وہ ایک جامع اور مضبوط ڈیل کے حق میں ہی نہیں ہے۔ ایران کی سکیورٹی کے ایک اعلیٰ اہلکار علی شام خانی نے مزید کہا کہ ایرانی جوہری مذاکرات ہر گزرتے لمحے کے ساتھ مشکل ہوتے جا رہے ہیں۔ تہران کے مطابق عالمی جوہری ڈیل کی بحالی اس کے میزائل یا خلائی پروگرام کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں اور علاقائی پالیسیوں پر سجھوتہ نہیں کرے گا۔

[pullquote]افغان مہاجرین کی امریکہ میں آباد کاری کی کوششیں جاری[/pullquote]

افغان مہاجرین کا پہلا گروپ شمالی ورجینیا میں قائم کردہ ایک عارضی رہائشی مرکز منتقل کر دیا گیا ہے۔ افغانستان میں گزشتہ برس وسط اگست میں طالبان کے قبضے کے بعد اس وسطی ایشیائی ملک سے افغانوں کی ایک بڑی تعداد فرار ہو کر امریکا بھی پہنچی ہے، جنہیں وہاں آباد کرنے کی اسکیم چلائی جا رہی ہے۔ ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق جب تک ان تین سو افغانوں کے لیے رہائش کا مستقل انتظام نہیں ہو جاتا ہے، یہ مہاجرین لیسبرگ کے نیشنل کانفرنس سینٹر میں رہیں گے۔ سقوط ڈھاکہ کے بعد سے اب تک 76 ہزار سے زائد افغان باشندے امریکہ پہنچ چُکے ہیں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے